آبنائے ہرمز کشیدگی: یورپی یونین کا ایران سے متعلق نئی پابندیوں کا اعلان
برسلز: (دنیا نیوز) دنیا کے اہم تیل بردار بحری راستے آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں یورپی یونین نے ایران سے متعلق نئی پابندیوں کا اعلان کر دیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق یورپی یونین نے پاسدارانِ انقلاب کے ایک یونٹ اور دو ایرانی شخصیات پر پابندیاں عائد کی ہیں، یہ پابندیاں آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی بحری آمدورفت کو خطرے میں ڈالنے کے الزامات کے تحت لگائی گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نیوی کی ہرمزگان کمان کو بھی پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جبکہ ایران کے تیل اور گیس کے شعبے سے وابستہ بعض افراد کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی شخصیات محمد اکبرزادہ اور حمید حسینی بھی یورپی یونین کی نئی پابندیوں کی زد میں آ گئے ہیں۔
یورپی یونین کے مؤقف کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کو محدود کرنے کی کوشش کی، جس کے باعث عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے حوالے سے خدشات میں اضافہ ہوا۔
دوسری جانب ایران کی جانب سے ان الزامات اور پابندیوں پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔