شفیق آباد میں مخالفین کی فائرنگ سے نوجوان قتل، 3 ملزمان گرفتار
لاہور:(دنیا نیوز) لاہور کے علاقے شفیق آباد میں مخالفین کی فائرنگ سے شہری جاں بحق ہو گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق وقاص نامی شہری اپنی بیٹیوں کو گھر کے باہر جھولا جھولا رہا تھا کہ ملزم فرید عرف ماجھا مالی نے مبینہ طور پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، فائرنگ کے نتیجے میں وقاص شدید زخمی ہو گیا ۔
تفتیشی حکام کا کہنا تھا کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی، ملزمان کی فائرنگ سے وقاص کے کندھے پر گولی لگی، جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکا۔
حکام کا کہنا تھا کہ فوٹیج میں ملزمان کو فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، شفیق آباد پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے نامزد تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔
دوسری جانب پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر وجہ عناد سامنے نہیں آ سکی، واقعے کی مختلف پہلوؤں پر تفتیش کر رہے ہیں۔