یونیسف کا اسرائیل سے فلسطینی بچوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کا مطالبہ

نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کے بچوں کے ادارے یونیسف نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی بچوں کے تحفظ کے لئے اقدامات کرے۔

یونیسف کے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے علاقائی ڈائریکٹر ایڈ وارڈ بیگبیڈر نے مغربی کنارے کے شہر ہیبرون کے قریب پیش آنے والے حالیہ واقعے کا حوالہ دیا جہاں فائرنگ سے سات ماہ کا بچہ جاں بحق ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح غزہ پر ہفتے کے آخر میں ہونے والے اسرائیلی حملوں میں آٹھ بچے مارے گئے، ہمیں اسے معمول نہیں بننے دینا چاہئے، بچوں کا تشدد کے باعث اپنی جانیں گنوانا عالمی سطح پر ردعمل کا باعث بننا چاہئے اور ہر سطح پر اس کی مذمت ہونی چاہئے۔

مغربی کنارے میں بچوں اور خاندانوں کا قتل و زخمی ہونا، جبری بے دخلی، سکولوں، گھروں، پانی اور صحت کے بنیادی ڈھانچے پر حملے بچوں کے حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

اسرائیلی حکام شفاف، قابل اعتماد اور مؤثر تحقیقات یقینی بنائیں اور جہاں بھی بچوں کو قتل یا معذور کیا جائے وہاں مکمل جوابدہی طے کی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں