ایران کی عبوری معاہدے سے دستبرداری کی ذرا بھی پروا نہیں: ٹرمپ
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں ایران کے عبوری معاہدے سے دستبرداری کی ذرا بھی پروا نہیں۔
قطری نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی صدر نے امریکی کیبل نیوز نیٹ ورک نیوز نیشن کو ایک مختصر ٹیلی فونک انٹرویو دیا، جب ان سے تہران کے اس اعلان کے بارے میں پوچھا گیا کہ وہ گزشتہ ماہ امریکہ اور ایران کے درمیان دستخط ہونے والی مفاہمتی یادداشت کی پابندی نہیں کرے گا، تو ٹرمپ نے کہا کہ مجھے اس کی ذرا بھی پروا نہیں۔
انہوں نے ایک بار پھر دہرایا کہ جنگ کا بنیادی مقصد ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کرنے دینا ہے۔
اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے متن کے مطابق یہ یادداشت جون کے وسط میں واشنگٹن اور تہران کے درمیان اس جنگ کے خاتمے کے لیے دستخط کی گئی تھی، جسے امریکا اور اسرائیل نے فروری میں شروع کیا تھا۔
خیال رہے کہ حالیہ مہلک حملوں کا تبادلہ آبنائے ہرمز کے انتظام سے متعلق اختلافات کے باعث شروع ہوا۔
ادھر روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اردن میں 2 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد صدر ٹرمپ نے پینٹاگون کو پوری شدت سے ایران پر بمباری کا حکم دیا ہے۔
روسی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے اردن پر ایران کے میزائل حملوں سے 2 امریکی فوجیوں کی ہلاکت پر خاموشی توڑتے ہوئے واقعہ کو انتہائی افسوس ناک قرار دیا اور کہا کہ یہ صورتحال دیکھ کر مجھے بے حد دکھ ہے، میں ایران کو کبھی نیو کلیئر ہتھیار حاصل کرنے نہیں دوں گا، اگر ایران ڈیل پر عمل نہیں کر رہا تو امریکا کو بھی فکر نہیں۔
اس سے قبل امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے اردن میں فوجی اڈے پر ایرانی حملے کے دوران 2 امریکی فوجیوں کی ہلاکت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی قربانی امریکا کے عزم کو مزید مضبوط کرے گی۔
خیال رہے کہ ایران کی جانب سے اردن میں بیلسٹک میزائل حملوں میں امریکی فوج کے 2 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے جس کی تصدیق سینٹ کام نے بھی کی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments