بھارتی ریاست سکم میں سرنگ گرنے سے 9 مزدور ہلاک، 15 لاپتہ
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست سکم میں زیرِ تعمیر ہائیڈرو الیکٹرک منصوبے کی سرنگ گرنے کے نتیجے میں کم از کم 9 مزدور ہلاک ہو گئے، جبکہ 15 مزدور اب بھی سرنگ میں پھنسے ہوئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ حادثہ پیر کے روز دریائے تیستا پر قائم سرکاری پن بجلی منصوبے کی تعمیر کے دوران پیش آیا۔
سکم اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر راجیو روکا نے بتایا کہ سرنگ میں تقریباً 25 سے 27 افراد پھنس گئے تھے، جن میں سے 9 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جبکہ باقی مزدوروں کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
حکام کے مطابق ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ سرنگ کسی دھماکے کے باعث منہدم ہوئی، تاہم حادثے کی اصل وجہ کا تعین ابھی تک نہیں ہو سکا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زیرِ زمین چٹانوں سے خارج ہونے والی زہریلی میتھین گیس امدادی کارروائیوں میں بڑی رکاوٹ بن رہی ہے، جس کے باعث صرف آکسیجن آلات سے لیس امدادی ٹیموں کو سرنگ کے اندر جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ 2023 میں بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں سرنگ گرنے کے ایک اور بڑے حادثے میں 41 مزدور 17 روز تک پھنسے رہنے کے بعد بحفاظت نکال لیے گئے تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments