ترکیہ، مصر اور قطر کی غزہ پر حالیہ اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت
انقرہ: (دنیا نیوز) ترکیہ، مصر اور قطر نے غزہ میں حالیہ اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ بندی سے متعلق اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
خبر ایجنسی کے مطابق تینوں ممالک نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں اضافہ غزہ میں جنگ بندی اور سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچا رہا ہے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ عالمی برادری غزہ میں جنگ بندی پر عملدرآمد یقینی بنائے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بورڈ آف پیس کو کشیدگی روکنے اور جنگ بندی کے نفاذ کیلئے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔
بیان کے مطابق غزہ میں حالیہ اسرائیلی حملوں میں کم از کم 16 فلسطینی شہید ہوئے، جبکہ اسرائیلی کارروائیوں میں اضافہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب جنگ کے خاتمے کیلئے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔
ترکیہ، مصر اور قطر نے کہا کہ بڑھتے ہوئے حملے جامع جنگ بندی کیلئے ہونے والی سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
تینوں ممالک نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی کی پاسداری کرے اور ایسے اقدامات سے گریز کرے جن سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر کے نمائندے جیرڈ کشنر نے مصر میں حماس کے رہنماؤں اور غزہ کے ثالث ممالک کے نمائندوں سے ملاقاتیں کی ہیں، تاہم ان سفارتی کوششوں کے باوجود غزہ جنگ کے خاتمے کیلئے کوئی نمایاں پیشرفت نہ ہوسکی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments