شمالی قبرص کے قریب مسافر فیری الٹ گئی، 8 افراد ہلاک، 17 لاپتا
نکوسیا: (دنیا نیوز) شمالی قبرص کے ساحل کے قریب تقریباً 267 مسافروں اور عملے کو لے جانے والی نجی فیری الٹنے کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد ہلاک جبکہ 17 لاپتہ ہوگئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فیری شمالی قبرص کے شہر کرینیا سے ترکیہ کی بندرگاہ تاسوچو جا رہی تھی کہ روانگی کے کچھ ہی دیر بعد اس میں اچانک پانی داخل ہونا شروع ہوگیا، فیری میں 259 مسافر اور عملے کے 8 ارکان سوار تھے۔
حادثے کے بعد متعدد مسافر الٹی ہوئی فیری کے اوپر چڑھ کر مدد کا انتظار کرتے رہے، اس دوران ساحلی محافظوں، ہیلی کاپٹروں اور نجی کشتیوں نے بڑے پیمانے پر امدادی کارروائی شروع کی، اور درجنوں افراد کو سمندر سے بحفاظت نکال لیا گیا۔
رائٹرز کے مطابق زندہ بچ جانے والے بعض مسافروں نے بتایا کہ فیری غیر معمولی انداز میں حرکت کر رہی تھی اور پانی سے ٹکرانے کے بعد اس کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں پانی اندر داخل ہوا۔
حادثے کے بعد فیری سمندر میں تقریباً 514 میٹر کی گہرائی میں ڈوب گئی، جس کے باعث لاپتا افراد کی تلاش مزید مشکل ہوگئی، ترکیہ سے اضافی بحری اور فضائی امدادی وسائل بھی سرچ آپریشن میں شامل کیے گئے ہیں۔
شمالی قبرص کے حکام نے فیری کے کپتان اور عملے کے ارکان کو تحقیقات کیلئے حراست میں لیتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کی جائیں گی، شمالی قبرص میں حادثے کے بعد 3 روزہ سوگ کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments