ٹرمپ انتظایہ کی روس اور یوکرین جنگ کے خاتمے کیلئے کوششیں تیز
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ روس کو یوکرین جنگ کے خاتمے کے لئے مذاکرات کی میز پر واپس لانے کی کوشش کر رہی ہے جس کے تحت روسی ڈیزل کی برآمدات سے متعلق معاہدے کو ماسکو کا مؤقف نرم کرنے کے لئے استعمال کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر نے میامی میں یوکرینی حکام سے ملاقات کے دوران بتایا کہ روسی ڈیزل کی امریکا اور عالمی منڈیوں کو 22 لاکھ 50 ہزار بیرل سے زائد فراہمی کا معاہدہ سہ فریقی مذاکرات کی بحالی میں مدد دے سکتا ہے۔
امریکی حکام نے یوکرین پر روسی آئل ریفائنریوں پر حملے روکنے کے لئے بھی زور دیا تاہم یوکرینی وفد نے اس حوالے سے کوئی باضابطہ اتفاق نہیں کیا اور واضح کیا کہ وہ روس کی جانب سے بھی جنگ بندی پر آمادگی کی صورت میں توانائی تنصیبات پر حملے روکنے کے لیے تیار ہیں۔
دوسری جانب کریملن کے قریب ایک ذریعے کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن ڈونباس کے باقی ماندہ 11 فیصد علاقے پر کنٹرول حاصل کئے بغیر امن معاہدے پر آمادہ نہیں ہوں گے، جبکہ یوکرین مزید علاقہ روس کے حوالے کرنے سے انکار کر چکا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments