روسی افواج نے ایک ہفتے میں دوعلاقوں کو آزاد کرا لیا: روسی وزارت دفاع

ماسکو: (شاہد گھمن) روسی وزارت دفاع کے مطابق روسی افواج نے یوکرین میں جاری خصوصی فوجی آپریشن کے دوران 21 سے 27 نومبر تک خارکیف اور زاپوریزیا ریجنز میں دو بستیوں کو آزاد کرایا۔

روسی وزارت دفاع نے اپنی ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا کہ روسی افواج کے شمالی گروپ نے کامیاب کارروائیوں کے نتیجے میں خارکیف ریجن کی بستی سوسنووی بور پر کنٹرول حاصل کرلیا جبکہ مشرقی گروپ نے یوکرینی دفاعی لائنوں کے اندر پیش قدمی جاری رکھتے ہوئے زاپوریزیا ریجن کی بستی باروینووکا کو آزاد کرایا۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق 21 سے 27 نومبر 2026 کے دوران روسی مسلح افواج نے انتہائی درست نشانہ لگانے والے ہتھیاروں اور ڈرونز کی مدد سے دو بڑے اور 12 مشترکہ حملے کیے۔

ان حملوں میں یوکرین کی فوجی صنعتی تنصیبات، کروز میزائل، میزائل ایندھن، طویل اور درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے ڈرونز تیار کرنے والے کارخانوں، رسد کے مراکز، گوداموں، فوجی ہوائی اڈوں اور گولہ بارود کے ذخائر کو نشانہ بنایا گیا۔

یوکرینی فوج کے زیر استعمال توانائی اور ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے، روبوٹک نظام تیار کرنے والی ورکشاپس، ڈرونز کے ذخائر اور یوکرینی فوجی دستوں اور غیر ملکی کرائے کے جنگجوؤں کی عارضی تعیناتی کے مقامات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

روسی افواج نے یوکرینی فوج کے لیے فوجی سازوسامان کی وصولی، ذخیرہ کرنے اور تقسیم کے لیے استعمال ہونے والی بندرگاہوں کے بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچایا۔

وزارت دفاع کے مطابق ایک ہفتے کے دوران یوکرینی فوج کے لیے اسلحہ، فوجی سازوسامان اور دوہرے استعمال کی مصنوعات لے جانے والے 14 مال بردار بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا۔

روسی وزارت دفاع کی رپورٹ کے مطابق مختلف محاذوں پر ایک ہفتے کے دوران 7 ہزار 700 سے زائد یوکرینی فوجیوں کا جانی نقصان ہوا جبکہ بڑی تعداد میں ٹینک، بکتر بند جنگی گاڑیاں، توپیں، فوجی گاڑیاں اور الیکٹرانک جنگی نظام بھی تباہ کیے گئے۔

روسی فضائی دفاعی نظام نے ایک ہفتے کے دوران یوکرین کے 5 ہزار 422 ڈرونز، تین نیپچون طویل فاصلے تک مار کرنے والے کروز میزائل، 17 گائیڈڈ فضائی بم اور امریکی ساختہ ہیمارس راکٹ کو مار گرایا۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق خصوصی فوجی آپریشن کے آغاز سے اب تک یوکرین کے 674 جنگی طیارے، 284 ہیلی کاپٹر، 2 لاکھ 99 ہزار 450 ڈرونز، 672 فضائی دفاعی میزائل نظام، 31 ہزار 795 ٹینک اور دیگر بکتر بند جنگی گاڑیاں تباہ کی جاچکی ہیں۔

اس کے علاوہ ایک ہزار 797 ملٹی پل راکٹ لانچرز، 36 ہزار 992 توپیں اور مارٹر جبکہ 78 ہزار 132 خصوصی فوجی موٹر گاڑیاں بھی تباہ کی گئی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...