بھارتی راجیہ سبھا سے بھی متنازع وقف ترمیمی بل منظور
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی پارلیمان کے ایوان زیریں لوک سبھا سے منظور ہونے کے بعد حکومت کا متنازع وقف ترمیمی بل اب راجیہ سبھا سے بھی منظور کرلیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق بل کی حمایت میں 128 اور مخالفت میں 95 ووٹ پڑے ۔بھارتی صدر کے دستخط کے بعد متنازع وقف ترمیمی بل قانون بن جائے گا۔ دوسری جانب صرف کانگریس ہی نہیں بلکہ سخت گیر ہندو تنظیم شیوسینا بھی بل کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے ،دونوں ایوانوں میں اپوزیشن نے بل کی شدید مخالفت کی اور اسے مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک قرار دیدیا ۔ واضح رہے وقف ترمیمی بل کو بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی جائیدادوں پر حکومتی کنٹرول بڑھانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے جس پر مختلف مسلمان تنظیموں اور انسانی حقوق کے اداروں نے بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور دیگر تنظیموں نے بل کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنیکا اعلان کیا ہے ۔