قیمہ والا سموسہ
اجزاء: گائے کے گوشت کا قیمہ آدھا کلو،پیاز کٹی ہوئی دو عدد، لہسن 10پھانکیں، ہری مرچیں 4 عدد، ادرک آدھی انچ، الائچی 4عدد، کالی مرچ، زیرہ ، ہلدی پائوڈر اور دھنیا پائوڈر 1/2، 1/2چمچ، نمک حسب ذائقہ، میدہ تین کپ، گھی دو چمچ، لال مرچ ایک چمچ اور کوکنگ آئل۔
ترکیب: سب سے پہلے قیمے کو دھو کر ایک کپ گرم پانی میں ملائیں اور درمیانی آنچ پر پانچ منٹ پکائیں اب کھانے کے دو چمچ کوکنگ آئل گرم کریں اس میں کٹی ہوئی پیاز اور ہری مرچ ڈالیں۔ یہاں تک کہ پیاز برائون ہو جائے پھر اس میں گوشت ڈالیں اور 2سے 3منٹ تک پکائیں۔ زیرہ، ادرک، لہسن اور چھوٹی الائچی کو پیس کر مرکب بنا لیں۔ اس مرکب کو اور لال مرچ، ہلدی اور دھنیا پریشر ککر میں ڈالیں پھر اس میں ایک کپ پانی ملائیں۔ حسب ذائقہ نمک بھی ڈالیں ان مصالحوں کو ہلکی آنچ پر 10منٹ تک پکائیں۔ اب ان مصالحوں میں گوشت بھی شامل کرلیں اور اچھی طرح سے مکس کریں۔ پھر دوبارہ 5سے 10منٹ کیلئے پکائیں۔ لیجئے جناب سموسوں میں بھرنے کیلئے مزیدار مصالحہ تیار ہے۔
اب میدہ میں گھی کو ملائیں اور حسب ذائقہ نمک بھی شامل کر لیں، میدے کو نرم و ملائم بنانے کیلئے اگر ضرورت پڑے تو تھوڑا سا پانی بھی شامل کر لیں۔ اب اس کے چھوٹے چھوٹے پیڑے بنائیں۔ پھر ایک دائرے میں پیڑا بیلنا شروع کر دیں۔ ہر پیڑے کو دو حصوں میں تقسیم کریں ایک حصہ اٹھا کر کون کی طرح کی شکل میں بنائیں اور کناروں پر پانی لگا لیں اب قیمہ یا مرغی کے گوشت کا مرکب ایک چوتھائی حصہ بھر دیں۔ اس کے کناروں کو ہلکا سا گیلا کرکے انگلی سے دبا کر بند کر دیں۔ گرم تیل میں ڈال کر تل لیں یہاں تک کہ گہرے برائون ہو جائیں۔ اب انہیں پودینے کی چٹنی یا کیچپ کے ساتھ سرو کیجئے۔