رہنمائے گھر داری: گھر میں پنیر بنانے کا طریقہ

گھروں میں اکثر اوقات دودھ کافی مقدار میںبچ جاتا ہے۔ غیر سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کئی ممالک میں روزانہ 5، 5 لاکھ ٹن دودھ ضائع ہو جاتا ہے، پاکستان میں بھی دودھ کی اچھی خاصی مقدار پھٹ کر ضائع ہو جاتی ہے۔ کیوں نہ ہم آج آپ کو ایسی ترکیب بتائیں جس سے دودھ ضائع ہونے سے بچ جائے اور صحت بھی بہتر رہے۔
اجزاء : فل کریم دودھ،( کچا ہو تو بہتر ہے)،ہر آدھے لٹر دودھ کے لئے 1تا 2کھانے کے چمچ لیمن جوس۔
ترکیب : دودھ کو کسی برتن میں ابال آنے تک گرم کیجئے۔اس دوران مسلسل ہلاتے رہیں۔ابال آنے کے بعد آنچ ہلکی کر دیں ۔اب ہر آدھا لٹر دودھ کے تناسب سے 1کھانے کا چمچ لیمن جوس ملایئے۔اب ہلکے ہلکے ہلاتے جائیں حتیٰ کہ کچھ دیر پکنے کے بعد دودھ پھٹ جائے گا۔ دوبارہ ابال آنے کے بعد چولہا بند کر کے چند منٹ کے لئے ٹھنڈا ہونے دیجئے، پھر ململ کے کپڑے میں چھان لیں، سارا پانی نکل جائے گا، ربڑی جیسا پنیر بچ جائے گا اسے پانی کے نیچے کر کے نتھار لیںتا کہ پنیر کھٹا نا بنے۔ پھر ربڑی کو اسی ململ کے کپڑے میں پوٹلی کی طرح باندھ کر چار پانچ گھنٹے لٹکا دیںتاکہ پانی بالکل نکل جائے، لیجئے اب تازہ پنیر (چیز) تیار ہے۔اب پنیر کو کسی کم گہرے برتن یا پلیٹ میں ڈھانپ کرفریج میں ٹھنڈا کرنے کیلئے رکھ دیجئے۔یہ پنیر سلاد اور سالن میں بھی استعمال کیاجا سکتا ہے ، چینی ملا کر کھائیں ، رس گلوں جیسا مزہ دے گا۔