دورہ زمبابوے،شاہینوں کانیا امتحان

تحریر : محمد ارشد لئیق


دورہ آسٹریلیا مکمل کرنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم اپنے غیرملکی دورے کے دوسرے حصے کیلئے زمبابوے پہنچ چکی ہے، جہاں دو روز پریکٹس کرنے کے بعد وہ پہلے ایک روزہ میچ کیلئے آج میدان مین اترے گی۔

  پاکستان اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا یہ پہلا میچ ہو گا جو کوئنز سپورٹس کلب بلاوایو میں کھیلا جائے گا۔ گرین شرٹس میزبان ٹیم کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔میزبان سکواڈ کی قیادت کریگ ارون جبکہ مہمان پاکستانی ٹیم کی سربراہی محمد رضوان کریں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے کرکٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا ون ڈے 26 نومبر اور تیسرا  میچ 28 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ تینوں ون ڈے ایک ہی مقام کو ئنز سپورٹس کلب بلاوایو میں کھیلے جائیں گے۔دونوں ٹیموں کے درمیان 3ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز بھی یکم، تین اور پانچ دسمبر کو اسی مقام کو ئنز سپورٹس کلب بلاوایو میں کھیلی جائے گی۔قومی ٹیم نے جمعہ اور ہفتہ سے اپنی ٹریننگ کا آغاز کیا۔

پاکستان ٹیم کے ون ڈے سکواڈ میںمحمد رضوان(کپتان، وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، ابرار احمد، فیصل اکرم، صائم ایوب، شاہنواز دہانی، احمد دانیال، کامران غلام، محمد حسنین، عامر جمال، حسیب اللہ خان (وکٹ کیپر)، عرفان خان، حارث رئوف، عبداللہ شفیق اور طیب طاہر شامل ہیں۔ زمبابوے سے سیریز میں بابر اعظم، شاہین شاہ  آفریدی اور نسیم شاہ شرکت نہیں کر رہے ہیں، تینوں کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے۔ 

گرین شرٹس کے ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں سلمان علی آغا (کپتان)،عباس آفریدی، قاسم اکرم، احمد دانیال، صاحبزادہ فرحان، محمد حسنین، حسیب اللہ خان(وکٹ کیپر)،عرفان خان، جہانداد خان، عثمان خان، عرفات منہاس، سفیان مقیم، حارث رئوف، عمیر یوسف اور طیب طاہر شامل ہیں۔

زمبابوے کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان کیخلاف 15،15 رکنی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سکواڈز کا اعلان کر رکھاہے۔میزبان ون ڈے سکواڈ کی قیادت ارون کریگ اور ٹی ٹوئنٹی کی قیادت پاکستانی نژاد سکندر رضا کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)نے عاقب جاوید کو وائٹ بال فارمیٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کاعبوری ہیڈ کوچ مقرر کردیا اور وہ زمبابوے پہنچ گئے ہیں۔ عاقب جاوید قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے سینئر رکن کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں تاہم اب وہ چیمپئنز ٹرافی کے اختتام تک وائٹ بال ہیڈ کوچ کی اضافی ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے۔ گزشتہ ماہ سابق جنوبی افریقی بیٹر گیری کرسٹن نے وائٹ بال ہیڈ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد پاکستان کے حالیہ دورہ آسٹریلیا کے دوران ریڈ بال کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے عارضی طور پر وائٹ بال کوچ کی ذمہ داری بھی انجام دی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے مستقل وائٹ بال ہیڈ کوچ کی تلاش کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔ 

پی سی بی نے شاہد اسلم کو پاکستان کرکٹ ٹیم کانیا بیٹنگ کوچ مقرر کردیا ہے وہ بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے زمبابوے اور جنوبی افریقہ میں ذمہ داری نبھائیں گے۔ شاہد اسلم ماضی میں کئی سال تک ٹیم کے سپورٹ سٹاف میں شامل تھے وہ بیٹرز کو پریکٹس کرانے میں شہرت رکھتے ہیں۔ 

پاکستان نے بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز 1952ء میں کیا جبکہ زمبابوے 40 سال بعد 1992ء میں انٹرنیشنل کرکٹ کی دنیا میں وارد ہوا۔ اب تک دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کے تمام فارمیٹ میں مقابلے جاری ہیں اور پاکستان کو ہر فارمیٹ میں زمبابوے پر ہمیشہ واضح برتری حاصل رہی ہے۔ 

ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں دونوں کے درمیان 62 میچز کھیلے جاچکے ہیں۔ ان میں سے 54 میں پاکستان کامیاب رہا جبکہ زمبابوے کو صرف 5 میچز میں کامیابی مل سکی۔ ایک میچ ٹائی ہوا جبکہ دو بے نتیجہ ختم ہوئے۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف 18 میچز کھیلے۔ پاکستان 16 میں فاتح رہا جبکہ زمبابوے صرف 2 میچز ہی جیت سکا۔ دونوں ممالک کے درمیان 19 ٹیسٹ کھیلے جاچکے ہیں جن میں پاکستان نے 12 میچز میں فتح حاصل کی جبکہ زمبابوے صرف 3 میچز ہی جیت سکا جبکہ 4 ٹیسٹ میچز ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوئے۔

زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی کامیابی کا تناسب 80 فیصد، ون ڈے انٹرنیشنلز میں 91.66 فیصد اور ٹی 20 انٹرنیشنلز میں 88.88 فیصد ہے جبکہ پاکستان کے خلاف زمبابوے کی کامیابی کا تناسب ٹیسٹ کرکٹ میں 20 فیصد، ون ڈے انٹر نیشنلز میں 8.33 فیصد اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 11.11 فیصد ہے۔ یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ کرکٹ کیس تمام فارمیٹ میں پاکستان زمبابوے پر کس قدر حاوی رہا ہے۔

اب تک دونوں ممالک کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں 11 کھلاڑی زمبابوے اور 15 کھلاڑی پاکستان کی قیادت کر چکے ہیں۔ تاہم موجودہ سیریز میں دونوں ٹیموں کے کپتان نئے ہیں۔ کریگ اروائن پاکستان کے خلاف زمبابوے کی ون ڈے انٹرنیشنل ٹیم کے 12ویں کپتان ہوں گے جبکہ محمد رضوان زمبابوے کے خلاف پاکستان کی ون ڈے انٹرنیشنل ٹیم کی قیادت کرنے والے 16ویں کھلاڑی ہوں گے۔

زمبابوے کی طرف سے پاکستان کے خلاف ون ڈے میچوں میں 6 انفرادی سنچریاں بنائی گئیں۔ سین ولیمز، ایلٹن چگمبرا، برینڈن ٹیلر، گرانٹ فلاور، نیل جانسن اور سکندر رضا نے ایک ایک سنچری اسکور کی۔ پاکستان کی جانب سے 15 کھلاڑیوں نے 26 سنچریاں بنائیں۔ محمد یوسف اور امام الحق نے 3، 3 جبکہ اعجاز احمد، سعید انور، سلیم الہٰی، عمران نذیر، محمد حفیظ، فخر زمان اور بابر اعظم نے دو، دو سنچریاں اسکور کیں۔

سب سے چھوٹی فتح

دونوں ممالک کی ایک دوسرے کے خلاف ون ڈے فارمیٹ میں سب سے کم رنز سے فتح صرف 5 رنز کی ہے۔ یہ فتح زمبابوے نے ہرارے میں 3 اکتوبر 2015ء کو اور پاکستان نے بلاوایو میں 8 ستمبر 2011ء کو حاصل کی۔ وکٹوں کے اعتبار سے سب سے چھوٹی فتح زمبابوے نے 6 وکٹوں سے شیخوپورہ میں 22 نومبر کو حاصل کی جبکہ پاکستان کی سب سے چھوٹی کامیابی 3 وکٹوں کی ہے جو اس نے دو مرتبہ حاصل کی۔ پہلی بار 30 اکتوبر 1996ء کو کوئٹہ میں جبکہ دوسری بار 3 اکتوبر 2004ء کو پشاور میں حاصل کی۔

سب سے زیادہ اور کم اسکور

ایک روزہ میچ میں پاکستان کیخلاف زمبابوے کا سب سے زیادہ اسکور 5 وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز ہے جو اس نے 26 مئی 2015ء کو لاہور میں کیا تھا ۔پاکستان نے زمبابوے کیخلاف اننگز میں سب سے زیادہ اسکور 20 جولائی 2018ء کو بلاوایو میں کیا ،اس نے 50 اوورز میں 399 رنز بنائے۔زمبابوے کیخلاف پاکستان کی جانب سے سب سے کم اسکور 43.3 اوورز میں 148 رنز ہے جبکہ  زمبابوے کا پاکستان کے خلاف اننگز میں سب سے کم اسکور صرف 67 رنز ہے جو اس نے 25.1 اوورز میں بنایا۔

سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز

زمبابوے کی جانب سے ون ڈے میچ میں پاکستان کے خلاف سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز اینڈی فلاور ہیں۔ انہوں نے 30 میچز کھیل کر 34.84 کی اوسط سے 906 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی طرف سے یہ ریکارڈ محمد یوسف نے قائم کیا جنہوں نے زمبابوے کے خلاف 24 میچز میں 73.78 کی اوسط سے 1033 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے زمبابوے کے خلاف سب سے لمبی 210 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلنے کا اعزاز فخر زمان کو حاصل ہے۔

سب سے زیادہ وکٹیں

پاکستان کیخلاف زمبابوے کی طرف سے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ باؤلر ہیتھ اسٹریک نے قائم کیا۔ انہوں نے 20 میچز میں 20.65 کی اوسط سے 35 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کی جانب سے ریکارڈ لیگ اسپنر شاہد آفریدی کے نام ہے جنہوں نے 31 میچز کھیل کر 33.29 کی اوسط سے 34 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کی طرف سے اننگز میں سب سے اچھی باؤلنگ کرنے کا اعزازلیگ اسپنر یاسر شاہ کو حاصل ہے جنہوں 26 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔

بحیثیت کپتان سب سے زیادہ میچ

زمبابوے کی جانب سے پاکستان کے خلاف سب سے زیادہ ون ڈے میچز میں کپتانی کرنے والے کھلاڑی ایلسٹیر کیمبل ہیں۔ وہ 16 میچز میں کپتان رہے۔ ان کی قیادت میں زمبابوے پاکستان کو صرف ایک میچ میں شکست دے سکا جبکہ 15 میچز میں ناکام رہا۔ کیمپبل کی کامیابی کا تناسب صرف 6.25 فیصد رہا۔ دوسری جانب زمبابوے کے خلاف سب سے زیادہ ون ڈے انٹرنیشنلز میں پاکستان کی قیادت کرنے والے کھلاڑی وسیم اکرم ہیں۔ وہ 11 میچز میں کپتان رہے اور تمام میچز میں فاتح رہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

اچھے بچے نہیں لڑتے

راجو اور شانی ہمیشہ کسی نہ کسی بات پر جھگڑا کرتے نظر آتے تھے۔ ان دونوں کے گھر والے ان سے بہت تنگ تھے۔ دونوں ہمیشہ چھوٹی چھوٹی باتوں پر ایک دوسرے سے لڑتے اور بدلا لیتے نظر آتے تھے۔

چاند پری

چاند پری ایک خوبصورت اور پراسرار مخلوق تھی جو چاند پر رہتی تھی۔ اس کی سفید ریشمی بال، چمکدار آنکھیں اور روشنیوں سے سجا ہوا لباس اسے واقعی جادوئی دنیا کی شہزادی بناتا تھا۔

بچوں کا انسائیکلوپیڈیا

مکڑیاں جالے کیسے بنتی ہیں؟ مکڑی کے جالے میں کچھ تار چپکنے والے اور کچھ نہ چپکنے والے ہوتے ہیں۔ مکڑی سب سے پہلے جالے کا ڈھانچہ نہ چپکنے والے تاروں سے تیار کر تی ہے جو ’’پاگاہ‘‘ (Foothold)کا کام کرتے ہیں۔اس کے بعد وہ باقی جال کو ایسے تاروں سے مکمل کرتی ہے جو انتہائی چپکنے والے ہوتے ہیں۔

حرف حرف موتی

٭… گناہ، کسی نہ کسی صورت میں دل کو بے چین رکھتا ہے۔ ٭… کامیابی کا بڑا راز خود اعتمادی ہے۔

ذرامسکرایئے

سخت سردی کا موسم تھا، ایک بیوقوف مسلسل پانی بھرے جارہا تھا۔ ایک صاحب نے پوچھا ’’ تم صبح سے اتنا پانی کیوں بھر رہے ہو، آخر اتنے پانی کا کیا کرو گے؟‘‘ بیوقوف بولا: ’’ پانی بہت ٹھنڈا ہے، گرمیوں میں کام آئے گا‘‘۔٭٭٭

پہیلیاں

مٹی سے نکلی اک گوری سر پر لیے پتوں کی بوری جواب :مولی