میک اپ کرنا ، ایک آرٹ
فائونڈیشن کے بعد چہرے کی شیڈنگ کی باری آتی ہے،بلش آن کا انتخاب فائونڈیشن کی مناسبت سے کریں
میک اَپ کرنا بھی ایک فن ہے اس فن کو سیکھنے کیلئے چہرے کی شیڈنگ کی بنیادی تکنیک سے آگاہی بے حد ضروری ہے۔فائونڈیشن کے بعد چہرے کی شیڈنگ کی باری آتی ہے۔ شیڈنگ کی مدد سے آپ اپنے چہرے کے خدوخال کو تبدیل کر سکتی ہیں یعنی اگر آپ کی ناک زیادہ چوڑی ہے تو اس کے دونوں طرف شیڈنگ کرکے آپ اسے لمبی اور خوبصورت بنا سکتی ہیں۔ اگر آپ کی ٹھوڑی بھاری ہے تو آپ گردن اور جبڑے کے نچلے حصوں پر شیڈنگ کرکے اس کے بھاری پن کو دور کر سکتی ہیں۔یہاں پر یہ بتا دینا ضروری ہے کہ شیڈنگ کا استعمال صرف رات کو میک اَپ کرتے وقت کیا کریں۔
شیڈنگ کیلئے کاسمیٹکس بنانے والی کمپنیاں مختلف مصنوعات مختلف ناموں سے تیار کر رہی ہیں مگر آپ اس مقصد کیلئے بلش آن استعمال کر سکتی ہیں۔ بلش آن کو بلش اپ بھی کہتے ہیں مگر یہاں یہ یاد رکھیں کہ آپ کے بلش آن کا شیڈ فائونڈیشن اور بلش آن کے درمیان کوئی خط امتیاز نہ ہو۔ یعنی دونوں کاسمیٹکس کے درمیان فرق محسوس نہ ہو، شیڈنگ عام طور پر چہرے کے مندرجہ ذیل حصوں میں کی جاتی ہے۔
جبڑا: جبڑے کا بھاری پن چہرے کی دلکشی پر بہت بری طرح اثر انداز ہوتا ہے،اس لیے جبڑے کی شیڈنگ کرتے وقت ہڈی سے آغاز کریں اور دو تین انچ نیچے تک لائیں۔ شیڈنگ کرنے کے بعد انگلی پر تھوڑی سی فائونڈیشن لگائیں اور شیڈنگ کے سروں پر ملیں تاکہ کوئی واضح لکیر دکھائی نہ دے۔
ناک: چپٹی اور موٹی ناک چہرے پر بہت بُری لگتی ہے۔ ناک کے نقوش پلاسٹک سرجری سے بھی بدلے جاتے ہیں مگر آپ شیڈنگ کرکے پلاسٹک سرجری کی زحمت اٹھانے سے بچ سکتی ہیں۔ چپٹی ناک کے درمیان کی ہڈی کے دونوں طرف شیڈنگ کریں تو ناک کی ہڈی ابھری ہوئی معلوم ہو گی جس سے ناک کھڑی لگے گی۔ ناک کی شیڈنگ کرکے روئی کے ایک ٹکڑے کو ذرا گیلا کریں اور شیڈنگ کے سروں کو آہستہ آہستہ صاف کریں تاکہ مصنوعیت کا احساس باقی نہ رہے۔
اگر آپ کی ناک کی موٹی ہے تو آپ شیڈنگ نتھنوں کے اوپر کریں۔ اس سے ناک کا بھاری پن ختم ہو جائے گا۔ اگر آپ کی ناک لمبی اور نوکیلی ہے تو آپ ناک کی ہڈی کے اوپر اور دونوں اطراف میں شیڈنگ کریں۔
ٹھوڑی: اگر آپ کی ٹھوڑی بہت نمایاں ہے تو پوری ؟ٹھوڑی پر شیڈنگ کریں اور برش ٹھوڑی کے نیچے تک لے جائیں۔ شیڈنگ سے دوہری ٹھوڑی بھی کم کی جا سکتی ہے مگر دوہری ٹھوڑی کی شیڈنگ ٹھوڑی کے نیچے سے شروع کرتے ہوئے گردن کی طرف لے جائیں۔
ماتھا اور کنپٹیاں: کچھ لوگوں کا ماتھا بہت اونچا ہوتا ہے اور کنپٹیوں کی ہڈی بھی قدرے ابھری ہوئی ہوتی ہے۔ شیڈنگ سے یہ دونوں خامیاں دور کی جا سکتی ہیں۔ ماتھے کی شیڈنگ اس طرح کریں کہ وہ بالوں کے خط میں اچھی طرح مدغم ہو جائے تاکہ مصنوعی میک اپ کا احساس نہ ہو۔
منہ: مسکرانے سے منہ او رناک کے درمیانی حصے میں لکیریں پیدا ہو جاتی ہیں۔ اگر آپ کے چہرے کے اس حصے پر گوشت زیادہ ہے تو اس کی بھی شیڈنگ کریں مگر شیڈنگ کے سرے کو فائونڈیشن کے ساتھ ملانا نہ بھولیں۔