مسائل اور ان کا حل

روزے کی حالت میں غسل کا طریقہ سوال : روزے کی حالت میں غسل کرنے کا کیا طریقہ ہے ؟(مبین، کراچی)
جواب : روزے کی حالت میں غسل کرتے ہوئے کلی کرتے اور ناک میں پانی ڈالتے ہوئے اس بات کا خیال رکھنا لازم ہے کہ پانی حلق سے نیچے اترے نہ دماغ میں پہنچے (الھندیہ،ج1، ص 199) ۔
افطارکے وقت اذان کا انتظار کرنا
سوال :اگر افطار کا ٹائم پورا ہو جائے اور اذان نہیں ہوئی تو روزہ افطار کرلیں یا اذان کا انتظار کرنا چاہئے ؟(زاہد، لاہور)
جواب : اذان افطار کا وقت ہونے کی ایک علامت ہے۔ اصل یہ ہے کہ غروب آفتاب کے بعد روزہ افطار کیا جا سکتا ہے۔ روزہ افطار کرنے میں جلدی کرنی چاہئے لہٰذا وقت ہو جانے پر روزہ افطار کیا جاسکتا ہے، چاہے اذان نہ ہوئی ہو ۔
خیراتی ،فلاحی اداروں
اور ہسپتالوں کو زکوٰۃ دینا
سوال :خیراتی و فلاحی اداروںاور وہ ہسپتال جو غریبوں کا مفت علاج کرتے ہیں انہیں زکوٰۃ دے سکتے ہیں ؟
جواب :جس ادارہ کے بارے میں آپ کو یقین ہو کہ وہ زکوٰۃ کی رقم حقیقی مصرف پر شرعی طریقے کے مطابق خرچ کرتے ہیں انہیں زکوٰۃ دے سکتے ہیں۔ جس ادارہ پر آپ کویقین نہ ہو انہیں زکوٰۃ دینے سے احتراز کریں۔
بیماری کی وجہ سے چھوٹے ہوئے روزے کی قضا ہے کفارہ نہیں
سوال : بیماری کی وجہ سے آج کل میرے پیٹ میں شدید درد چل رہا ہے اگر میں روزہ چھوڑدوں تو مجھے اس کی قضا کرنی ہوگی یا کفارہ دینا ہوگا۔ اگر کفارہ دینا ہے تو کتنا اور کسے دینا ہوگا؟ اس بارے میں وضاحت فرمادیں۔ (عبید نور کراچی )
جواب :قضا کرنی ہوگی اس صورت میں کفارہ نہیں ہے ۔
دانت نکلوانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا
سوال :کیا دانت نکلوانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟ (محمد اسرار، راولپنڈی)
جواب :دانت نکلوانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا البتہ روزہ میں دانت نکلوانے کے دوران خون نکلنے کی صورت میں اس بات کا خیال کرنا ضروری ہے کہ خون حلق سے نیچے نہ اترے، اگر خون کی مقدار تھوک سے زیادہ ہو اور حلق میں خون کا ذائقہ محسوس ہو تو روزہ فاسد ہو جائے گا۔ (الھندیہ، ج1)
انسولین کے ٹیکے سے روزہ نہیں ٹوٹتا
سوال :میں شوگر کا مریض ہوں مجھے انسولین کا ٹیکہ لگانا پڑتا ہے؟ کیا انسولین کے ٹیکے سے روزہ ٹوٹتاہے ؟(فاطمہ، واہ کینٹ)
جواب :انجکشن کسی بھی قسم کا ہو اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا ۔
تجارتی ہیروں پر زکوٰۃ واجب
سوال :میں ہیروں کا کاروبار کرتا ہوں مجھے کسی نے بتایا کہ ہیرے پر زکوٰۃ نہیں ہوتی کیا یہ درست ہے ؟(وارث ، کراچی)
جواب :اگر ہیرا استعمال کرنے یا ویسے ہی رکھا ہو تو اس پر زکوٰۃ نہیں لیکن اگر ہیرا آگے بیچنے کیلئے لیا ہو تو ایسی صورت میں اس پر زکوٰۃ واجب ہے۔ آپ کا چونکہ کاروبار ہی ہیروں کاہے لہٰذا آپ کے یہ ہیرے مال تجارت ہیں اور مال تجارت پر زکوٰۃ واجب ہے۔
شوہر بیوی کو زکوٰۃ نہیں دے سکتا
سوال :کیا شوہر اپنی بیوی کو یا بیوی شوہر کو زکوٰۃ دے سکتی ہے ؟(افشاں ، لاہور)
جواب : دونوں ایک دوسرے کو زکوٰۃ نہیں دے سکتے ۔
کرایہ کے مکان پر زکوٰۃ نہیں
سوال :میرے 3 مکانات ہیں جو میں نے کرائے پر دے رکھے ہیں، کیا ان مکانات پر زکوٰۃ دینی ہوگی ؟
جواب :جو مکانات کرایہ پر دے رکھے ہیں ان پر زکوٰۃ نہیں بلکہ ان کی آمدنی پر زکوٰۃ ہے لہٰذا کرایہ کی اس رقم پر زکوٰۃ ادا کرنا لازم ہے جو سال پورا ہونے کے آخری دن موجود ہو۔
نیند میں غسل فرض ہونے
سے روزہ نہیں ٹوٹتا
سوال : روزے کے دوران اگر نیندکی حالت میں خود ہی غسل فرض ہو جائے تو کیا روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟
جواب : نہیں ۔(الھندیہ،ج1)