خلاصہ قرآن(پارہ 15)

تحریر : علامہ ابتسام الہٰی ظہیر


سفر اسراء:پندرھویں پارے کا آغاز سورۂ بنی اسرائیل سے ہوتا ہے۔ سورہ بنی اسرائیل کے شروع میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں ’’پاک ہے وہ ذات جو اپنے بندے کو رات کے وقت مسجد حرام سے مسجد اقصیٰ تک لے گئی‘ جس کے گرد ہم نے برکتیں رکھی ہیں تاکہ ہم انہیں اپنی نشانیاں دکھائیں‘ بے شک وہ خوب سننے والا اور دیکھنے والا ہے۔

رسول کریمﷺ جبرائیل امین علیہ السلام کی معیت میں بیت المقدس کی عمارت میں داخل ہوئے‘ جہاں آدم علیہ السلام سے لے کر عیسیٰ علیہ السلام تک تمام انبیاء کرام صف باندھے ہوئے موجود تھے۔ رسول اللہﷺ نے مصلیٰ امامت پر کھڑے ہو کر نماز کی امامت فرمائی اور تمام انبیاء کرام علیہم السلام نے آپﷺ کی امامت میں نماز ادا کی اور یوں کائنات کے لوگوں کو یہ بات سمجھائی گئی کہ رسول اللہﷺ صرف آنے والوں کے امام نہیں بلکہ جانے والوں کے بھی امام ہیں۔

سفر معراج سے واپسی

جب رسول اللہﷺ سفر معراج سے واپس آئے تو ابوجہل نے جناب ابوبکر صدیق ؓ سے پوچھا کہ کیا کوئی انسان ایک رات میں بیت المقدس کا سفر کر کے واپس آ سکتا ہے؟ تو جناب ابوبکر صدیق ؓ نے کہا: ایسا ممکن نہیں۔ ابوجہل نے کہا: جس کو آپ نبی مانتے ہیں‘ انہوں نے اس سے بھی بڑی بات کی ہے کہ وہ بیت المقدس اور اس کے بعد آسمانوں کی سیر کر کے واپس آئے ہیں۔ حضرت ابوبکر صدیق ؓ نے کہا کہ اگر رسول اللہ ﷺ نے ایسا کہا ہے تو پھر یقینا درست کہا ہے‘ اس لیے کہ رسول اللہﷺ کی کوئی بات کسی بھی حالت میں غلط نہیں ہو سکتی۔

مومنوں کیلئے بشارت

اس پارے میں اللہ تعالیٰ نے یہ بھی بتلایا کہ یہ قرآنِ مجید نیک اعمال کرنے والے مومنوں کیلئے بشارت ہے اور جو لوگ آخرت پر ایمان نہیں رکھتے‘ ان کیلئے دردناک عذاب ہے۔

والدین کے حقوق

 اس پارے میں اللہ تعالیٰ نے یہ بھی بیان فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے فیصلہ کر لیا ہے کہ عبادت صرف اللہ تعالیٰ کی ہونی چاہیے اور والدین کے ساتھ حسن سلوک کرنا چاہیے‘ اگر وہ دونوں یا ان میں سے کوئی ایک بڑھاپے کی عمر کو پہنچ جائے تو اس کو اُف بھی نہیں کہنا چاہیے اور نہ ان کو جھڑکنا چاہیے اور ان کو اچھی بات کہنی چاہیے اور ان کے سامنے محبت کے ساتھ اپنے کاندھوں کو جھکانا چاہیے اور یہ دعا مانگنی چاہیے کہ پروردگار! ان پر رحم کر‘ جس طرح وہ بچپن میں مجھ پر رحم کرتے رہے۔ 

فضول خرچی کی ممانعت

اللہ تبارک وتعالیٰ نے اس سورت میں یہ بھی ارشاد فرمایا کہ قرابت داروں‘ مساکین اور مسافروں کے حق کو ادا کرنا چاہیے اور فضول خرچی نہیں کرنی چاہیے، بے شک فضول خرچ شیطان کے بھائی ہیں اور شیطان اپنے پروردگار کا ناشکرا ہے۔

کافروں کی مذمت

اس سورۂ مبارکہ میں اللہ تعالیٰ نے ان کافروں کا بھی ذکر کیا کہ جو خود تو بیٹیوں کو زندہ درگور کر دیتے اور ان کی پیدائش کو اپنے لیے باعثِ عار سمجھتے ہیں مگر دوسری جانب یہ کہتے ہیں کہ اللہ نے فرشتوں کو اپنی بیٹیاں بنایا ہوا ہے یعنی ایک تو وہ اللہ کی اولاد بناتے اور اس کے بعدا ولاد بھی وہ بناتے‘ جس کو خود قبول کرنے پر تیار نہیں ہوتے۔ اللہ تعالیٰ نے ان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کیا تمہارے رب نے تمہارے لیے بیٹے خاص کر دیے ہیں اور فرشتوں کو اپنی بیٹیاں بنا لیا ہے؟ حقیقت یہ ہے کہ تم ایک بہت بڑی بات کہہ رہے ہو۔

پیروکارکی نسبت

 اس سورت میں اللہ تعالیٰ نے یہ بھی بتلایا کہ قیامت کے دن اللہ تعالیٰ ہر شخص کو اس کے امام کے نام سے بلائیں گے‘ یعنی جس کی پیروی انسان کرتا ہے‘ اسی کی نسبت سے انسان کو بلایا جائے گا۔

تلاوت ِقرآن

 اس سورۂ مبارکہ میں فجر کے وقت قرآنِ مجید کی تلاوت کا ذکر کیا گیا ہے کہ اس وقت قرآنِ مجید کی تلاوت کرنا باعث برکت ہے اور اس وقت فرشتے قرآن سننے کو حاضر ہوتے ہیں۔

نماز تہجد

اس پارے میں اللہ تعالیٰ نے نبی کریمﷺ کو تہجد کی نماز ادا کرنے کا حکم دیا کہ یہ نماز نبی کریمﷺ پر امت کے مقابلے میں لازم تھی اور اس کا سبب یہ بتلایا کہ اللہ تعالیٰ نبی کریمﷺ کو قیامت کے روز مقامِ محمود عطا فرمائیں گے۔

اللہ کے نام

 اس سورت کے آخر میں جا کر اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کو چاہے اللہ کہہ کر پکارو چاہے رحمن کہہ کے پکارو‘ اللہ تعالیٰ کے سب اچھے اچھے نام ہیں‘ اس کو جس نام سے چاہو پکارا جا سکتا ہے۔

سورۃ الکہف

 سورۂ بنی اسرائیل کے بعد سورہ کہف ہے۔ سورۂ کہف میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ قرآنِ مجید بشارت دیتا ہے نیک عمل کرنے والے مسلمانوں کو کہ ان کیلئے بڑے اجر کو تیار کر دیا گیا ہے اور ڈراتا ہے ان لوگوںکوکہ جنہوں نے کہا کہ اللہ نے بیٹا بنایا ہوا ہے‘ اس میں عیسائیوں اور یہودیوں کو ڈرایا گیا ہے جو کہ عیسیٰ علیہ السلام اور عزیر علیہ السلام کو اللہ کا بیٹا کہتے ہیں۔ اللہ تبارک و تعالیٰ فرماتے ہیں نہ تو ان کے پاس علم ہے اور نہ ان کے آبائواجداد کے پاس علم تھا اور یہ بات گھڑی ہوئی ہے پس یہ جھوٹ بول رہے ہیں۔

مومن نوجوان

سورہ کہف میں اللہ تعالیٰ نے بعض مومن نوجوانوں کا ذکر کیا ہے جو اپنے وقت کے بے دین بادشاہ کے شر اور فتنے سے بچنے کیلئے ایک غار میں پناہ گزین ہو گئے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنی قدرتِ کاملہ کے اظہار کیلئے انہیں تین سو نو برس کیلئے سلا دیا اور اس کے بعد جب وہ بیدار ہوئے تو آپس میں بات چیت کرنے لگے کہ ہم کتنا سوئے ہوں گے‘ ان کا خیال یہ تھا کہ ایک دن یا اس کا کچھ حصہ سوئے ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآنِ مجید میں ایسے واقعات بیان کر کے درحقیقت توجہ آخرت کی طرف مبذول کرائی ہے کہ جو اللہ تین سو نو برس تک لوگوں کو سلا کر بیدار کر سکتا ہے کیا وہ قبروں سے مردہ وجودوں کو برآمد نہیں کر سکتا۔

موسیٰ  ؑ کا واقعہ

اس پارے میں اللہ تعالیٰ نے جناب موسیٰ علیہ السلام کے واقعے کا بھی ذکر کیا۔ ہوا کچھ یوں کہ جناب موسیٰ علیہ السلام ایک مرتبہ بنی اسرائیل کے اجتماع میں موجود تھے کہ آپ علیہ السلام سے سوال کیا گیا کہ اس وقت روئے زمین پر سب سے بڑا عالم کون ہے تو جناب موسیٰ علیہ السلام نے جواب دیا کہ اس وقت سب سے بڑا عالم میں ہوں۔ اللہ تعالیٰ نے موسیٰ علیہ السلام کو بہت بڑا مقام عطا کیا تھا‘ لیکن یہ جواب اللہ تعالیٰ کی منشا کے مطابق نہ تھا۔ اللہ تعالیٰ نے جناب موسیٰ  ؑ کو کہا کہ دو دریائوں کے سنگم پر چلے جائیں وہاں پر آپ کی ملاقات ایک ایسے بندے سے ہو گی جس کو میں نے اپنی طرف سے علم اور رحمت عطا کر رکھی ہے۔ جناب موسیٰ علیہ السلام دو دریائوں کے سنگم پر پہنچتے ہیں تو آپ کی ملاقات جناب خضر علیہ السلام سے ہوتی ہے۔ جناب موسیٰ علیہ السلام نے جناب خضر ؑ سے پوچھا کہ اگر میں آپ کے ہمراہ رہوں تو کیا آپ رشد وہدایت کی وہ باتیں‘ جو آپ کے علم میں ہیں‘ مجھے بھی سکھلائیں گے؟ جناب خضر علیہ السلام نے جواب میں کہا کہ آپ میرے ساتھ صبر نہیں کر سکتے اور آپ ان باتوں کی بابت کیونکر صبر کریں گے جن کو آپ جانتے ہی نہیں۔

موسیٰ علیہ السلام نے جناب خضر علیہ السلام کو صبر کی یقین دہانی کرائی تو دونوں اکٹھے چل پڑے۔ کچھ چلنے کے بعد آپ ایک کشتی میں سوار ہو گئے۔ جنہوں نے ان دونوں سے کرایہ بھی وصول نہیں کیا مگر جب اترنے لگے تو خضر علیہ السلام نے کشتی میں سوراخ کر دیا۔ جناب موسیٰ علیہ السلام کو یہ بات پسند نہ آئی کہ جس کشتی میں سفر کیا‘ اس میں سوراخ کر دیا۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے پوچھا کہ آپ نے یہ کیا کام کر دیا؟ جناب خضر علیہ السلام نے کہا کہ کیا میں نے آپ کو نہیں کہا تھا کہ آپ میرے ساتھ صبر نہیں کر سکتے‘ جناب موسیٰ علیہ السلام نے کہا کہ آپ میرے بھول جانے پر مواخذہ نہ کریں اور نہ ہی میرے سوالات پر تنگی محسوس کریں۔ جناب خضر علیہ السلام اور موسیٰ علیہ السلام پھر چل دیے‘ کچھ آگے جا کر ایک لڑکا نظر آیا تو جناب خضر نے بچے کو قتل کر ڈالا‘ جناب موسیٰ علیہ السلام سے نہ رہا گیا، انہوں نے پھر جناب خضر علیہ السلام کے عمل پر اعتراض کیا۔ اس کے بعد کیا ہوا یہ جاننے کیلئے اسی مضمون پر سولہویں پارے میں کچھ بحث کریں گے۔

دعا ہے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ ہمیں قرآنِ پاک پڑھنے‘ سمجھنے اور اس میں مذکور مضامین سے نصیحت حاصل کرنے کی توفیق بخشے، آمین!

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

خلاصہ قرآن(پارہ 19)

کفار کے مطالبات:انیسویں پارے کے شروع میں ایک بار پھر کفارِ مکہ کے ناروا مطالبات کا ذکر ہے کہ منکرینِ آخرت یہ مطالبہ کرتے تھے کہ ہمارے پاس فرشتہ اتر کر آئے یا ہم اللہ تعالیٰ کو کھلے عام دیکھیں۔

خلاصہ قرآن(پارہ 19)

کفار کا پچھتاوہ:انیسویں پارے کا آغاز سورۃ الفرقان سے ہوتا ہے۔ انیسویں پارے کے آغاز میں اللہ تبارک و تعالیٰ فرماتے ہیں کہ جن لوگوں کو میری ملاقات کا یقین نہیں وہ بڑے تکبر سے کہتے ہیں کہ ہمارے اوپر فرشتے کا نزول ہونا چاہیے یا ہم پروردگار کو اپنی آنکھوں سے دیکھنا چاہتے ہیں۔

تاج کا فیصلہ آج

آئی سی سی مینزٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026:نیوزی لینڈ اور دفاعی چیمپئن بھارت احمد آبادمیں مدمقابل ہوں گے:نیوزی لینڈ کی طاقت فیلڈنگ اور نپی تلی بولنگ ہوگی میزبان ٹیم کو ہوم کرائوڈ اور مڈل آرڈربیٹنگ کافائدہ ہوگا

خلاصہ قرآن(پارہ 18)

سورۃ المؤمنون: سورہ مؤمنون کی ابتدائی گیارہ آیات تعلیماتِ اسلامی کی جامع ہیں‘ ان میں فلاح یافتہ اہلِ ایمان کی یہ صفات بیان کی گئی ہیں۔ نمازوں میں خشوع وخضوع‘ ہر قسم کی بیہودہ باتوں سے لاتعلقی‘ زکوٰۃ کی ادائیگی‘ اپنی پاکدامنی کی حفاظت‘ امانت اور عہد کی پاسداری اور نمازوں کی پابندی۔ آخر میں فرمایا کہ ان صفات کے حامل اہلِ ایمان ہمیشہ جنت میں رہیں گے۔

خلاصہ قرآن(پارہ 18)

سورۃ المؤمنون:اٹھارہویں پارے کا آغاز سورہ مومنون سے ہوتا ہے‘ جس میں اللہ تعالیٰ نے مومنوں کے اس گروہ کا ذکر کیا ہے جو جنت کے سب سے بلند مقام یعنی فردوس کا وارث بننے والا ہے۔

غزوہ بدر:حق و باطل کا پہلا فیصلہ کن معرکہ

17رمضان المبارک کو ملنے والی فتح اسلام کی عالمگیر ترویج کا پیش خیمہ ثابت ہوئی:اسے قرآن کی اصطلاح میں ’’یوم الفرقان ‘‘ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے