مسائل اور ان کا حل
نماز میں ایک سجدہ رہ جانے کا مسئلہ سوال:اگر کسی سے نمازمیں ایک سجدہ رہ جائے اور آخری قعدہ میں یاد آئے توکس طرح نمازمکمل کرے؟ (واجد علی، ملتان)
جواب:رہ جانے والاسجدہ نماز میں جب بھی یاد آئے تو یاد آنے پر فوراً سجدہ کرلے اور آخر میں سجدہ سہوہ کرکے نماز کو مکمل کرے۔(وفی الدر المختار و حاشیۃ ابن عابدین (رد المحتار،1/ 462)
نکاح سے پہلے طلاق دینا
سوال:زیداورعمردونوں چچازادبھائی ہیں۔ زید کے والدنے عمرکی بہن زیدکیلئے مانگی اورعمرکے والد نے زیدکی بہن عمرکیلئے مانگی ۔جب زیدکوپتہ چلاکہ یہ رشتہ بدلے میں ہے تواس نے قسم اٹھاکرکہا کہ اگریہ رشتہ بدلے میں ہے تومیری طرف سے ابھی سے طلاق ہے۔ چنانچہ اس کے بعددونوں خاندانوں نے تبادلے کارشتہ ختم کردیااورزیدکی شادی عمرکی بہن سے ہوگئی ۔ اب6 ماہ بعدپھرعمرکے والدین نے زیدکی بہن کے رشتہ کا کہا تو زیداوراس کے والدین رشتہ دینے پر رضامندہوگئے ۔ دریافت طلب امریہ ہے کہ زیدکی بہن سے عمرکانکاح کرنے سے زید کی بیوی مطلقہ ہو جائے گی اور زید حانث ہو جائے گا یا نہیں؟ (بمعرفت محمداکبر ، اتحادٹاؤن کراچی) ۔
جواب :صورت مسئولہ میں عمرکازیدکی بہن سے نکاح کرنے کی صورت میں زیدکی بیوی پرشرعاًطلاق واقع نہیں ہوگی کیونکہ طلاق واقع ہونے کیلئے ملک نکاح یا نکاح کی طرف اضافت شرط ہے جو مذکورہ صورت میں نہیں پائی گئی لہٰذا مذکورہ صورت میں زید پر کوئی طلاق واقع نہیں ہو گی۔ (وفی رسائل ابن عابدین،298)،(وفی الھندیۃ،420/1)
کرایہ پر چلتی گاڑی کی زکوٰۃ
سوال:ایک شخص کے پاس ایک یا چند ٹیکسیاں ہیں جو کرایہ پر چل رہی ہیں تو سالانہ زکوٰۃ ادا کرنے کی کیا صورت ہوگی؟(تلاوت حسین، لاہور)
جواب:صرف آمدنی پر زکوٰۃ واجب ہے جوسال کے اختتام پر باقی بچی ہے۔ دوران سال جو آمدنی خرچ ہوگئی اس پر زکوٰۃ واجب نہیں اور اس ٹیکسی پر زکوٰۃ بھی واجب نہیں ۔(فتاویٰ دار العلوم کراچی، جلد 1، ص 406۔
دادا کے مکان میں طلاق شدہ
بیٹی کی اولاد کا حصہ
سوال: میرے داداکاایک مکان ہے، دادا جان کے انتقال کے بعدمیرے والد اورتایا جان اور دو پھوپھیاں اس کی وارث تھیں۔ یہ تمام افرادبھی اب انتقال کرچکے ہیں۔ یہ مکان اب ان 4افراد کی اولادمیں تقسیم ہو گا۔ ایک پھوپھی مرحومہ کوجوانی میں طلاق ہوگئی تھی، ان کاایک بیٹا ہے۔ میراسوال یہ ہے کہ کیااس بیٹے کااس مکان میں حصہ بنتا ہے؟ شریعت کے مطابق رہنمائی فرمائیں۔ (تنویر احمد، لاہور)
جواب:مذکورہ مکان اور آپ کے داداکی دیگر تمام منقولہ و غیر منقولہ جائیداد آپ کے داداکاترکہ ہے، جو ان کے تمام شرعی ورثاء میں شرعی قانون کے مطابق کے مطابق تقسیم کرنا لازم ہے اوراس میں دیگر ورثاء کی طرح آپ کی پھوپھی بھی شرعاً حقدار ہیں۔ طلاق ہونے سے یہ اپنے والدکے ترکہ سے محروم نہیں ہوں گی۔ پھوپھی کے جس بیٹے کاآپ نے ذکرکیاہے اگریہ ان کا سگا بیٹا ہے تو اب مرحومہ کے حصہ کا حقداریہ بیٹا ہو گا۔
نوکری پر لگائے گئے بیٹے کی تنخواہ
اور فنڈ ز کس کی ملکیت ہیں ؟
سوال :میرے والد کسی جگہ پرنوکری کرتے تھے ریٹائر ہوتے ہوئے انہوں نے مجھے اپنی جگہ پر لگوا دیا، اس وقت میرے 2چھوٹے بھائی تھے جو کہ کام کے لائق نہیں تھے ،میں تنخواہ لے کر انہیں بھیج دیا کرتا تھا اب ہم علیحدہ ہوچکے ہیں ۔ دریافت طلب امریہ ہے کہ اب مجھے ریٹائرڈ ہونے کے بعدجوفنڈملے گاکیااس فنڈمیں میرے چھوٹے بھائیوں اور میرے والد کاحصہ ہو گا یا نہیں؟
جواب:صورت مسئولہ میں اس نوکری سے حاصل شدہ تنخواہ اوراس سے ریٹائرمنٹ پرملنے والا فنڈ شرعاًتنہاآپ کی ملکیت ہے۔ والدکی طرف سے آپ کواس نوکری پرلگانے کی وجہ سے اس نوکری کی تنخواہ یافنڈزمیں ان کا یا کسی اورکا کوئی حق نہیں ہے۔
بات کو درست ثابت کرنے کیلئے
مشروط طلاق کے الفاظ کی ادائیگی
سوال:کوئی بندہ ایک بات کے متعلق حلف اٹھاتا ہے کہ میرے ساتھ یہ معاملہ اس طرح ہوا ہے اور اس پرحلف اٹھاتاہے۔ اسے جب طلاق کا کہا جاتا ہے کہ تم کہو کہ ’’ اگرایسانہ ہوا ہو تو میری بیوی کو طلاق ہے‘‘ تووہ کہتاہے میں طلاق تونہیں کرتالیکن حلفاً کہتا ہوں کہ یہ کام اسی طرح ہوا ہے اور حقیقتاً معاملہ اس کے برعکس ہے، شرعاًایسے آدمی کے بارے میںکیاحکم ہے؟ (عبداللہ، پتو کی)
جواب :صورت مسئولہ میں مذکورہ شخص نے طلاق کے الفاظ نہیں کہے توطلاق نہیں ہوئی لیکن جھوٹی قسم کھانے کی وجہ سے یہ شخص سخت گناہ گار ہوا ہے۔ جس کا کفارہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ سے صدق دل کے ساتھ توبہ و استغفار کرے اور آئندہ اس طرح حلف سے اجتناب برتے۔ نیز مشروط طلاق کے الفاظ ادا نہ کرنے کی وجہ سے اسے یقینی طور پر جھوٹا سمجھنا بھی شرعاً درست نہیں سچ اور جھوٹ کیلئے شرعی معیار اور طریقہ کار الگ ہے۔ جو واقعہ کی مکمل اور تفصیلی صورتحال معلوم ہونے کے بعد ہی بتائی جاسکتی ہے ۔ (فی الھدایۃ، 2؍458)