پاکستان کرکٹ:کامیابیوں کاسفر
نومبر کا مہینہ پاکستان کرکٹ کیلئے غیر معمولی اور یادگار رہا
پاکستان کرکٹ ٹیم تینوں فارمیٹ میں دنیا کی خطرناک ٹیم قرار دی جاتی ہے تاہم قومی ٹیم کی کارکردگی ہمیشہ عدم استحکام اور اتار چڑھائو کا شکار رہتی ہے۔ کبھی تو کسی کمزور ٹیم سے شکست کھا کر قوم کے ارمانوں پر پانی پھیر دیتی ہے تو کبھی بڑے سے بڑے حریف کو شکست سے دوچار کر کے شائقین کرکٹ کے دل جیت لیتی ہے۔
2024-25ء کے دوران شاہینوں کی کارکردگی میں زیادہ اتار چڑھائو دیکھنے کو ملا لیکن اب گرین شرٹس دوبارہ کامیابیوں کے سفر پر گامزن ہو چکی ہے اور شائقین کرکٹ توقع کر رہے ہیں کہ قومی ٹیم دورہ سری لنکا اور پھر ٹی 20رلڈکپ میں بھی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
نومبر کا مہینہ پاکستان کرکٹ کیلئے غیر معمولی اور یادگار رہا۔ پاکستان کی کرکٹ ٹیموں نے نومبر کے مہینے میں فتوحات سے اپنا مکمل غلبہ ثابت کیا۔نومبر میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 سیریز اپنے نام کی جبکہ فیصل آباد میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ون ڈے سیریز میں بھی شکست دی۔نومبر میں ہی پاکستان نے ہانگ کانگ سکسز کا ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ راولپنڈی میں کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز میں سری لنکا کو شکست دی۔اس کے علاوہ دوحہ میں پاکستان شاہینز نے ایشیا کپ رائزنگ سٹارز کا ٹائٹل جیتا اور پھرپاکستان ٹیم نے راولپنڈی میں ٹی 20 ٹرائی سیریز کا چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
جنوری 2026ء میں قومی ٹیم سری لنکا کا دورہ کرے گی اور پھر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اپنے میچز بھی سری لنکن سرزمین پر ہی کھیلے گی۔گرین شرٹس کی حالیہ کامیابیوں کے باعث پی سی بی نے سلمان علی آغا کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ تک کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی سی بی حکام کو ٹیم کی فائٹنگ سپرٹ نے سب سے زیادہ متاثر کیا، انہیں لگتا ہے کہ پلیئرز یکجا ہو کر کھیلتے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ ماضی میں ایسا نہیں تھا۔دوسری جانب دورہ سری لنکا کیلئے سکواڈ میں شاداب خان کی واپسی متوقع ہے، وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بھرپور پریکٹس کر رہے ہیں، بگ بیش لیگ میں ان کی میچ فٹنس جانچی جائے گی۔ٹی 20 ورلڈکپ 2026ء فروری، مارچ میں کھیلا جائے گا جس کی میزبانی بھارت اور سری لنکا کریں گے۔پاکستان کی قیادت ان دنوں سلمان علی آغا نے سنبھالی ہوئی ہے، بعض حلقوں کا خیال تھا کہ شاداب خان کی بطور کپتان واپسی ہو سکتی ہے، شاہین شاہ آفریدی کو بھی ذمہ داری سونپنے کی باتیں ہو رہی تھیں،تاہم پی سی بی ذرائع کے مطابق سلمان علی آغا کے ہی میگا ایونٹ میں کپتان برقرار رہنے کا امکان ہے۔ سلمان نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے ٹیم کو وننگ ٹریک پر گامزن کر دیا ہے، ان کے دور میں فائٹنگ سپرٹ لوٹ آئی، پلیئرز یکجا ہو کر ٹیم کی فتح کیلئے جان لڑاتے نظر آتے ہیں، اس لیے کسی تبدیلی کی کوئی ضرورت نہیں لگتی۔
یاد رہے کہ 2025 ء کی ٹی20 کرکٹ میں پاکستان سب سے زیادہ 21 فتوحات حاصل کرنے والی ٹیم ہے۔ سلمان نے اپنے کیریئر کے 40 میں سے 38 ٹی20 انٹرنیشنل میچز بطور کپتان کھیلے ہیں۔ انہوں نے بطور قائد 24.85 کی اوسط سے 671 رنز بنائے اور 23 فتوحات کے ساتھ ملک کے تیسرے کامیاب ترین کپتان بن چکے ہیں۔ بابر اعظم 48 اور سرفراز احمد 29 میچز میں کامیاب رہے تھے۔ سلمان کی زیر قیادت حال ہی میں پاکستان نے سہ ملکی سیریز جیتی، اس سے قبل ایشیا کپ کے فائنل میں بھی رسائی حاصل کی تھی۔سلمان علی آغا کی کپتانی تو بہتر ہے لیکن بطور بیٹر ان کی کارکردگی پرسوال اٹھتے نظر آتے ہیں۔ البتہ انہوں نے حالیہ سہ ملکی سیریز میں سری لنکا کے خلاف 63 رنز ناٹ آئوٹ کی اننگز کھیلی تھی۔
دوسری جانب شاداب خان کی بطور عام کھلاڑی سری لنکا کیخلاف سیریز میں واپسی متوقع ہے، وہ آخری بار جون میں بنگلہ دیش کیخلاف ہوم سیریز کے دوران ایکشن میں دکھائی دئیے تھے۔شاداب نے کچھ عرصے قبل لندن میں کندھے کی سرجری کروائی تھی، فٹ ہونے کے بعد وہ ان دنوں نیشنل اکیڈمی میں بھرپور مشقیں کر رہے ہیں، البتہ میچ پریکٹس کی کمی ہے۔ سلیکٹرز و ٹیم مینجمنٹ شاداب کی فٹنس سے مطمئن ہے، بگ بیش لیگ کے دوران ان کی کارکردگی کا مزید جائزہ لیا جائے گا، آسٹریلوی ایونٹ 14 دسمبر کو شروع ہو رہا ہے، منتخب پاکستانی کرکٹرز کی آئندہ ہفتے روانگی ہو گی۔
پاکستانی اوپننگ بیٹر صائم ایوب نے سری لنکا اور زمبابوے کے خلاف ہوم ٹرائی سیریز میں شاندار کارکردگی کے بعد آئی سی سی ٹی 20 انٹرنیشنل آل رائونڈر رینکنگ میں ایک بار پھر نمبر ون پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ صائم نے سیریز میں پانچ اننگز میں مجموعی طور پر 118 رنز بنائے جبکہ ان کا سٹرائیک ریٹ 114.56 رہا، انہوں نے 4 میچز میں 3 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ ان بہترین کارکردگی کی بنیاد پر صائم ایوب نے زمبابوے کے کپتان سکندر رضا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 295 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کی، دوسری جانب سکندر رضا 289 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلے گئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈنے پاکستان کے دورہ سری لنکا کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستان ٹیم 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کیلئے سری لنکا کا دورہ کرے گی۔ سیریز کے تینوں میچز دمبولا سٹیڈیم میں 7، 9 اور 11 جنوری کو کھیلے جائیں گے، یہ دورہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء کی تیاری کیلئے اہم ہے۔ٹی20 ورلڈ کپ 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا، پاکستانی ٹیم میگا ایونٹ میں اپنے تمام میچز کولمبو میں کھیلے گی۔
جنوری 2026ء میں قومی ٹیم سری لنکا کا دورہ کرے گی اور پھر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اپنے میچز بھی سری لنکن مین کھیلے گی، سلمان علی آغا کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ تک کپتان برقرار رکھا جائیگا۔