صدیق اکبر ؓکی لازوال تصدیق
’’نبی ﷺ نے فرمایا ہے تو اس کے حق ہونے میں کوئی شک نہیں‘‘
جب حضورﷺ نے قریش مکہ کے سامنے واقعہ معراج بیان فرمایا تو انہوں نے (معاذ اللہ) تمسخر کیا اور ابو جہل نے قریش مکہ کو جمع کر کے مذاق اڑایا۔ ہر طرف آدمی دوڑائے اور زیادہ سے زیادہ آدمی جمع کر کے تکذیب و تمسخر کیلئے واقعہ معراج سنایا۔ حضرت ابو بکر صدیق ؓ کو بلانے کیلئے آدمی بھیجے اور ان سے کہا کہ تمہارے رسول (ﷺ) فرماتے ہیں کہ میں راتوں رات مکہ سے بیت المقدس اور وہاں سے آسمانوں پر پہنچا اور تمام آسمانوں کی سیر کر کے واپس آ گیا، کیا ان کی ایسی بات کی بھی آپؓ تصدیق کریں گے۔ صدیق اکبر ؓ نے کہا میں تو اس سے بھی زیادہ بعید چیزوں میں ان کی تصدیق کرتا ہوں۔ اگرآپﷺ نے فرمایا ہے تو اس کے حق ہونے میں کوئی شک نہیں۔ حضرت ابوبکر صدیقؓنے حضور سید عالم ﷺسے عرض کیا کہ میں نے بیت المقدس دیکھا ہوا ہے آپ ﷺ میرے سامنے اس کی صفت بیان فرمائیں۔ بیت المقدس منکشف ہو گیا اور حضور ﷺ نے مسجد اقصیٰ کے در و دیوار، اس کی ہیئت اور کیفیت وغیرہ امور بیان فرمائے۔ (مواہب اللدنیہ جلد ثانی)
کفارِ قریش جو تکذیب و تمسخر کے در پے تھے، کہنے لگے کہ ہم نے آسمان تو دیکھے نہیں لیکن مسجد اقصیٰ دیکھی ہے، آپﷺ ہمارے سامنے اس کی پوری ہیئت، نوعیت و کیفت بیان فرمائیں۔ حضور اکرمﷺ بیان فرمانے لگے تو اللہ تبارک و تعالیٰ نے مسجد اقصیٰ کو حضور اکرم ﷺکے سامنے رکھ دیا۔ حضورﷺ اسے دیکھتے جاتے اور بیان فرماتے جاتے۔ علاوہ ازیں صدیق اکبرؓ کے سامنے سب کچھ بیان فرما چکے تھے۔
جب حضور اکرم ﷺمسجد اقصیٰ کے متعلق ہر سوال کا جواب دے چکے تو کفارِ قریش حیران ہوئے کیونکہ وہ جانتے تھے کہ حضورﷺ نے کبھی مسجد اقصیٰ نہیں دیکھی۔ مجبوراً انہیں کہنا پڑا کہ مسجد اقصیٰ کے متعلق جو کچھ حضورﷺنے فرمایا سب درست ہے لیکن اس خیال سے کہ شاید کسی سے سن کر بیان کر دیا ہو کفارِ قریش کہنے لگے کہ مسجد اقصیٰ کا نقشہ تو آپﷺ نے ٹھیک ٹھیک بیان فرما دیا لیکن یہ بتائیے کہ مسجد اقصیٰ جاتے یا آتے ہوئے ہمارا قافلہ بھی آپﷺ کو ملا یا نہیں؟
حضورﷺ نے فرمایا’’ ہاں (ایک شخص کا نام لے کر ارشاد فرمایا کہ) بنی فلاں کے قافلہ پر مقام روحاء پر میں گزرا۔ ان کا ایک اونٹ گم ہو گیا تھا وہ اسے تلاش کر رہے تھے اور ان کے پالان میں پانی کا بھرا ہوا ایک پیالہ رکھا تھا۔ مجھے پیاس لگی تو میں نے پیالہ اٹھا کر ان کا پانی پی لیا۔ پھر اس کی جگہ اس کو ویسے ہی رکھ دیا جیسے وہ پہلے رکھا ہوا تھا۔ جب وہ لوگ آئیں تو ان سے دریافت کرنا کہ جب وہ اپنا گمشدہ اونٹ تلاش کر کے اپنے پالان کی طرف آئے تھے تو کیا انہوں نے اس پیالے میں پانی ڈالا تھا یا نہیں؟‘‘
انہوں نے کہا، ہاں ٹھیک ہے یہ ایک بہت بڑی نشانی ہے۔ پھر نبی کریم ﷺنے ایک شخص کا نام لے کر فرمایا کہ’’ میں بنی فلاں کے قافلہ پر بھی گزرا اور فلاں اور فلاں (جن کا نام حضورﷺ نے ذکر فرمایا لیکن راوی کو یاد نہیں رہا) دو آدمی مقام ذی طویٰ میں ایک اونٹ پر سوار تھے، ان کا اونٹ میری وجہ سے بدک کر بھاگااور وہ دونوں سوار گر پڑے، ان میں فلاں شخص کا ہاتھ ٹوٹ گیا۔ جب وہ آئیں تو دونوں سے یہ بات دریافت کر لینا۔ انہوں نے کہا، اچھا یہ دوسری نشانی ہوئی۔
پھر انہوں نے حضورﷺسے ایک قافلہ کی بابت معلوم کیا۔ حضور اکرمﷺ نے فرمایا ’’ میں اس قافلہ پر مقام تنعیم میں گزرا ہوں‘‘۔ انہوں نے کہا اس کی گنتی بتایئے اور وہ قافلہ کیا چیز لاد کر لا رہا ہے۔ اس کی ہیئت کیا ہے اور اس میں کون کون لوگ ہیں؟ نبی کریم ﷺنے فرمایا ’’ہا ں اس کی ہیئت ایسی اور ایسی ہے اور اس قافلے کے آگے بھورے رنگ کا اونٹ ہے۔ اس پر دھاری دار دو بوریاں لدی ہوئی ہیں اور سورج نکلتے ہی مکہ میں پہنچ جائے گا‘‘۔ انہوں نے کہا، یہ تیسری نشانی ہوئی۔
پھر وہ پہاڑ کی گھاٹی کی طرف دوڑے، وہ کدیٰ پہاڑی پر آ بیٹھے اور انتظار کرنے لگے کہ سورج کب نکلے تاکہ ہم حضورﷺکی تکذیب کریں (معاذ اللہ)، ناگہاں ان میں سے ایک آدمی بولا خدا کی قسم! یہ سورج نکل آیا۔ دوسری طرف انہی کے ایک آدمی نے اسی وقت کہا۔ خدا کی قسم! یہ قافلہ بھی آگیا۔ اس کے آگے بھورے رنگ کا اونٹ ہے، اس قافلہ میں فلاں فلاں آدمی ہیں بالکل اسی طرح جیسا کہ حضور اکرمﷺ نے بیان فرمایا تھا لیکن اس کے باوجود وہ ایمان نہ لائے اور یہ کہا کہ (معاذ اللہ) یہ کھلا جادو ہے۔