خلاصہ قرآن(پارہ 05): محرماتِ قطعیہ
پانچویں پارے کے شروع میں محرماتِ قطعیہ کے تسلسل میں بتایا گیا ہے کہ جب تک کوئی عورت کسی دوسرے شخص کے نکاح میں ہے‘ اس سے نکاح حرام ہے،
یہاں تک کہ اگر شوہر نے طلاق دے دی ہو تو عدت کے اندر نکاح اور واضح الفاظ میں نکاح کا پیغام دینا بھی حرام ہے۔ البتہ عدت کے بعد عورت دوسرے شخص کے ساتھ نکاح کر سکتی ہے۔
حرام مال
آیت 29 میں بتایاگیا ہے کہ باطل طریقوں سے ایک دوسرے کا مال کھانا حرام ہے اور باہمی رضامندی سے تجارت جائز ہے اور اس سے حاصل ہونے والا نفع بھی جائز ہے۔ اسی طرح ہبہ اور وراثت کے ذریعے جو مال ملے وہ بھی جائز ہے مگر جوا‘ سٹہ‘ غصب‘ چوری‘ ڈاکا‘ خیانت‘ رشوت‘ جھوٹی قسم کھا کر اور جھوٹی گواہی کے ذریعے دوسروں کا مال حاصل کرنا حرام ہے۔ جو شخص ظلماً دوسروں کا مال کھائے گا وہ جہنم کا ایندھن بنے گا۔
مرد،منتظم و کفیل
اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ’’مرد عورتوں کے منتظم اور کفیل ہیں‘ کیونکہ اللہ نے ان میں سے ہر ایک کو دوسرے پر فضیلت دی ہے اور اس لیے (بھی) کہ مردوں نے ان پر اپنے مال خرچ کیے ہیں (یعنی شوہر مہر بھی ادا کرتا ہے اور بیوی بچوں کی کفالت بھی اس کے ذمے ہے)‘‘۔
شرک کی ممانعت
آیت 37 میں اللہ تعالیٰ نے توحید کا حکم فرمایا اور شرک کی ممانعت فرمائی ہے۔
حقوق العباد
اس کے بعد حقوق العباد کا بیان ہوا اور فرمایا کہ ماں باپ‘ قرابت داروں‘ یتیموں‘ مسکینوں‘ پڑوسیوں‘ مسافروں اور اپنے ماتحتوں کے ساتھ اچھا برتاؤ کرو‘ پھر پڑوسیوں کی درجہ بندی کی۔
ریاکاری کی ممانعت
آیت 37 تا 40 میں بُخل اور ریا کاری کی ممانعت کا حکم ہے اور فرمایا کہ جس کو اللہ اور قیامت کے دن پر ایمان نہ ہو وہی رِیاکاری کر سکتا ہے۔ یہ بھی فرمایا کہ اللہ کسی پر ذرہ برابر ظلم نہیں فرماتا اور نیکی کا اجر دُگنا فرما دیتا ہے۔
کلامِ الٰہی میں تحریف وشرک
آیت 45 میں نماز کے چند مسائل بیان فرمائے۔ آیت 46 میں یہودیوں کی ایک قبیح خصلت کا ذکر ہے کہ وہ کلامِ الٰہی میں تحریف کرتے ہیں۔ آیت 48 میں فرمایا کہ اللہ تعالیٰ شرک کے گناہ کو کسی صورت میں معاف نہیں فرماتا‘ اس کے علاوہ وہ جس کیلئے چاہے‘ اس سے کم تر گناہوں کو معاف فرما دیتا ہے۔
امانت وانصاف
آیت 58 میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ امانتیں ان کے حق داروں کو دو اور جب فیصلہ کرنے لگو تو انصاف کے ساتھ فیصلہ کرو۔
منافقین کا ذکر
آیات 60 تا 63 میں منافقین کی مکروہ چالوں اور دو رُخے پن کا ذکر ہے۔ اس کے بعد اہل ایمان کیلئے ایک ایمان افروز نوید ہے۔
حقیقی مومن نہیں
آیت 65 میں فرمایا کہ جو لوگ اللہ کے رسول کو آپس کے جھگڑوں میں حاکم نہ بنائیں اور پھر آپ جو فیصلہ صادر فرما دیں اسے دل و جان سے قبول نہ کریں (یعنی رسول اللہﷺ کے فیصلے پر دل میں بھی کوئی تنگی اور ملال نہیں آنا چاہیے) تو وہ بظاہر ایمان کے دعوے کے باوجود حقیقت میں مومن نہیں ہو سکتے۔
انعام کے حقدار
آیت 69 میں فرمایا: جو اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرے تو وہ (آخرت میں) ان لوگوں کے ساتھ ہوں گے جن پر اللہ نے انعام فرمایا ہے‘ جو انبیاء‘ صدیقین‘ شہدا اور عباد الصالحین ہیں۔ اس کے بعد جہاد کے بارے میں احکام‘ ہدایات اور کامیابی کی بشارتیں ہیں۔
منافق و بزدل
آیت 76 اور اس کے بعد والی آیات میں بتایا کہ منافق اور بزدل لوگوں کو جب جہاد کی دعوت دی جاتی ہے تو جان جانے کے خوف سے ان کے دل لرز جاتے ہیں اور وہ زندگی کی مہلت چاہتے ہیں۔
معاشرتی آداب
آیت 86 میں معاشرتی آداب بتائے گئے ہیں کہ جب تمہیں کسی لفظ سے سلام کیا جائے تو تم اس سے بہتر الفاظ میں جواب دو (جیسے السلام علیکم کے جواب میں کہا جائے: وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ) یا کم ازکم انہی الفاظ میں جواب دو۔ زمانۂ جنگ میں مسلمانوں کو کئی طرح کے لوگوں سے واسطہ پڑتا تھا: (الف) وہ منافقین جو دل سے مسلمانوں کی تباہی اور ناکامی چاہتے تھے‘ ان کیلئے فرمایا کہ نہ تو انہیں اپنا دوست بنایا جائے اور نہ ان کے ساتھ کوئی رعایت برتی جائے‘ بلکہ ان کا قلع قمع کر دیا جائے۔ (ب) کچھ لوگ وہ تھے جو جنگ سے گریز چاہتے تھے‘ نہ مسلمانوں سے لڑنا چاہتے تھے اور نہ اپنی قوم کی حمایت میں لڑنا چاہتے تھے یا وہ ایسی قوم کے پاس چلے جاتے‘ جن کے ساتھ مسلمانوں کا جنگ نہ کرنے کا معاہد ہ ہے‘ تو قرآن نے بتایا: اگر وہ جنگ سے کنارہ کش ہو جائیں اور مسلمانوں سے نہ لڑیں اور مسلمانوں کو صلح کا پیغام دیں تو مسلمانوں کو بھی ان سے تعرُّض نہیں کرنا چاہیے۔
(ج) منافقین کا ایک گروہ وہ تھا جو مسلمانوں اور اپنی قوم دونوں کے ساتھ امن سے رہنا چاہتا تھا لیکن ان کی باطنی کیفیت یہ تھی کہ اگر ان کی قوم کی طرف سے مسلمانوں پر جنگ مسلط کر دی جائے‘ تو وہ اس میں کود پڑیں، تو قرآن نے بتایا: اگر وہ مسلمانوں سے الگ نہ ہوں اور مسلمانوں کو صلح کا پیغام نہ دیں اور موقع ملنے پر مسلمانوں کو نقصان پہنچانے سے اپنا ہاتھ نہ روکیں تو مسلمانوں کو بھی حق ہے کہ موقع ملنے پر ان کا قلع قمع کر دیں۔
قتلِ خطاوقتل ِعمد
آیت 92میں قتلِ خطا کا حکم بیان ہوا ہے کہ اگر کسی مسلمان کے ہاتھوں غیر ارادی طور پر غلطی سے کسی مسلمان کا قتل ہو جائے تو اس کی تلافی کیلئے کفارہ بھی دینا ہو گا اور مقتول کے ورثا کو دیت بھی دینی ہو گی‘ سوائے اس کے کہ مقتول کے ورثا دیت معاف کر دیں۔ آیت 93 میں قتل عمد یعنی ارادی طور پر کسی بے قصور انسان کی جان کو تلف کرنے کا حکم بیان کیا گیا۔
برابر نہیں ہو سکتے
آیت 95 میں یہ بتایاگیا ہے کہ جولوگ جہاد سے کنارہ کش ہیں‘ ان کا درجہ ان کے برابر نہیں ہو سکتا جو اپنی جان و مال سے اللہ کی راہ میں جہاد کر رہے ہیں۔
اجماعی راہ سے ہٹنا
اللہ تعالیٰ نے فرمایا ’’اور جو شخص ہدایت کے ظاہر ہونے کے بعد رسول کی مخالفت کرے اور مسلمانوں کے راستے کیخلاف چلے‘ تو ہم اُسے اُسی طرف پھیر دیں گے‘جسے اُس نے خود اختیار کیا اور اُسے جہنم میں داخل کر دیں گے اور وہ برا ٹھکانہ ہے‘‘۔ اس میں واضح طور پر وعید ہے کہ کسی شخص کا مسلمانوں کے اجماعی راہ سے ہٹ کر اپنے لئے الگ راہِ عمل متعین کرنا جہنم کا راستہ اختیار کرنا ہے۔
جہنم کی وعید
اللہ تعالیٰ نے شیطان کے پیروکاروں کیلئے جہنم کی وعید سنائی ہے اور مومنینِ کاملین کیلئے جنت کی بشارت دی ہے اور فرمایا کہ ہرصاحبِ ایمان مرد اور عورت جنہوں نے حالتِ ایمان میں نیک کام کیے‘ وہ جنت میں داخل ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: اُس سے اچھا دین کس کا ہو گا‘جو اپنے آپ کو اللہ کی بندگی کے سپردکر دے‘ اور وہ نیکوکار ہو اور ملّتِ ابراہیم کا پیروکار ہو۔
منافقین کی علامت
منافقین کی ایک علامت یہ بتائی کہ نماز میں سستی کرتے ہیں‘ نماز کو ایک بوجھ سمجھتے ہیں اور صرف دکھاوے کیلئے نماز پڑھتے ہیں۔ یہ لوگ ہمیشہ کفر و ایمان کے درمیان متزلزل رہتے ہیں‘ اسی لیے فرمایا کہ منافقین جہنم کے سب سے نچلے طبقے میں ہوں گے۔
اطاعت کا حکم
آیت 59 میں فرمایا: ’’اے مومنو! اللہ کی اطاعت کرو اور رسول کی اطاعت کرو اور جو تم میں سے صاحبانِ اختیار ہیں‘ ان کی اطاعت کرو‘‘۔ اس میں اللہ عزّوجل اور رسولِ مکرمﷺ کی غیر مشروط اطاعت کا حکم ہے اور اہل اقتدار کی اطاعت مشروط ہے۔ اگر اہل اقتدار کیساتھ کسی معاملے بارے میں اختلاف ہو جائے تو فیصلہ قرآن وسنت کی روشنی میں ہوگا۔
نماز قصر کا حکم
آیت 101 اور بعد کی آیات میں مسافر کیلئے نماز میں قصر کا حکم بیان ہوا ہے‘ فقہ حنفی میں مسافتِ سفر کی مقدار 98 کلومیٹر ہے۔ نماز اور جماعت اتنا لازمی فریضہ ہے کہ حالت جنگ میں بھی ساقط نہیں ہوتا‘ پھر فرمایا کہ جب تم نماز ادا کر چکو تو حالت قیام‘ حالتِ قعود اور کروٹوں کے بل لیٹے ہوئے‘ یعنی ہر حال میں اللہ کو یاد کرو‘ اللہ کا ذکر کرو اور جب حالت جنگ ختم ہو جائے اور امن کی حالت ہو تو معمول کے مطابق نماز ادا کرو‘ بے شک نماز مومنوں پر وقتِ مقرر میں فرض کی گئی ہے۔
حسد کی ممانعت
آیت 32 میں حسد کی ممانعت کرتے ہوئے فرمایاگیا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنی حکمت سے کسی کو مال‘ عزت یا مرتبے میں فضیلت دے رکھی ہے تو اس کے زائل ہونے کی تمنا نہ کرو‘ کیونکہ یہی حسد ہے جو حرام ہے۔ کسی کے ساتھ حسد کرنے سے بہتر ہے کہ اللہ سے اس کے فضل کا سوال کرو‘ اس کے خزانوں میں کوئی کمی نہیں ہے۔