مسائل اور ان کا حل
عیب دار حلال جانور کا گوشت کھانا سوال: وہ حلال حیوان( پرندہ یا جانور) جس کی ایک آنکھ یا دونوں آنکھیں نہ کھلتی ہوں تو کیا اس حیوان کو ذبح کرکے کھا سکتے ہیں؟ (شہزاد جمیل ،سعودی عرب)
جواب :کسی بھی حلال جانور کو شرعی طریقے سے ذبح کرنے سے وہ حلال ہو جاتا ہے اور اس کا گوشت کھانے میں شرعاًکوئی حرج نہیں تا ہم اگر طبی اعتبارسے کوئی نقصان ہو تو چھوڑ سکتے ہیں۔
گناہ سے بچنے پر طلاق کو مشروط کرنا
سوال :ایک شخص نے یہ الفاظ کہے تھے ’’میں شراب نہیں پیوں گا،اگرمیں نے شراب پی تومیری ہونے والی بیوی کوطلاق‘‘۔پھراس نے شراب پی ،یعنی یہ گناہ اس سے سرزدہوگیا۔ جب اس کا نکاح ہوگاتوکیانکاح کرتے ہی اس کی بیوی کوطلاق واقع ہوجائے گی؟اگرہاں تواس کاحل کیا ہے؟ (عبدالکریم، کراچی)
جواب:شراب نوشی شرعاًحرام ہے، اس سے احتراز لازم ہے،اوراب تک جوگناہ ہوااس پرصدق دل کے ساتھ توبہ واستغفارکرنالازم ہے۔نیز مذکورہ صورت میں یہ شخص جس پہلی عورت سے نکاح کرے گا نکاح کرتے ہی اس پرایک طلاق بائن واقع ہوجائے گی، نکاح ختم ہو جائے گااور رجوع جائزنہ ہوگا ۔ تاہم 2گواہوں کی موجودگی میں نئے مہرپرنیانکاح کرکے دونوں کیلئے میاں بیوی کی حیثیت سے رہناجائزہوگا۔ لیکن آئندہ اسے صرف2 طلاقوں کااختیارہوگا۔اس لئے احتیاط کرنی ہو گی۔ واضح رہے کہ یہ حکم اس وقت ہے جبکہ اس سے قبل یابعدآپ نے کبھی کوئی زبانی یا تحریری الفاظ طلاق کے استعمال نہ کئے ہوں۔ بصورت دیگریہ حکم نہیں ہوگاایسی صورت میں تفصیل لکھ کرمسئلہ دوبارہ معلوم کرلیاجائے۔
خواتین کا تعلیم وتبلیغ کیلئے باہر نکلنا
سوال:خواتین کا اپنی تعلیم اور اصلاح وتبلیغ کیلئے باہر جانا شرعاً کیسا ہے؟(وحید احمد، سکھر)
جواب:اصلاح و تبلیغ دین اور تعلیم کیلئے خواتین کا اپنے گھروں سے نکلنا جائز ہے تاہم درج ذیل شرعی شرائط اور حدود وقیود کا مکمل اہتمام کیا جائے۔ مکمل پردے کا اہتمام ہو۔ کسی قسم کی زیب و زینت جو موجب فتنہ ہو اختیار نہ کرے۔ شرعی مسافت سفر ہو تو ساتھ شوہر یا کسی محرم کا ہونا بھی ضروری ہے۔ آمد و رفت اور قیام کے دوران کسی قسم کے فتنے کا اندیشہ نہ ہو۔ اولاد اور متعلقین کے حقوق پامال نہ ہوں۔
بیٹے کی وراثت میں ماں کا حصہ ؟
سوال:کیا بیٹے کی پراپرٹی میں ماں کا حصہ ہوتا ہے جبکہ بیٹے کی اولاد میں4 بیٹے ہیں ۔ نیز بیٹے کی وفات ہو چکی ہے۔(سعد شیخ، لاہور)
جواب: جی ہاں !سگے بیٹے کی جائیداد میں ماں کا شرعی حصہ وراثت ہے جو بہر صورت ماں کو دیا جانا شرعاً ضروری ہے۔ماں کو کل مال کا چھٹا حصہ ملے گا۔
شوہر اور بیوی کے حقوق اوربیوی کی اپنے
والدین سے ملاقات کی شرعی تفصیل
سوال :بیوی کے شوہر پر حقوق کی تو ہمارے معاشرہ میں خوب بات کی جاتی ہے مگر شوہر پر بیوی کے حقوق پر بات نہیں کی جاتی ، اس پر روشنی ڈالتے ہوئے یہ مسئلہ بیان فرما دیجئے کہ بیوی اپنے والدین سے ملاقات کیلئے کتنے عرصے کے بعد جاسکتی ہے ؟اور والدین ملاقات کیلئے خود آئیں یا نہ آسکیں تو کیا حکم ہے ؟بیوی جاسکتی ہے یا نہیں؟ نیز والدین سے ملاقات کیلئے شوہر کی اجازت کی کیا شرعی تفصیل ہے؟(رانا شہزاد، لاہور)
جواب : جس طرح شریعت نے بیوی پرشوہرکے حقوق لازم کئے ہیں اسی طرح شوہرپربھی بیوی کے حقوق ہیں لہٰذادونوں کوایک دوسرے کے حقوق ادا کرنالازم ہے،اس میں کوتاہی کرنا جائز نہیں، جو کوتاہی کرے گاوہ گناہگارہوگا۔ بیوی کی اپنے والدین سے ملاقات کی شرعی تفصیل یہ ہے کہ بیوی کو اپنے والدین سے ایک شہرمیں ہفتے میں ایک بار اور شہرسے باہر ہرمہینے میں ایک بارملنے کاحق ہے۔ اگر والدین نہ آ سکیں تووہ خودجاسکتی ہے،اوروہ آسکیں تو ہر ہفتے خود آ کر مل سکتے ہیں، نیزسال میں دو چار بار خود بھی جاسکتی ہے۔
مذکورہ بالاتفصیل کے مطابق عورت اپنے شوہرکی اجازت سے یااجازت کے بغیر اپنے والدین سے ملنے جاسکتی ہے،تاہم بلااجازت جانے کی صورت میں اس عرصہ کے نان ونفقہ کی مستحق نہ ہوگی۔(کذافی امدادالاحکام2؍885)
مسجد میں جماعت سے پہلے
گھر میں جماعت کرانا
سوال:مسجد میں جماعت ہونے سے پہلے گھر پر جماعت ادا کرنا کیسا ہے؟ (فضل کریم، کراچی )
جواب:اصل یہ ہے کہ مسجد ہی کی جماعت میں شرکت کا اہتمام کرنا چاہئے ۔بغیر عذر مسجد کی جماعت چھوڑنے کی عادت بنا لینا سخت گناہ ہے۔ تاہم اگر کبھی کوئی عذر ہو تو گھر میں جماعت کرا سکتے ہیں۔نیز جماعت کرانے کیلئے نماز کے وقت داخل ہونا شرط ہے مسجد کی جماعت ختم ہونے کا انتظار کرنا ضروری نہیں ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments