دانتوں میں درد کے لیے دوائیں
اسپیشل فیچر
دانتوں، مسوڑھوں یاداڑھ میں درد زیادہ ترانفیکشن کی وجہ سے ہوتا ہے۔ اس وجہ سے درد اور انفیکشن کو دور کرنے کے لیے درد دور کرنے والی، اینٹی بائیوٹک اور سوجن دور کرنے والی دوائوں کو ساتھ ملاکر استعمال کیا جاتا ہے۔ زیادہ تر استعمال ہونے والی دوائیں درج ذیل ہیں۔ وبرامائی سین (Vibramycin)، فلیجل(Flagyl)،بروفن (Brufen)مضر اثرات ٭متلی، قے، ڈائریا، منہ اور زبان کا پکنا۔٭دس سال سے کم عمر کے بچوں میں دانتوں کی پیلاہٹ، الرجی اور خارش ٭خون کے سفید خلیوں میں کمی احتیاط ٭مندرجہ ذیل افراد و برامائی سین (Vibramycin)استعمال نہ کریں:حاملہ اور بچے کو دودھ پلانے والی عورتیں گردوں کے مریض ٹیٹراسائیکلین دواخالی پیٹ استعمال کریں۔ فلیجل حمل کے دوران استعمال نہ کریں۔ دوا کی نوعیت اور ضرورت کی اہمیت اچھے اور خوبصورت دانت ہرکسی کو بھلے لگتے ہیں ۔ منہ کے ذریعے ہی تمام خوراک جسم میں جاتی ہے۔ اگر دانتوں اور مسوڑھوں میں انفیکشن ہوجائے تو پورے جسم کی صحت متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے اس لیے دانتوں اور مسوڑھوں کی صحیح حفاظت بہت ضروری ہے۔ اگر دانتوں کو صبح شام کھانے کے بعد صحیح طورپر صاف کیا جائے تو دانتوں اور مسوڑھوں کی تکلیف ہونے کا بہت کم خدشہ ہوتا ہے۔ اگر کوئی انفیکشن ہو بھی جائے تو فوری طورپر دانتوں کے ڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہیے تاکہ اس کے مطابق دوائی کا استعمال کیاجاسکے۔ درداور سوجن اور انفیکشن کے لیے مختلف دوائیوں کی ’’کاک ٹیل‘‘ (مجموعہ) استعمال کی جاتی ہے۔ عموماتین سے پانچ روز دوااستعمال کرنے سے افاقہ ہوجاتا ہے۔ آسان اور متبادل علاج جیسا کہ پہلے بیان کیا گیا ہے کہ دانتوں کی صفائی سب سے ضروری ہے۔ اس کے لیے سب سے زیادہ موثر اور آزمودہ طریقہ مسواک کرنا ہے۔ مسواک کسی بھی برش اور اعلیٰ سے اعلیٰ ٹوتھ پیسٹ سے بہتر ہے۔ اس میں شامل قدرتی اجزاء اور ریسے دانتوں کی مکمل صفائی کرتے ہیں اور باقاعدگی سے مسواک کرنے والوں کے دانت کبھی خراب نہیں ہوتے۔ علاوہ ازیں دانتوں کی تکالیف دور کرنے کے لیے مندرجہ ذیل آسان گھریلو نسخوں پر عمل کریں۔ دانتوں کا درد ہورہا ہے تو فوری طورپر اس میں لونگ پیس کر لگائیں ۔ دانتوں کے درد کو دور کرنے کے لیے عرق لیموں اور لونگ کا تیل ملا کر دوا بنالیں اور اسے بوقت ضرورت استعمال کریں۔ لونگ میں اللہ تعالیٰ نے درد اور انفکیشن دورکرنے کی صلاحیت رکھی ہے۔ ٭…مسوڑھوں کی تکلیف میں لیموں کا رس شہد میں ملاکر صبح شام مسوڑھوں پر ملیں۔ ٭…دانتوں کا میلا پن دور کرنے کے لیے مسواک یا ٹوتھ پیسٹ کے ساتھ لیموں کا تازہ رس ملیں۔ ٭…سرکے میں شہد ملا کر ملنے سے بھی دانتوں کی تکلیف دور ہوجاتی ہے۔ ٭…سرکہ میں نمک اور پھٹکڑی ملاکر لگائے یا کلیاں کرنے سے مسوڑھوں سے خون بہنا بند ہوجاتا ہے۔ ٭…پیاز کے عرق میں روئی بھگو کر دانت میں رکھنے سے دانت کا درد دور ہوجاتا ہے۔ طبی نبویؐ: شہد میں نمک ملا کر مسوڑھوں پر ملنے سے دانت اور مسوڑھے مضبوط ہوجاتے ہیں۔