سونے , جاگنے کے آداب
اسپیشل فیچر
جب شام کا اندھیراچھانے لگے تو بچوں کو گھر بلالیناچاہیے ،باہر نہ کھیلیں۔ہاں، جب مغرب کا وقت ختم ہوجائے تو باہر جاسکتے ہیں، کیوں کہ شام کے وقت شیاطین زمین میں پھیل جاتے ہیں۔عشاء کی نماز پڑھنے سے پہلے نہیں سونا چاہیے، رات جلد سونا چاہیے اور صبح جلد اُٹھنا چاہیے۔سورۃ الفرقان میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے :’’اور وہی خدا ہے جس نے رات تمہارے لیے پردہ پوشی ،نیند راحت وسکون اور دِن اُٹھ کھڑے ہونے کے لیے بنایا۔‘‘اور سورۃ النبّاء میں ارشاد فرمایا:’’ہم نے نیند کو تمہارے لیے سُکون و آرام،رات کو پردہ پوش اور دِن کو روزی کمانے کے لیے بنایا۔‘‘اسی طرح سورۃ النمل میں ارشاد فرمایا:’’کیا اُن لوگوں نے یہ نہیں دیکھا ،ہم نے (تاریک)رات بنائی کہ اس میں آرام وسکون حاصل کریں اور دِن کو روشن،بلاشبہ اس میں مومنوں کے لیے سوچنے کے اشارے ہیں۔‘‘رات تاریک اور دن کو روشن بنانے میں اِس طرف اشارہ ہے کہ رات سونے کی پابندی کی جائے اور دِن میں اپنی ضروریات کے لیے محنت اور کوشش کی جائے ۔ زیادہ آرام دہ بستر استعمال نہیں کرناچاہیے۔مومن کو آرام طلبی سے پرہیز کرناضروری ہے ، کیوں کہ مومن کوجفاکش اور محنتی ہونا چاہیے ۔ حضرت عائشہ ؓ فرماتی ہیں:’’حضورِاکرمؐ کابسترچمڑے کاتھا،جس کے اندر کھجورکی چھال بھری ہوئی تھی، جب کہ حضرت حفصہؓ سے کسی نے پوچھا۔ رسول ؐاللہ کا بسترکیساتھا؟فرمایا :’’ایک ٹاٹ تھاجسے دُوہرا کرکے ہم نبی ِکریمؐ کے لیے بِچھادیاکرتے تھے۔ایک مرتبہ میں نے چوہراکرکے بِچھایاتوآپؐ نے فرمایا:’’دُوہراہی رہنے دیاکرو، کیوں کہ رات بسترکی نرمی تہجد کی نماز میں رُکاوٹ بنی۔‘‘سونے سے پہلے ہمیشہ وضو کرناچاہیے ،تاکہ انسان پاک صاف ہوجائے، اگرہاتھوں میں چکنائی لگی ہوتواچھی طرح دھوکرسوناچاہیے۔ سوتے وقت گھر کا دروازہ بندکرناچاہیے ۔ کھانے پینے کے برتن ڈھانک دینے چاہیئں،اگر آگ جل رہی ہو یاچولہاجل رہاہوتو بُجھاکر سوناچاہیے،سوتے وقت اپنے بستر کے قریب پینے کا پانی ،روشنی کے لیے،ماچس یا ٹارچ وغیرہ رکھنی چاہیے ۔سونے سے قبل بستر اچھی طرح جھاڑنا چاہیے ،تاکہ کوئی موذی چیز نقصان نہ دے۔جب بستر پرجائیں تو دعا پڑھیں ،دُعایاد نہ ہو تو آیۃ الکرسی پڑھیں۔ اللہ تعالیٰ سے اپنے گُناہوں کے سلسلے میں صدقِ دل سے توبہ استغفار کریں۔جب سونے کاارادہ کریں تو دایاں ہاتھ اپنے دائیں رخسار کے نیچے رکھیں اور دائیں کروٹ پرلیٹ جائیں۔اُلٹاسونامنع ہے،اُلٹاسونے والوں کو جہنمی قراردیاگیا ہے۔ رات کے آخری حصّے میں اُٹھنے کی عادت ڈالنی چاہیے ۔ اللہ کے نیک بندوں کی یہ نشانی ہے کہ وہ رات کے پچھلے پہر اُٹھ کرعبادات و ریاضت کے ذریعے اپنے رَبّ کو راضی کرتے ہیں۔ سوتے میں اچھا خواب دیکھیں تو اللہ کا شُکراداکریں اور خواب میں دیدارِ مصطفیؐ کے لیے زیادہ سے زیادہ آپ ؐ پر دُرود وسلام بھیجیں۔جب کوئی بُراخواب دیکھیں تو کسی کو مت بتائیں اور زیادہ سے زیادہ استغفار پڑھیں۔