مچھروں کی جمالیاتی حس اور ہم
اسپیشل فیچر
مچھر ہماری طرح میک اپ سے متاثر نہیں ہوتے اور نہ دھوکہ کھاتے ہیں۔ جو خواتین ہمیں میک اپ میں خوب صورت اور دل کش نظر آئیں مچھروں نے انہیں خوب صورت تسلیم کرنے سے انکار کردیا*****سائنس اچھی چیز ہے۔ سائنس داں بھی خوب ہیں۔ نت نئے تجربات اور نت نئی تحقیقات کرتے رہتے ہیں۔ اب دیکھیے نا انہوں نے تحقیقات سے یہ پتا چلا ہی لیا کہ مچھر پُرکشش اور خوب صورت لوگوں پر عام لوگوں کی نسبت زیادہ حملہ آور ہوتے ہیں۔ واقعی اچھی صورت بری چیز ہے۔ اچھی صورت والوں کو مچھر بھی نہیں بخشتے۔ جیسے ہی ہمیں یہ بات معلوم ہوئی ہم نے مچھروں کی اس جمالیاتی حس سے بھر پور فائدہ اٹھانا شروع کردیا۔ابھی کل ہی کی بات ہے کہ ایک بڑی بی ہماری بیگم سے مچھروں کا رونا رو رہی تھیں۔ کہہ رہی تھیں کہ مجھے مچھر بہت کاٹتے ہیں۔ گھر میں کسی اور کو اتنا نہیں کاٹتے۔ کچھ سمجھ میں نہیں آتا کیا کروں۔ کمبخت مچھر دانی میں بھی گھس جاتے ہیں۔ جب وہ چلی گئیں تو ہم نے بیگم سے کہا ’’یقین کرو یہ بڑی بی پُرکشش اور خوب صور ت خاتون ہیں‘‘ چڑ کر بولیں۔ آپ کو تو میرے علاوہ ہر عورت حسین نظر آتی ہے۔ جن محترمہ کو آپ حسین سمجھ رہے ہیں یہ بے چاری تو جوانی میں بھی حسین نہ تھیں۔ حسین ہوتیں تو اپنے گھر کی ہوتیں یوں ماما چھوچھو بنی نہ پھرتیں۔ ہم نے کہا ’’آپ کو تو ہر حسین عورت چڑیل نظر آتی ہے۔ خیر آپ مانیں یا نہ مانیں یہ بڑی بی فی الوقت خوب صورت بھی ہیں اور دل کش بھی۔ اگر ایسی نہ ہوتیں تو انہیں مچھر بھول کر بھی نہ کاٹتے۔ جانتی ہو سائنس دانوں نے اپنی تحقیقات سے یہ بات ثابت کردی ہے کہ مچھر صرف خوب صورت اوردل کش لوگوں میں دل چسپی لیتے ہیں اور انہیں ٹوٹ کر کاٹتے ہیں۔ ایسے ویسے لوگوں کو گھاس بھی نہیں ڈالتے۔ ان کا خون چوسنا اپنی شان کے خلا ف سمجھتے ہیں۔ بڑی بی آپ کے معیار پر پوری نہ اترتی ہوں مچھروں کے معیار پر تو پوری اترتی ہیں۔ آپ بھی تو ہیں۔ آخر مچھر آپ کو کیوں نہیں کاٹتے۔سچ پوچھیں تو مچھروں کے بارے میں اس سائنسی تحقیق نے رشتوں کی تلاش میں بڑی آسانیاں پیدا کردی ہیں۔ کسی بھی تقریب میں چلے جائیں۔ جس خاتون کے سر پر مچھر منڈلا رہے ہوں اسے قریب سے جاکر دیکھیں۔ چپکے سے دیکھیں تاکہ کسی کو خبر نہ ہو۔ ہمیں یقین ہے کہ آپ کی دلی مراد بر آئے گی۔ خوب سے خوب تر کی تلاش ہو تو اس نسخہ کو ضرور آزمائیں۔ہمیں اپنے ایک دوست کے بچے کے لیے لڑکی کی تلاش تھی۔ ہم بھی لڑکے کے والدین کے ساتھ ساتھ ہر جگہ جانے لگے۔ ویسے بھی دوسروں کے لیے لڑکیاں دیکھنا تو شایدکارِ ثواب بھی ہے۔ ثواب کی نیت سے ہم نے ان کے ساتھ شادی ہالوں کے چکر لگانا شروع کردیے۔ عجب اتفاق ہے کہ جس لڑکی کے سر پر سب سے زیادہ مچھر منڈلاتے نظر آئے وہ یا تو ہمارے معیارِ حسن پر پوری نہ اُتری یا شادی شدہ نکلی۔ اس چکر میں نہ جانے کتنے ایک سو ایک روپے والے لفافے ضائع ہوگئے لیکن اس سے ایک فائدہ ہوا۔ اس تلاش کے دوران میں ہمیں مچھروں کے بارے میں ایک بات اور معلوم ہوئی۔ مچھر ہماری طرح میک اپ سے متاثر نہیں ہوتے اور نہ دھوکاکھاتے ہیں۔ جو خواتین ہمیں میک اپ میں خوب صورت اور دل کش نظر آئیں مچھروں نے انہیں خوب صورت تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔ ان کے سروں پر کوئی مچھر منڈلاتا نظر نہ آیا۔ مچھروںکی یہ حرکت دیکھ کر ہمیں سائنس دانوں کی تحقیق مشکوک نظر آنے لگی۔ سوچنے لگے سائنس دان بھی ہماری طرح بڑی اونچی چھوڑتے ہیں لیکن جب ان ہی خواتین کو دوسرے دن صبح سویرے میک اپ کے بغیر دیکھا تو مچھروں کی جمالیاتی حس کا قائل ہونا پڑا اور ساتھ ہی ساتھ اپنی حماقت کا بھی۔ہمارے دوست کو اپنی بچی کے لیے رشتے کی تلاش تھی۔ لڑکے کے بارے میں ان کا معیار کچھ زیادہ ہی اونچا تھا۔ انہیں لڑکے میں مردانہ وجاہت، دل کشی، جاذبیت، گفتگو میں شائستگی، اعلیٰ تعلیم، اعلیٰ عہدہ اور اعلیٰ خاندان جیسی صفات کی تلاش تھی۔ کوئی لڑکا ان کے معیار پر پورا نہیں اترتا تھا۔ برسوں بعد خدا خدا کرکے ایک لڑکا پسند آیا۔ جو بقول ان کے ان کے میعار پر پورا اترتا تھا۔ ہم سے پوچھے بغیر کوئی کام نہیں کرتے۔ ہر معاملے میں ہماری رائے ضرور لیتے ہیں۔ ہم سے فرمانے لگے ایک نظر آپ بھی دیکھ لیں۔ ہم نے کہا ’’ہم اور آپ اعلیٰ تعلیم، اعلیٰ عہدہ اور گفتگو میں شائستگی وغیرہ کا اندازہ تو لگا سکتے ہیں لیکن دل کشی اور خوب صورتی کے معاملہ میں ہماری آنکھیں دھوکا کھا سکتی ہیں ’’بیوٹی از اسکن ڈیپ‘‘ بھئی کھال اتارکر تو دیکھنے سے رہے‘ کیوں نہ سائنسی تحقیقات سے فائدہ اٹھایا جائے۔ کیوں نہ مچھروں سے مدد لی جائے۔ سائنسی تحقیقات نے یہ بات ثابت کردی ہے کہ مچھر صرف خوب صورت اور دل کش لوگوں پر یلغار کرتے ہیں‘‘ فرمانے لگے آپ ہی اس کا کوئی حل نکالیں۔ ہم نے کہا ’’گھر کی چھت پر مشاعرےکا اہتمام کریں لڑکے اور اس کے رشتے داروں کو بھی مدعو کریں۔‘‘ چھت پر مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا۔ لڑکا اور اس کے والدین تمام رات مشاعرے میں بیٹھے رہے۔ مچھروں نے نہ صرف لڑکے کے والدین کو کاٹا بلکہ لڑکے کو بھی کاٹا اور اتنا کاٹا کہ چہرہ سوج گیا۔ کھجا کھجا کر بر احال ہوگیا لیکن اس سے اتنا فائدہ ضرور ہوا سب کے سب اس کی خوب صورتی کے قائل ہوگئے۔ اسی دن رشتہ قبول کرلیا گیا۔ اسی دن یہ بھی معلوم ہوا کہ لڑکے کے والدین بھی خوب صورت اور دل کش ہیں بظاہر تو واجبی سے لگ رہے تھے۔ہم تو اس سائنسی تحقیق سے فائدہ اُٹھا ہی رہے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ آپ بھی اس سے فائدہ اٹھائیں۔ آپ بھی اسے آزما کر دیکھیں ترکیب ہم بتائے دیتے ہیں۔ بالکل آسان ہے۔ شادی ہال کے ایک کونے میں کھڑے ہوکر شادی میں شریک لوگوں پر نظر ڈالیں۔ لڑکی کی تلاش ہو تو کسی بہانے سے اس لڑکی کے قریب جائیں جس کے سر پر مچھروں کا غول منڈلا رہا ہو۔ اسے مختلف بہانوں سے بار بار دیکھیں۔ اگر لڑکی پسند نہ آئی تو اس میں قصور مچھروں کا نہیں آپ کا ہوگا۔ ایسے موقع پر آپ اسے اپنی آنکھ سے نہ دیکھیں مچھر کی آنکھ سے دیکھیں، جیسے لیلیٰ کو مجنوں کی آنکھ سے دیکھا جاتا ہے۔