پاکستان میں قدیم تہذیبوں کے اہم آثار
اسپیشل فیچر
پاکستان کی تاریخ کا ابتدائی دور تاریکی میں چھپا ہوا ہے لیکن ماہرین آثار قدیمہ کی کاوشوں سے جو آثار برآمد ہوئے ہیں ان سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان میں قدیم ترین تہذیب وادی سوان کی تہذیب ہے ان سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ اس علاقے میں انسانی آبادی قدیم ترین عہد میں موجود تھی۔ وادی سوان کی تہذیب یعنی قدیم حجری دور کے آثار و باقیات راولپنڈی سے تقریباً دس میل کے فاصلے پر دریائے سوان کے کنارے دریافت ہوئے ہیں دریائے سوان دریائے سندھ کا معاون دریا ہے ماہرین کا خیال ہے کہ یہ تہذیب تقریباً پانچ لاکھ سال پرانی ہے لیکن ماہرین کے نزدیک وادی سوان کی تہذیب یا اس کی وسعت تقریباً 5 لاکھ سال قبل مسیح سے لے کر دس ہزار سال قبل مسیح تک پھیلی ہوئی ہے بعض محققین کا خیال ہے کہ پاکستان کا قیام حجری دور چار لاکھ سال قبل مسیح پر پھیلا ہوا ہے جبکہ پروفیسر پگٹ کا خیال ہے کہ پاکستان میں قدیم حجری دور کا آغاز چھ لاکھ سال قبل ہوا۔ بہرحال ابھی تک پاکستان کے قدیم حجری دور کے اوزار اور دیگر شواہد وادی سوان کے علاقے میں دریافت ہو چکے ہیں پاکستان میں شاید یہ پہلا حجری دور تھا جب لوگ درختوں یا غاروں میں زندگی بسر کرتے تھے اور چھوٹے چھوٹے گروہوں میں منقسم تھے۔ ایک ساتھ مل کر جانوروں کا شکار کرتے اور مل جل کر کھاتے تھے غالباً کسی طاقت، قوت دیوی اور دیوتا کو نہ مانتے تھے وادی سوان سے پتھروں کے اوزار خصوصاً کلہاڑی چھرے اور کھال کھرچنے کے اوزار ملے ہیں۔ پاکستان میں دوسرے حجری دور کا آغاز کھیتی باڑی سے ہوا کاشت کاری کے انقلاب آفرین فن کی بدولت انسانی زندگی میں ایک زبردست انقلاب رونما ہوا اب انسان ضروریات زندگی اور خوراک پیدا کرنے پر قادر ہوگیا اور مختلف تقاضوں کی تکمیل کے لیے ذاتی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے لگا چنانچہ بلوچستان کے کاشت کاروں نے دھات کا استعمال دریافت کرلیا۔ یوں تہذیب کا سفر جاری و ساری رہا رفتہ رفتہ زرعی و دیہی تہذیب ارتقائی منازل طے کرتی رہی۔ تب ہم دیہی تہذیب سے ترقی کرکے عظیم تر وادی سندھ کی شہری تہذیب تک پہنچ گئے اب تک عام طور پر بلوچستان کی چار دیہی تہذیبیں نہایت اہم اور قابل ذکر ہیں۔ بلاشبہ ان کے دامن میں تمدنی سفر کے آغاز و ارتقاء کی داستانیں سمٹی ہوئی ہیں۔ جن سے پتہ چلتا ہے کہ اس خطے کے قدیم آباد کار ہڑپائی تہذیب کے ترقی یافتہ دور سے قبل کن کن تمدنی مراحل سے گزرے اگرچہ یہ چاروں تہذیبیں منفرد خصوصیات کی حامل ہیں تاہم ان میں بعض باتیں مشترک بھی ہیں۔-1 کوئٹہ تہذیب (وسطی بلوچستان)-2 امری نل تہذیب (وسطی بلوچستان اور بالائی سندھ)-3کلی تہذیب( جنوبی بلوچستان)-4 ژوب(زہوب) تہذیب( شمالی بلوچستان اور لورالائی کی وادیاں)کتاب ’’پاکستان کے آثارِ قدیمہ ‘‘ سے ماخوذ٭…٭…٭