سپرے بوتل سے پانی کی پھوار
اسپیشل فیچر
سپرے بوتل کا شمار انتہائی مفید مشینوں میں ہوتا ہے اور ان کے اندر پلمبنگ کے بنیادی اصولوں کا زبردست مظاہرہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ ایک سپرے بوتل کا ہیڈ صرف چند پرزوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ اس میں ایک ٹریگر لیور ہوتا ہے جو ایک چھوٹے سے پمپ کو متحرک کرتا ہے۔ یہ پمپ ایک پلاسٹک ٹیوب سے منسلک ہوتا ہے جو بوتل کے نچلے حصے سے پانی کو کھینچنے کے لئے لگایا جاتا ہے۔ پمپ پانی کو ایک تنگ بیرل میں دباتا ہے اور ایک چھوٹے سے سوراخ سے پانی کی پھوار باہر نکالتا ہے، جسے نوزل کہتے ہیں۔اس ڈیزائن میں صرف پمپ ہی ایک ایسی چیز ہے جو ساخت کے اعتبار سے تھوڑی پیچیدہ ہوتی ہے لیکن یہ اتنا ہی سادہ ہے جتنا کہ کوئی پمپ ہو سکتا ہے۔ اس میں حرکت کرنے والا بنیادی پرزہ اس کا پسٹن ہوتا ہے جو کہ ایک سلنڈر کے اندر موجود رہتا ہے۔ سلنڈر کے اندر ایک چھوٹا سا سپرنگ لگا ہوتا ہے۔ پمپ آپریٹ کرتے وقت جب آپ ٹریگر لیور کو دباتے ہیں تو یہ سلنڈر کے اندر پسٹن کو دباتا ہے۔ حرکت کرتا ہوا پسٹن سلنڈر میں لگے سپرنگ کو دباتا ہے لہٰذا جب آپ ٹریگر چھوڑتے ہیں تو سلنڈر کے اندر پسٹن تیزی سے واپس پہلے والی جگہ پر آجاتا ہے۔ پسٹن کے یہ دو سٹروک ہی پورے پمپ سائیکل کو تشکیل دیتے ہیں۔جب پسٹن اندر کی جانب دبتا ہے، یعنی ڈائون سٹروک میں سلنڈر کا ایریا سکڑتا ہے تو پسٹن پانی کو طاقت کے ساتھ پمپ سے باہر نکالتا ہے۔ اپ سٹروک میں جب سلنڈر کا سپرنگ پسٹن کو واپس دھکیلتا ہے تو سلنڈر ایریا خالی ہوجاتا ہے اور اس عمل میں بوتل کے پیندے تک پہنچے ہوئے پائپ کے ذریعے پانی پمپ کے اندر کھنچتا ہے۔ اس سارے عمل میں آپ کو نیچے سے پانی کھینچنا اور اوپر دی گئی بیرل میں سے طاقت کے ساتھ باہر نکالنا ہوتا ہے۔ بیرل میں آنے والا پانی باہر نکالنے کے لئے پمپ پانی کو صرف اوپر کی جانب فورس کرتا ہے۔ یہ پانی کو واپس بوتل کی جانب فورس نہیں کرتا۔ دوسرے لفظوں میں آپ یہ کہہ سکتے ہیں کہ اس عمل میں پانی کو پمپ کے اندر صرف ایک ہی سمت میں حرکت کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔اس مقصد کے لئے ایک پرزہ استعمال کیا جاتا ہے جسے ’’یکطرفہ والو‘‘ کہتے ہیں۔ سپرے بوتل کے پمپنگ سسٹم میں 2 ون وے والوز استعمال ہوتے ہیں۔ ایک والو پمپ اور بوتل کے ریزروائز (پانی کے ذخیرے) کے بیچ اور دوسرا یکطرفہ والو نوزل اور پمپ کے درمیان لگا ہوتا ہے۔ روایتی طور پر پمپ اور ریزروائر کے بیچ لگا والو ایک چھوٹے سے ربر بال پر مشتمل ہوتا ہے جو ایک چھوٹی سی سیل (seal) کے اندر صفائی سے لگا ہوتا ہے۔ سیل کی دونوں اطراف اندر کی جانب مڑی ہوئی ہوتی ہیں تاکہ یہ بال باہر نہ نکل سکے۔ عام طور پر یہ بال کشش ثقل کی وجہ سے یا پھر ایک چھوٹے سے سپرنگ کے ذریعے سیل کے اندر نیچے کی طرف دبا رہتا ہے۔جب پسٹن باہر کی طرف آتا ہے یعنی جب آپ ٹریگر چھوڑتے ہیں اور سلنڈر کے اندر لگا سپرنگ پسٹن کو واپس دھکیلتا ہے تو سلنڈر کا ایریا پھیلتا ہے اور یہ نیچے سے پانی کو اوپر کی طرف کھینچتا ہے۔ پانی اوپر آتے وقت اس ربر بال کو بھی اوپر اٹھا دیتا ہے جس کی وجہ سے اس کا سیل میں سے گزرنا ممکن ہوجاتا ہے۔ لیکن جب آپ ٹریگر دباتے ہیں اور اس کے نتیجے میں پسٹن بھی سلنڈر کے اندر دبتا ہے تو پانی پر پڑنے والا دبائو اس بال کو سیل کے اندر واپس نیچے بٹھا دیتا ہے جس سے پانی کا واپس بوتل میں جانا ممکن نہیں رہتا ہے۔ اس کے نتیجے میں پانی پر پڑنے والا دبائواسے بیرل کی طرف دھکیل دیتا ہے۔٭…٭…٭