پطرس بخاری کی یاد میں
اسپیشل فیچر
گلشن ِاُردو ادب میں طنز و مزاح کے رنگا رنگ پھول کھلانے والے پطرس بخاری کی کل55ویں برسی منائی جا رہی ہے ۔ زمانۂ طالب علمی سے ہی شعر و ادب سے دل چسپی نے اُنھیں جلد ہی نمایاں مقام عطا کر دیا تھا۔ اُنھوںنے انگریزی زبان پر عبور حاصل ہونے کے باوجود اُردو کو اپنے تخلیقی اظہار لیے چُنا ، اُن کا شمار ایسے تخلیق کاروں میں ہوتا ہے، جنھوں نے کم لکھا ،لیکن بہت معیاری لکھا۔اُن کے ظرافت سے بھرے مضامین آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں محفوظ ہیں۔پطرس بخاری کا اصل نام احمد شاہ بخاری تھا اور وہ یکم اکتوبر 1898ء کو پشاور میں پیدا ہوئے ۔ اُن کے والد سید اسد اللہ شاہ پشاور میں ایک وکیل کے منشی تھے۔ ابتدائی تعلیم پشاور میں حاصل کی اور اس کے بعد گورنمٹ کالج لاہور میں داخل ہوئے ،وہ کالج کے ادبی مجلے ’’راوی‘‘ کے ایڈیٹر بھی رہے ۔ پطرس یہاں سے ایم اے کرنے کے بعد انگلستان چلے گئے اور کیمبرج یونی ورسٹی سے انگریزی ادب میں ڈگری حاصل کی۔ وہاں کے اساتذہ کی رائے تھی کی پطرس کا علم اس قدر فراخ اور وسیع و بسیط ہے کہ ایک انگریز کے لیے بھی اتنا علم اس عمر میں رکھنا کم وبیش ناممکن ہے ۔وطن واپس آنے پر سنٹرل ٹرنینگ کالج اور پھر گورنمنٹ کالج میں انگریزی ادبیات کے پروفیسررہے ۔ 1937ء میں آل انڈیا ریڈیو کا محکمہ قائم ہوا، تو پطرس کی خدمات مستعار لی گئیں اور وہ سات برس تک بطور ِڈائریکٹر ریڈیو سے منسلک رہے ۔قیامِ پاکستان کے بعد پطرس لاہور آگئے اور گورنمنٹ کالج لاہور کے پرنسپل مقرر ہوئے ۔ 1950ء میں اُن کو اقوام متحدہ میں پاکستان کا مستقل نمایندہ بنا کر بھیجا گیا،وہ اس عہدے پر 1954ء تک فائز رہے۔ 1955 ء میں اقوامِ متحدہ کے شعبۂ اطلاعات میں ڈپٹی سیکریٹری جنرل منتخب ہوئے ۔ پطرس دسمبر 1957 ء میں ریٹائر ہونے والے تھے اور کولمبیا یونی ورسٹی میں پروفیسری قبول کرچکے تھے ، مگر موت نے مہلت نہ دی اور 5 دسمبر 1958ء کی صبح نیویارک میں حرکت ِقلب بند ہو جانے کے باعث انتقال کر گئے۔اُن کی وفات پرمعروف جریدے’’نیویارک ٹائمز‘‘ نے 7 دسمبر1958ء کو اپنے اداریہ میں’’عالمی شہری‘‘ کے عنوان سے جو خراج ِعقیدت پیش کیااُس کا ترجمہ کچھ اس طرح ہے: ’’جب سے کپلنگ نے ’مشرق مشرق ہے اور مغرب مغرب‘کا گیت گایا ،اُسی دن سے ہم مختلف اور متصادم معاشروں کے تعلقات کے بارے میں زیادہ سوچ بچار کر رہے ہیں۔ ہمیشہ ہم اسی فکر میں رہتے ہیں کہ کوئی ایسا مرکب مل جائے ،جو ہر ایک کی بہترین خوبیوں کو محفوظ کردے ۔کبھی کبھی ہمیں کسی ایسی ہستی کی موجودگی کا یقین ہوجاتا ہے ،جو ہمارے تخیلات کو عمل کی دنیا میں لے آتی ہے ۔ ابھی ابھی ہمیں پاکستان کے سفیر پروفیسر احمد شاہ بخاری کی بے وقت موت کی شکل میں ایسی ہی ایک شخصیت کے ضیاع کا سامنا ہوا ہے، جنھوں نے اقوام متحدہ میں رئیس ِ شعبہ ٔاطلاعات کی حیثیت سے خدمات انجام دیں، وہ صحیح معنوں میں عالمی شہری تھے ۔ پروفیسر صاحب کا تعلیمی پس منظر مشرق اور مغرب( پنجاب یونی ورسٹی اور کیمبرج) دونوں کو آغوش میں لیے ہوئے ہے۔ اُنھوں نے مشرق اور مغرب دونوں کی زبانوں اور محاوروں کا راگ الاپا۔ وہ مشرق اور مغرب دونوں کے نزدیک عالم تھے ،لیکن مشرق اور مغرب کا یہ ملاپ اس سے بھی زیادہ گہرا ہے ۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ وہ ایک عظیم انسان تھے ! حاضر جواب، شائستہ، دانش مند، زندہ دل اور گرم جوش۔ وہ خود پسندی کی نمائش سے پاک تھے ، اُنھیں زندگی سے اُنس تھا۔ وہ اس دنیا میں بسنے والے لوگوں سے اُن کی قومیت، رنگ، نسل، مذہب یا پیشے کا خیال کیے بغیر محبت کرتے تھے ۔ اُن کی روح اُن کے ذہن کی طرح تنگ سرحدوں کی قائل نہ تھی۔ہزاروں امریکی جنھیں اُن سے ذاتی شناسائی کا شرف حاصل ہے۔ اُن کی موت کو اپنا ذاتی رنج محسوس کر رہے ہیں۔ سب سے بڑھ کر اس لیے کہ وہ دوست تھے ، لیکن یہ نقصان ذاتی نہیں بل کہ اس سے کچھ زیادہ ہے۔ دنیا ایک ایسے شخص کے اُٹھ جانے سے مفلس تر ہوگئی ہے، جو ہمیں بہتر طریق سے یہ دکھاتا تھا کہ آسودہ مستقبل کے لیے کون کون سی اچھی باتیں ممکن ہیں‘‘۔اس سے قبل امریکا کے ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ میگزین ’’نیویارکر‘‘ نے بھی پطرس صاحب کی اقوام متحدہ میں بطورِ سفیر تعیناتی پر10ستمبر 1952ء کو ’’بھلے مانس بنو‘‘ کے عنوان سے ایک دلچسپ ادارتی نوٹ لکھا تھا،جس کا ترجمہ کچھ اس طرح ہے: ’’ہم نے سن گن پائی کہ اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمایندے پروفیسر احمد شاہ بخاری ہیں، جو عام طور پر عرب ایشیائی بلاک کے قابل ترین ترجمان سمجھے جاتے ہیں اور وہ پاک وہند کے سرکردہ مزاح نویس بھی ہیں۔ مستقل نمایندوں اور مزاح نویسوں میں مجموعی طور پر یا الگ الگ دلچسپی رکھنے کے باعث ہم نے پروفیسر صاحب کی تصانیف حاصل کرنی چاہیں، لیکن ہمیں معلوم ہوا کہ ان میں سے کسی کا ترجمہ انگریزی میں نہیں ہوا۔ ہم نے یہ ٹھان لی کہ اُن کا پیچھا ضرور کریں گے۔ خود پروفیسر صاحب کو ٹیلی فون کیا اور ہمیں اقوام ِمتحدہ کی عمارت میں لنچ پر حاضر ہونے کی دعوت مل گئی۔بہرکیف پروفیسر صاحب اُن چند خوش دل، بامروت اور ذی علم مستقل نمایندوں یا مزاح نویسوں میں سے ایک ہیں، جن سے ہم مدت کے بعد ملے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ 1928ء تک وہ ایک اُستاد، مترجم اور مصنف تھے ، سیاسی سفیر نہ تھے۔1927ء میں وہ گورنمنٹ کالج لاہور کے صدر (پرنسپل) تھے ۔ تیس برس وہ اس کالج میں ادبیات کے پروفیسر رہے۔ اُنھوں نے اس درس گاہ کے تجرباتی تھیٹر کے لیے دوسری چیزوں کے علاوہ شیکسپیئر اوربرنارڈ شا کے بہت سے ڈرامے اُردو میں ترجمہ کرکے دیئے، جن میں امبن کا ڈراما ’گڑیاگھر‘ اور اطررائس کا ڈراما ’جمع کرنے والی مشین‘بھی ہیں۔ پروفیسر صاحب نے ہمیں بتایاکہ ہارون الرشید کے زریں دَور کے بعد گزشتہ چالیس سال کا زمانہ اسلامی دنیا میں تراجم کے لیے بڑا سازگار رہا ہے ۔ پہلے زمانے میں مسلمان ہر اس چیز کا ترجمہ کرلیتے تھے، جو فلسفہ اور سائنس میں اُن کے ہاتھ لگتی تھی۔ اب ادب کے تراجم پر زُور صرف ہورہا ہے ۔ مریکا کی غیر افسانوی کتابوں کے ترجمے بھی کیے ہیں۔ اُردو کا ایک مزاحیہ رسالہ بھی مرتب کرتے رہے ہیں۔ اُنھوں نے انگریزی اور اُردو میں ادبی تنقیدیں بھی لکھی ہیں۔ مزاح نگار کی حیثیت سے اُن کی شہرت تین یا چار سو مختصر افسانوں پر پھیلی ہوئی ہے ،جو اُنھوں نے پطرس کے قلمی نام سے لکھے۔ اُنھوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اُن افسانوں کی مقبولیت کی بعض وجوہ یہ ہیں کہ وہ غلط ہیں۔ نقادوں نے اُن کے بارے میں کہا کہ یہ افسانے اگرچہ مزاحیہ ہیں، لیکن اُنھیںبے دھڑک گھروں میں لے جایاجا سکتا ہے ۔پطرس کو پاکستان میں شگفتہ ترین شخص مانا جاتا ہے ۔ اُن کے چند افسانوں کا ترجمہ انگریزی میں ہوچکا ہے ، جنھوں نے اہل ِبرطانیہ کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ برطانیہ والے کہتے ہیں کہ اُنھیں یہ دیکھ کر تعجب ہوا کہ ایک مشرقی مزاحیہ نگار ایسا بھی ہے جو ’غزالی‘ آنکھوں اور ناموافق حالات کو اپنی تحریروں کا مرکز نہیں بناتا۔ ہم نے پوچھا کہ آخر پطرس اپنی توجہ کا مرکز کس چیز کو بناتا ہے ؟ پروفیسر بخاری نے جواب دیا کہ میری کہانیوں کا مثالی کردار ہمیشہ ایک معمولی آدمی ہوتا ہے، جس میں بہت سی کمزوریاں اور کوتاہیاں ہوں۔ حادثات اسے ایسے ناموافق ماحول میں پھینک دیں ،جسے وہ پسند نہ کرتا ہو۔ وہ ہمیشہ بڑا سیاست دان اورعظیم ادیب بننے کے خواب دیکھتا ہو۔ ایک کہانی میں وہ خطرناک سرغنہ بننے کی کوشش کرتا ہے اور بالآخر ناکام رہنے کے نتیجے میں بہتر آدمی بن جاتا ہے ۔اُنھوں نے اپنی تحریروں میں واحد متکلم اور جمع متکلم کا صیغہ استعمال کیا ہے تاکہ طنز کا نشانہ خود بیان کرنے والا بنے۔ پاکستانی اس بات کو بہت پسند کرتے ہیں۔ میرا اصول یہ ہے کہ بھلے مانس بنو۔۔۔پروفیسر بخاری لسانیات کے بہت بڑے ماہر ہیں۔ ایک دفعہ اُنھوں نے کوکنی (Cockney) کے اختلافی لب ولہجہ میں مہارت حاصل کرنے کے لیے چھ مہینے صرف کیے تھے ۔ اُنھوں نے بڑی گرم جوشی سے ہمیں بتایا کہ آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ کوکنی زبان اپنی گرامر اور حروفِ علت کا مخصوص نظام رکھتی ہے ۔ ہم اُمیدوار بن کر انتظار کرنے لگے ، لیکن اُنھوں نے کہا کہ اب میں کوکنی لب و لہجہ کی نقل اُتارنے کی جرأت نہیں کروں گا۔ میرا خیال ہے کہ میَں پھر شاہی انگریزی کی طرف لوٹ آیا ہوں اور بونوں کی جون سے نکل چکا ہوں۔ہم نے دریافت کیا کہ آپ سفارتی فرایض اور مزاح نویسی کو کس طرح یکجا کرتے ہیں؟ پروفیسر صاحب نے جواب دیا کہ مزاح نویسی میں میری پیداوار بہت کم ہوگئی ہے ایک مشکل یہ ہے کہ وقت نہیں ملتا۔ دوسری مشکل یہ ہے کہ سفارتی کاروبار میں آپ بعض چیزوں پر ہنس تو سکتے ہیں، لیکن مضحکہ اُڑانے کی مقدار روایات نے مقرر کردی ہے‘‘۔پطرس بخاری کے ظریفانہ مضامین کا مجموعہ ’’پطرس کے مضامین‘‘ بیشتر قارئین نے پڑھ رکھا ہو گا ۔یہ مجموعہ پطرس کی مزاحیہ طبیعت کے آئینہ دار ہیں اور یہ مضامین ہمیشہ دلچسپی سے پڑھے جاتے رہیں گے تاہم آخر میں پطرس بخاری کی چند ایک شعری تخلیقات پیش کی جارہی ہیں، جس سے اُن کے ایک بلند پایۂ شاعر ہونے کا بھی ثبوت ملتاہے:یہ میَں نے کہہ تو دیا تجھ سے عشق ہے لیکنمِرے بیان میں اک لرزشِ خفی بھی ہے تو میرے دعویِٰ اُلفت کی آن پر مت جاکہ اس میں ایک ندامت دبی دبی بھی ہے وفا کی طلب ہے ترا عشق اور مِرے دل میںتری لگن کے سوا اور بے کلی بھی ہے تجھی سے دل کا تلاطم ہے اور نگہ کا قراراسی قرار و تلاطم سے زندگی بھی ہے مگر ہیں اور بھی طوفان اس زمانے میںکہ جن میں عشق کی ناؤ شکستنی بھی ہے مِری نگاۂ کے ایسے بھی ہوں گے چند اندازکہ تو کہے کہ یہ محرم ہے اجنبی بھی ہے شبِ وصال کی اس مخملیں اندھیرے میںمِری تلاش میں فردا کی روشنی بھی ہے مجھے تو آ کے ملی وقت کے دوراہے پرکہ صبحِ زیست بھی ہے، موت کی گھڑی بھی ہےدوشعراُٹھ گیا اپنے یہاں سے ٹیلی فوناب کہیں جا کر ملے گا اگلی جوناس کے ہونے سے رہا کرتی تھی چخیہ چمن یونہی رہے گا اور الخ (یہ دو شعر پطرس نے شملہ سے ،حکومت ِہند کے دیگر دفاتر سے واپسی کے ساتھ رخصت ہوتے ہوئے کہے تھے ۔ ان میں جون کے ہر دو معنی کی رعایت بھی خوب ہے ، لیکن الخ کا قافیہ پطرس کے علاوہ اور کون لاسکتا ہے )٭…٭…٭