جانثار اختر: یہ زندگی تو کوئی بددعا لگے ہے مجھے

جانثار اختر:  یہ زندگی تو کوئی بددعا لگے ہے مجھے

اسپیشل فیچر

تحریر : عبدالحفیظ ظفر


جس طرح قتیل شفائی ،تنویر نقوی اور سیف الدین سیف کی شہرت صرف فلمی گیتوں کی وجہ سے ہی نہیں بلکہ وہ غزل اور نظم کے بھی بہت عمدہ شاعر تھے ۔اسی طرح جانثار اختر نے بھی فلمی شاعری کے علاوہ غزل اور نظم میں اپنا ایک منفرد مقام بنایا۔انہوں نے فلمی گیت نگاری بہت بعد میں شروع کی اور اس سے پہلے ہی وہ ایک غزل گو اور نظم کی حیثیت سے اپنے نام کا ڈنکا بجا چکے تھے۔18فروری 1914کو گوالیار (بھارت) میں پیدا ہونے والے جانثار اختر کو بیسویں صدی کا ایک اہم بھارتی شاعر تسلیم کیا جاتا ہے۔وہ ترقی پسندتحریک کے رکن تھے۔اگر یہ کہا جائے کہ جانثار اختر کو شاعری ورثے میں میں ملی تھی،تو بے جا نہ ہو گا۔ ان کے والد مظفر خیر آبادی اور تایا بسمل خیر آبادی دونوں شاعر تھے۔میٹرک کرنے کے بعد جانثار اختر نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں داخلہ لیا۔وہاں سے انہوں نے بی اے آنرز اور ایم اے کی ڈگریاں لیں۔ابھی وہ پی ایچ ڈی کی تیاری کر رہے تھے کہ گھریلو حالات کی وجہ سے انہیں گوالیار واپس آنا پڑا۔اس کے بعد انہوں نے وکٹوریہ کالج گوالیار میں اردو کے لیکچرر کی حیثیت سے پڑھانا شروع کر دیا۔1943ء میں ان کی شادی معروف شاعر مجاز لکھنوی کی ہمشیرہ صفیہ سراج الحق سے ہو گئی۔ان کے دو بیٹے جاوید اختر اور سلمان اختر 1945ء اور 1946ء میں پیدا ہوئے ۔آزادی کے بعد گوالیار میں فسادات پھوٹ پڑے تو جانثار اختر بھوپال منتقل ہو گئے ۔بھوپال میں انہوں نے حمیدیہ کالج میں اردو اور فارسی کے شعبے سنبھال لیے۔بعد میں ان کی اہلیہ صفیہ بھی حمیدیہ کالج سے وابستہ ہو گئیں۔جلد ہی دونوں میاں بیوی تحریک ترقی پسند مصنفین میں شامل ہو گئے۔ جانثار اختر کو اس تحریک کا صدر بنا دیا گیا۔ 1949ء میں انہوں نے نوکری سے استعفیٰ دے دیا اور ممبئی چلے گئے ۔ممبئی آنے کے ان کے دو مقاصد تھے ایک فلمی گیت لکھنا اور دوسرا اپنے شعری مجموعوں کی اشاعت۔ممبئی میں ان کی ملاقات ملک راج آنند کرشن چندر ،راجندر سنگھ بیدی اور عصمت چغتائی جیسے ترقی پسند ادیبوں سے ہوئی۔1953ء میں ان کی اہلیہ صفیہ انتقال کر گئیں۔صفیہ کے جانثار اختر کے نام خطوط کے مجموعے سب سے پہلے 1955میں شائع ہوئے۔ ہندی میں ان خطوط کا ترجمہ پروفیسر اصغر وجاہت نے کیا۔خطوط کے یہ مجموعے ’’حرف آشنا‘‘اور ’’زیر لب‘‘ کے نام سے شائع کئے گئے۔ستمبر 1956ء میں جانثار اختر نے خدیجہ طلعت سے شادی کر لی۔اس میں کوئی شک نہیں کہ جانثار اختر کی شاعری میں بائیں بازو کے نظریات ملتے ہیں۔ان کی شاعری میں جہاں معروضی صداقتوں کا برملا اظہار ملتا ہے،وہاں ان کے اشعار میں رومانیت بھی بڑے منفرد انداز میں ملتی ہے۔ کہیں کہیں مایوسی اور ناامیدی کی پرچھائیاں بھی ملتی ہیں یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ان کی غزلوں میں جو رومانیت ہے وہ ان کی گھریلو زندگی کے حوالوں سے بھری پڑی ہے۔ان کی غزلوں میں جو مختلف رنگ ملتے ہیں وہ ان کے مندرجہ ذیل اشعار میں بآسانی ڈھونڈے جا سکتے ہیں:ہر ایک روح میں اک غم چھپا لگا ہے مجھےیہ زندگی تو کوئی بددعا لگے ہے مجھےمیں جب بھی اس کے خیالوں میں کھو سا جاتا ہوںوہ خود بھی بات کرے تو برا لگے ہے مجھےجب لگے زخم تو قاتل کو دعا دی جائےہے یہی رسم تو یہ رسم اٹھا دی جائےہم سے بھاگا نہ کرو دور غزالوں کی طرحہم نے چاہا ہے تمہیں چاہنے والوں کی طرح خود بخود نیند سی آنکھوں میں گھلی جاتی ہےمہکی مہکی ہے شب غم ترے بالوں کی طرح رہی ہیں داد طلب ان کی شوخیاں ہم سےادا شناس بہت ہیں مگر کہاں ہم سےاشعار میرے یوں تو زمانے کے لیے ہیںکچھ شعر فقط ان کو سنانے کے لیے ہیںجانثار اختر کے شعری مجموعوں میں ’’نظرتباں‘‘، ’’سلاسل‘‘،’’جاوداں‘‘،’’پچھلی پہر‘‘،’’گھر آنگن‘‘،اور ’’خاک دل‘‘ شامل ہیں۔’’خاک دل‘‘پر انہیں 1976میں ساہتیا اکیڈمی ایوارڈ ملا۔جانثار اختر نے مجموعی طور پر 151فلمی گیت لکھے۔ انہوں نے زیادہ تر سی رام چندر،اوپی نیر اور خیام جسے سنگیت کاروں کے ساتھ کام کیا۔اے آر کاردار کی فلم ’’یاسمین‘‘ کے نغمات سے انہیں شہرت ملی۔گورودت کی فلم ’’سی آئی ڈی‘‘کے نغمات بہت مقبول ہوئے اور یہ جانثار اختر کا کمال تھا۔اس کے علاوہ ان کی مشہور فلموں میں ’’رستم سہراب‘‘،’’پریم پربت‘‘،’’شنکر حسین ‘‘اور رضیہ سلطان شامل ہیں۔ انہوں نے 1967میں بہو بیگم کے نام سے فلم بنائی اس فلم کا سکرپٹ بھی انہوں نے خود لکھا تھا۔ان کے چند اعلیٰ فلمی نغمات کا ذکر ذیل میں کیا جا رہا ہے۔1۔آنکھوں ہی آنکھوں میں اشارہ ہو گیا(سی آئی ڈی)2۔آ جا رہے میرے دلبر آ جا(نوری)3۔چوری چوری کوئی آئے(نوری)4۔کہیں ایک معصوم نازک سی لڑکی(شنکر حسین)5۔غریب جان کے ہم کو نہ تم دغا دینا(چھومنتر)6۔پیا پیا(باپ رے باپ)7۔آپ یوں فاصلوں سے(شنکر حسین)8۔اے دل ناداں(رضیہ سلطان)1976ء میں وہ رضیہ سلطان کے نغمات لکھ رہے تھے کہ فرشتہ اجل آن پہنچا۔یوں رضیہ سلطان ان کی آخری فلم ثابت ہوئی۔جانثار اختر کے بڑے بیٹے جاوید اختر نے بھی شعرو ادب کے میدان میں بڑا نام کمایا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے بھارت کی کئی مشہور فلموں کے سکرپٹ اور مکالمے بھی لکھے جانثار اختر کی ادبی خدمات کو ہرگز نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اردو ادب کی تاریخ میں ان کا نام جگمگاتا رہے گا۔٭…٭…٭

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement
یادرفتگاں: ٹیپو سلطان : شیر میسور

یادرفتگاں: ٹیپو سلطان : شیر میسور

جنگی حکمت عملی، شجاعت اور بہادری کے لحاظ سے ٹیپو سلطان کا شمار فرانس کے نپولین بونا پارٹ اور سلطان ایوبی کی صف میں ہوتا ہے۔ مشہور سکاٹش شاعر اور تاریخی ناول نویس والٹر سکاٹ(Sir Walter Scott) نے ٹیپو سلطان کی شہادت پر جو ردعمل ظاہر کیا تھا وہ ٹیپو سلطان کے لیے سنہری خراج عقیت کی حیثیت رکھتا ہے کہ ''اگرچہ نپولین، جس کا نظم ونسق ٹیپو سلطان سے مختلف تھے، مگر میرے خیال میں ان کو کم از کم وہی جرأت مندی، عزم، مستقل مزاجی اور بہادری کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا جس کا مظاہرہ ٹیپو سلطان نے کیا اور اپنی دارالحکومت کی حفا ظت کرتے ہوئے جواں مردی سے تلوار ہاتھ میں لیے شہادت قبول کی تھی‘‘۔ ٹیپو سلطان 10 نومبر 1750ء کو دیوانہلی میں پیدا ہوئے۔اُن کا نام آرکاٹ کے بزرگ ٹیپو مستان اولیا کے نام پر رکھا گیا۔ انہیں اپنے دادا فتح محمد کے نام کی مناسبت سے فتح علی بھی کہا جاتا تھا۔ٹیپو کی پیدائش کے وقت تک حیدر علی کی قائدانہ صلاحیتوں اور فوجی حربوں کی شہرت بلندیوں پر پہنچ چکی تھی۔ سلطان حیدر علی نے ٹیپو سلطان کی تعلیم وتربیت اور فنون حرب پر خاص توجہ دی۔ ٹیپو سلطان نے محض 15 سال کی عمر میں اپنے والد حیدر علی کے ساتھ انگریزوں کے خلاف پہلی جنگ میں حصہ لیا۔ 17 سال کی عمر میں ٹیپو سلطان کو اہم سفارتی اور فوجی امور کا آزادانہ اختیار دے دیا گیا تھا۔برصغیر میں برطانوی نو آبادیاتی نظام کی راہ کے سب سے بڑے کانٹے سلطان حیدر علی اور ٹیپو سلطان تھے۔1767ء تا 1799ء اُن کی انگریزوں سے چار جنگیں ہوئیں۔ ٹیپو نے اپنے باپ سلطان حیدر علی کی نگرانی میں کرنل بیلی، کرنل برتیھ ویٹ سرایر کوٹ اور بریگیڈر جنرل جیمس سٹوارٹ جیسے آزمودہ کار افسروں کو شکست سے دوچار کیا۔ 1767ء پہلی اینگلو میسور جنگ میں حیدر علی نے انگریزوں کو ذلت آمیز شکست دی اور انہیں صلح پر مجبور کیا۔ یہ پہلا موقع تھا جب ہندوستان میں انگریزوں کو شکست کا سامنا کرناپڑا۔ اگرچہ 1782ء میں دوسری اینگلو میسور جنگ کے دوران حیدر علی سرطان کے مرض میں مبتلا رہنے کے بعد جاں بحق ہو گئے لیکن ٹیپو نے حیدر علی کی کمی محسوس نہ ہونے دی اور جنگی حکمت عملیوں کے سبب انگریزوں کو بھاری نقصان پہنچایا۔ 11 مارچ 1784ء کو ٹیپو سلطان اور ایسٹ انڈیا کمپنی کے درمیان منگلور کا معاہدہ ہوا۔ اس پر منگلور میں دستخط ہوئے اور دوسری اینگلو میسور جنگ کا خاتمہ ہوا۔اس معاہدے نے دور اندیش شیر میسور فتح علی خاں ٹیپو کو موقع دیا کہ دیسی ریاستوں کو اکٹھا کیا جائے اور انگریزوں کو مکمل شکست سے دوچار کرنے کے لیے ایک مضبوط محاذ تشکیل دیا جائے۔اس غرض سے انہوں نے جے پور، جودھپور اور نیپال وغیرہ کو اپنے ایلچی اور خطو ط بھیجے۔ 23جون 1785ء کو مغل شہنشاہ شاہ عالم کی خدمت میں بھی عریضہ لکھا اور انگریزوں کے خلاف جنگ کرنے کی اپنی خواہش کا اظہار کیا۔ٹیپو سلطان نے ہندوستان کو غلامی سے بچانے کی ہرممکن کوشش کی لیکن غدار وطن اور نامساعد حالات کی وجہ سے اُن کی جدوجہد ان کے مقصد کی حد تک نتیجہ خیز ثابت نہ ہو سکی۔ انگریزوں، مرہٹوں اور نظام کے اتحاد کے علاوہ ان کی آستین کے سانپ میر صادق، پنڈت پورنیا، میر غلام علی (لنگڑا) بدرالزماں خاں نائطہ، میر معین الدین، میر قمر الدین، میر قاسم علی پٹیل اور میر نورالدین جیسے غداروں کا بھی سامنا تھا، جنہوں نے سلطنتِ خداداد کا استحصال کرنے کا عزم کیا ہوا تھا۔چوتھی اینگلو میسور جنگ 1799ء کے دوران سلطنت خداداد پر ایسٹ انڈیا کمپنی، مرہٹوں اور نظام حیدرآباد کی 50 ہزار کی تعداد میں مشترکہ افواج نے یلغار کی جو ٹیپو کی آخری جنگ ثابت ہوئی۔ سلطان کے غدار افسروں نے آخری وقت تک انگریزوں کی سرگرمیوں سے ٹیپو کو اندھیرے میں رکھا۔ سلطان کو برطانوی افواج کی نقل وحرکت کی اطلاع اُس وقت ملی جب وہ سرنگا پٹم پر اپنا شکنجہ کس چکی تھی۔ تقربیاًپانچ ہزار سپاہی جن میں تین ہزار یورویپن سپاہی شامل تھے، یلغار کے لیے متعین کیے گئے تھے۔ 4مئی کا سورج طلوع ہونے سے قبل ہی ان سپاہیوں کو خندق میں اُتار دیا گیا تاکہ کسی کو شک نہ ہو۔ حملے کے عین وقت میرصادق اور پورنیا نے شگاف اور جنوبی فصیل کی متعینہ فوج کو تنخواہ کے بہانے سے مسجد اعلیٰ کے پاس بلاکر انگریز فوج کو قلعہ پر چڑھ آنے کی سہولت دی۔ اس اقدام کا احتجاج کرنے والا کوئی نہ تھا کیونکہ سید غفار جو سلطان کا انتہائی وفادار تھا بدقسمتی وہ توپ کے ایک گو لے سے شہید ہو چکے تھے۔ اُن کے شہید ہوتے ہی غداروں نے قلعہ سے سفید رومال ہلا کر انگریز فوج کو یلغار کا اشارہ کیا جو پہلے سے خندق میں موجو د تھی۔ اشارہ پاتے ہی فوج نے قلعہ پر دھاوا بول دیا۔ٹیپو نے انگریزوں کے خلاف بھرپور مزاحمت کی اور قلعے کو بند کروا دیا لیکن غدار ساتھیوں نے دشمن کے لیے قلعے کا دہلی دروازہ کھول دیا اور قلعے میں زبردست جنگ چھڑ گئی۔ اس حملہ کے دوران ٹیپو ایک جری سپاہی کی طرح پیدل ہی حملہ آور فوج سے لڑتے رہے۔اگر چہ ٹیپو کے پاس جنگ سے نکلنے کا راستہ تھا لیکن انہوں نے میدان جنگ سے فرار پر شہادت کوترجیح دی۔ بارود کے ذخیرے میں آگ لگ جانے کے باعث مزاحمت کمزور پڑ گئی۔ اس موقع پر فرانسیسی افسر نے ٹیپو کو اپنی جان بچانے کے لیے نکل جانے کا مشورہ دیا مگر ٹیپو سلطان اس پر کہاں راضی ہونے والے تھے۔ وہ اپنے مشہور قول ''شیر کی ایک دن کی زندگی گیدڑ کی سوسالہ زندگی سے بہتر ہے‘‘ پر کاربند تھے ۔ 4 مئی، 1799ء کو میسور کا سورما شہادت کے بلند تر درجے پر فائد ہو ۔بنا کردند خوش رسمے بخون و خاک غلطیدن خدا رحمت کند ایں عاشقانِ پاک طینت را 

المکتوم بین الاقوامی ہوائی اڈہ مستقبل کا جدید ایئرپورٹ

المکتوم بین الاقوامی ہوائی اڈہ مستقبل کا جدید ایئرپورٹ

متحدہ عرب امارات اس وقت دنیا میں نہ صرف کاروباری حب سمجھا جاتا ہے بلکہ متحدہ عرب امارات میں دنیا بھر سے کروڑں لوگ سیاحت کے لئے بھی متحدہ عرب امارات کا رخ کرتے ہیں۔ سات ریاستوں پر مشتمل متحدہ عرب امارات کی سب سے زیادہ شہرت رکھنے والی ریاست دبئی ہے جہاں پر بلند و بالا عمارتیں، شاپنگ مالز اور سیاحوں کی دلچسپی کے لئے دنیا بھر کی کمپنیاں سیمینارز، فیسٹیولز اور دیگر پروگرام کا انعقاد بھی یہیں کرتی رہتی ہیں۔ اسی وجہ سے اس وقت دبئی کا انٹرنیشنل ایئر پورٹ دنیا کا مصروف ترین ایئر پورٹ بن چکا ہے۔ 2023ء میں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 8 کروڑ 70 لاکھ مسافر اور 18 لاکھ دس ہزار ٹن کارگو سامان 4 لاکھ 16ہزار 405 رجسٹرڈ جہازوں کے ذریعے آمدورفت ہوئی اور اس وقت اس ایئر پورٹ پر آنے 51 فیصد مسافر امارات ایئر لائنز کا استعمال کرتے ہیں۔ دبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ شہر کے درمیان میںواقع ہے۔ متحدہ عرب امارات میں مسافروں کے بڑھتے ہوئے رش کے پیش نظر دبئی سے 37 کلومیٹر دور شمالی علاقے جبل علی میں المکتوم بین الاقوامی ہوائی اڈے کو 27 جون2010ء میں کارگو آپریشنز کیلئے کھولا گیا اور اکتوبر 2013ء میں مسافروں کی باقاعاعدہ پروازیں بھی شروع کر دی گئیں۔المکتوم بین الاقوامی ہوائی اڈے پر 24 فروری 2011 کو، ہوائی اڈے کو 60 مسافروں کے ساتھ مسافر طیاروں کو ہینڈل کرنے کی سند دی گئی۔ پہلا مسافر طیارہ ایئربس A319CJ، 28 فروری 2011 ء کو اس ایئر پورٹ تر اترا ۔ ہوائی اڈے کو سرکاری طور پر 26 اکتوبر 2013 کو مسافروں کی پروازوں کے لیے باقاعدہ کھول دیا گیا جس میں ایئر ناس اورایئر ویز دو کیریئرز کے طور پر ہوائی اڈے پر کام کرنے کی اجازت دی گئی۔۔ 2014 کی پہلی سہ ماہی میںاس ہوائی اڈے پے ایک لاکھ 2 ہزار مسافروں کی آمدو رفت ہوئی۔ المکتوم بین الاقوامی ہوائی اڈے کے افتتاح کے وقت، تین کارگو سروس ایئر لائنز بشمول RUS ایوی ایشن، اسکائی لائن ایئر اور ایرو اسپیس کنسورشیم نے اس ایئرپورٹ کی خدمت کی۔اس کے بعد پندرہ اضافی ایئر لائنز نے ہوائی اڈے پر پروازیں چلانے کے لیے معاہدے پر دستخط کیے۔ 2016ء ی پہلی ششماہی میں مسافروں کی تعدادچار لاکھ 10 ہزار 278 تھی جو کہ 2015 کی پہلی ششماہی میںدو لاکھ 9 ہزار 989 تھی اسی وہ وجہ سے منصوبے کے آغاز پر ہی اس دنیا کے سب سے بڑے ایئر پورٹ کو کم استعمال کی وجہ سے سفید ہاتھی بھی کہا جاتا رہا۔گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے المکتوم بین الاقوامی ہوائی اڈے کی توسیع کے لئے نئے ڈیزائن کی کی منظوری دے دی ہے ۔ ہوائی اڈے کی توسیع اور مسافر ٹرمینل کے لئے 128 ملین درہم (34.85 بلین امریکی ڈالر) مختص کئے گئے ہیں۔المکتوم بین الاقوامی ہوائی اڈے کے مکمل ہونے کے بعد تخمینہ لگایا گیا ہے کہ 260 ملین مسافر کی گنجائش کے ساتھ یہ ہوائی اڈے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پانچ گناہ بڑا ہونے کی وجہ سے دنیا کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ ہوگا۔ ہوائی اڈے کے توسیعی منصوبے میں پانچ رن وے ہونگے اور ایک وقت میں مسافروں کے لئے400 ہوائی جہاز ایئرپورٹ کی بلڈنگ کے ساتھ کھڑے کرنے گنجائش ہوگی۔ 2034ء تک امارات ایئر لائن اور فلائی دبئی کی تمام فلائٹیں اس نئے ہوائی اڈے پر منتقل کردی جائیں گی۔امارات کے حکمران شیخ محمد بن راشد کا کہنا ہے کہ نیا ایئر پورٹ ''دبئی سنٹرل ایئرپورٹ( DWC ) مکمل طورپر فعال ہونے کے بعد سالانہ 26 کروڑ مسافروں کی آمد و رفت یقینی ہے اور اس طرح یہ دنیا کا سب سے زیادہ گنجائش والا ائیر پورٹ ہوگا۔ دبئی سول ایوی ایشن کے صدر اورامارات ایئرلائن کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) شیخ احمد بن سعید المکتوم کے مطابق اس منصوبے کا پہلا مرحلہ 10 برس میں مکمل ہوگا اور اس میں سالانہ 15 کروڑ مسافروں کی آمدورفت ممکن ہوگی۔دبئی ورلڈ سینٹرل (DWC) کو ''مستقبل کا ہوائی اڈہ‘‘ کہا جارہا ہے ۔ المکتوم بین الاقوامی ہوائی اڈہ چھ کلسٹرڈ زونز کی 140 کلومیٹر 2 ملٹی فیز ڈیویلپمنٹ جس میں دبئی لاجسٹک سٹی (DLC)، کمرشل سٹی، رہائشی شہر، ایوی ایشن سٹی اور گالف سٹی شامل ہیں۔جب دنیا کے سب سے بڑے ایئر پورٹ کے منصوبے کا آغازکیا گیا تو اس منصوبے کو 2017 تک مکمل طور پر کام کرنے کی توقع تھی، حالانکہ 2007-2012 کے عالمی مالیاتی بحران کی وجہ سے کمپلیکس کی تکمیل کو 2027 ء تک ملتوی کر دیا گیاتھا۔ ہوائی اڈے کے کمپلیکس کو سب سے پہلے ''جبل علی انٹرنیشنل ایئرپورٹ‘‘ پھر ''جبل علی ایئرپورٹ‘‘ بعد ازاں شہر، اور''دبئی ورلڈ سینٹرل انٹرنیشنل ایئرپورٹ‘‘ اور پھر دنیا کے سب سے بڑے ہوائی اڈے کو بالآخر المکتوم بین الاقوامی ہوائی اڈے کا نام ہاؤس آف مکتوم کے نام پر رکھا گیا جو امارات پر مرکزی حکومت چلاتا ہے۔ 

آج کا دن

آج کا دن

ناسا کے ''وینس مشن‘‘ کی روانگی04اپریل 1989ء کو امریکی خلائی ایجنسی ''ناسا‘‘ نے اپنا وینس(زہرہ) کیلئے خلائی مشن ''ایس ٹی ایس 30‘‘ کو روانہ کیا۔ یہ ناسا کا 29واں جبکہ مذکورہ خلائی شٹل کا چوتھا خلائی مشن تھا۔ زہرہ سورج کے بعد دوسرا سیارہ ہے۔یہ مریخ کے قریب ترین واقع ہے جبکہ جسامت میں اپنے مداری سیارے زمین کے برابر ہے۔ 4 مئی کو روانہ ہونے والا یہ مشن چار دن کے بعد یعنی 8مئی کو زہرہ پر اترا۔پاکستان کی آسٹریلیشیا کپ میں فتح1990ء میں آج کے روز کھیلے گئے آسٹریلیشیا کپ میں پاکستان نے آ سٹر یلیا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ آسٹریلیشیا کپ 25اپریل سے 4مئی کے درمیان متحدہ عرب امارات میں کھیلا گیا جس میں 6ٹیموں آسٹریلیا، بنگلہ دیش، بھارت، نیوزی لینڈ، پاکستان اور سری لنکا نے حصہ لیا۔ ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ پاکستان کو ٹورنامنٹ جیتنے پر 30ہزار ڈالر کی انعامی رقم دی گئی۔ پہلے ''ایمی ایوارڈز‘‘ کا انعقاد1959ء میں آج کے روز دنیائے موسیقی کے سب سے معتبر سمجھے جانے والے ''ایمی ایوارڈز‘‘ کی پہلی تقریب کا انعقاد ہوا۔ جس میں 1958ء میں اپنے کام سے لوگوں کو متاثر کرنے والے فنکاروں کے فن کا اعتراف کیا گیا۔ ایمی ایوارڈ کی یہ پہلی تقریب اس حوالے سے منفرد تھی کی اس کا اہتمام بیک وقت دو مختلف شہروں کے دو ہوٹلوں میں کیا گیا تھا۔ یہ تقریب بیورلے ہلز کیلیفورنیا کے ساتھ نیویارک میں منعقد ہوئی جس میں تقریباً 15کیٹیگریز میں ایوارڈز دیئے گئے۔''سیئرز ٹاور‘‘ دنیا کی بلند ترین عمارت قرار پایاشکاگو کے 108 منزلہ ''سیئرز ٹاور‘‘ کو 4 مئی 1973ء کو دنیا کی بلند ترین عمارت قرار دیا گیا۔ اس کی اونچائی 1451 فٹ تھی۔ دبئی میں برج الخلیفہ بننے کے بعد ''سیئرز ٹاور‘‘ سے یہ اعزاز چھن گیا۔ برج الخلیفہ کی بلندی 2717 فٹ ہے اور اسے دنیا کیبلند ترین عمارت ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ اس عمارت کا افتتاح 2010ء میں ہوا تھا۔   

بارش سے محروم اور مسلسل برستی بارش والے علاقے

بارش سے محروم اور مسلسل برستی بارش والے علاقے

اس روئے زمین پر نظام قدرت بھی کتنا عجیب ، پیچیدہ اور حیرت انگیز ہے۔اتنا حیرت انگیز کہ بسا اوقات انسانی سوچ بھی جواب دے جاتی ہے۔ بارشوں کو ہی لے لیں دنیا میں دو شہر ایسے بھی ہیں جہاں آج تک بارش کا ایک قطرہ تک نہیں پڑا جبکہ اس کے برعکس ایک خطہ ایسا بھی ہے جہاں سارا سال مسلسل بارش جاری رہتی ہے ، باالفاظ دیگر آج تک رکی ہی نہیں۔مسلسل بارش کا سامنا کرنے والا شہر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ نمی والا مقام یعنی دنیا میں سب سے زیادہ بارشیں بھارتی ریاست میگھالیہ میں ہوتی ہیں۔ ریاست میگھالیہ کا دارالحکومت شیلانگ ہے جو سارا سال بادلوں سے ڈھکا رہتا ہے۔ میگھالیہ سنسکرت کا ایک لفظ ہے جس کے معنی '' بادلوں کا گھر‘‘ کے ہیں۔ میگھالیہ کا گاوں ماسن رام دنیا کا واحد اور منفرد علاقہ ہے جہاں سارا سال مسلسل بارشیں برستی رہتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اس علاقے کو دنیا کی گیلی ترین زمین کہتے ہیں ۔ماہرین کے مطابق خلیج بنگال کی وجہ سے اس جگہ کو دنیا کی سب سے زیادہ نمی والی جگہ کی شہرت حاصل ہے۔اس کی واحد وجہ ہی یہ ہے کہ یہاں تقریباً ہر روز بارش ہوتی رہتی ہے۔ یہ گاوں سطح زمین سے 1491 میٹر بلند پہاڑ پر واقع ہے جبکہ یہاں اوسطاً بارش 11871ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔ ریاست میگھالیہ کی تہذیب ملک کے دوسرے صوبوں سے یکسر مختلف ہے۔ یہ بہت زیادہ سرسبز و شاداب علاقہ ہے جو پہاڑی سلسلوں کے درمیان واقع ہے۔ یہاں کی بارشوں نے یہاں کے ماحول اور بھی زیادہ سحر انگیز بنا،رکھا ہے جو شاید وہاں کے باسیوں کے لئے تو زیادہ پرکشش نہ ہو لیکن سیاحوں کے لئے یہ منظر مسحور کن ضرور ہوتا ہے۔مسلسل بارشوں کے باعث یہاں چھتریوں کی بجائے لوگوں نے بانس سے بنی خوشنما ٹوپیاں پہن رکھی ہوتی ہیں جسے بیچنے والے سڑک کنارے جابجا ٹھیلے لگائے نظر آتے ہیں۔بارشوں سے محروم بادلوں کے نیچے ایک گاوں سائنسدانوں کے بقول جب پا نی زمین سے بخارات بنکر اڑ جاتا ہے تو زمین کی فضا میں ٹھنڈا ہو کر بادلوں کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔جب یہ بادل کافی بھاری ہو جاتے ہیں تو وہ ہوا سے ٹھنڈے ہونے پر بارش کی صورت میں زمین پر گرنا شروع کر دیتے ہیں۔ بارشیں قدرت کی نعمت بھی ہیں اور زحمت بھی۔بارشیں معمول کی ہوں تو نعمت اور اگر غیر معمولی ہوں تو زحمت۔ ایک حد سے زیادہ بارشیں اپنے ساتھ سیلاب ، طوفان اور ژالہ باری جیسی تباہ کاریاں لے کر آتی ہیں۔دنیا کے تقریباً سبھی خطوں پر کہیں کم اور کہیں زیادہ بارشیں معمول کا ایک عمل گردانا جاتا ہے۔ لیکن بہت سارے لوگوں کیلئے شاید یہ انکشاف نیا ہو کہ اس روئے زمین پر ایک ایسا گاوں بھی ہے جہاں آج تک کبھی بارش نہیں برسی۔ ایتھوپیا کا ''دلول‘‘ نامی یہ گائوں ایتھوپیا اور ارٹیریا کی سرحد کے قریب عفر نامی ریجن میں واقع ہے۔لفظ ''دلول‘‘ یہاں صدیوں پہلے آباد قوم عفر قوم نے اسے دیا تھا،جس کے لفظی معنی ''تحلیل‘‘ ہو جانے کے ہیں۔یہ خطہ چونکہ دنیا کے گرم ترین مقامات میں سے ایک ہے اس لئے یہاں کی آبادی بہت کم نفوس پر مشتمل ہے۔ یہ ایک غیر محفوظ اور نمک کی خوفناک اور گہری کھائیوں پر مشتمل پہاڑی بنجر علاقہ بھی ہے۔بارشوں سے مکمل طور پر محروم اس گائوں کا گرمیوں میں درجہ حرارت 65 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچتا ہے۔جبکہ یہاں کا اوسط درجہ حرارت 40ڈگری سنٹی گریڈ سے کچھ اوپر ہی ہے۔ یہاں بے شمار آتش فشاں موجود ہیں۔انہی آتش فشانوں میں ''دانا ڈپریشن‘‘ نامی علاقے میں واقع '' ایریا ایلے ‘‘ نامی ایک ایسا آتش فشاں پہاڑ ہے جو دنیا کے ایسے چھ آتش فشان پہاڑوں میں سے ایک ہے جو لاوے کے بڑے بڑے ابلتے تالابوں پر مشتمل ہے۔یہ آتش فشاں سطح زمین سے 613 میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔ اگرچہ یہاں تک پہنچنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہے لیکن اس کے باوجود بھی دنیا بھر کے سیاح اور مہم جو جوق در جوق ان خوش رنگ اور منفرد بہتے لاووں کو دیکھنے یہاں چلے آتے ہیں۔ 1926ء میں یہ آتش فشاں دنیا بھر کے سائنس دانوں اور ماہرین کی توجہ کا مرکز اس وقت بنے جب انہوں نے ان آتش فشانوں کے پھٹنے کے بعد یہاں کچھ غیر معمولی تبدیلیاں دیکھیں۔ جس تبدیلی نے ماہرین کو حیران کیا وہ یہاں پر موجود نمک کے ذخائر کا چٹانوں سے 30 میٹر تک ابھر کر سامنے ظاہر ہو جانا تھا۔دراصل یہ علاقہ مقامی نمک سے مالا مال ہے جس کے سبب اسے مقامی طور پر سفید گولڈ کانام بھی دیا جاتا ہے اور یہاں کے باسیوں کا یہ سب سے بڑا ذریعہ معاش بھی ہے۔ دوسری بڑی تبدیلی معمول سے ہٹ کر زلزلوں کا آنا تھا۔ان زلزلوں کے باعث سلفر کے تالابوں میں درجہ حرارت بتدریج بڑھتا ہوا دیکھا جانے لگا۔یہاں پر زیر زمین گرم پانیوں کو زمین کی سطح تک آنے میں پتھر کی متعدد تہوں کو عبور کرنا پڑتا ہے۔نتیجتاًاس عمل کے دوران یہاں نمک، سلفر اور آئرن پیدا ہوتے ہیں ۔دلول گائوں ایک ایسے مقام پر واقع ہے جو دنیا کے سب سے غیر معمولی ہائیڈرو تھرمل علاقوں میں سے ایک ہے۔اس خطے کی ایک منفرد بات یہ بھی ہے کہ اس کا بیشتر حصہ سطح سمندر سے 125 میٹر نیچے ہے۔ بارشوں سے محروم بادلوں کے اوپر ایک گاوںعام طور پر بارش کے متلاشی آسمان کی طرف رخ کر کے بارش کے آنے یا نہ آنے کا اندازہ کرتے نظر آتے ہیں۔ظاہر ہے بارشیں آسمانوں سے ہی برسا کرتی ہیں لیکن آپ کو سن کر حیرت ہو گی کہ اس روئے زمین پر ایک ایسا گائوں بھی ہے جہاں آج تک بارش کا ایک قطرہ بھی نہیں پڑا لیکن وہ بارش کا منظر دیکھنے کیلئے اوپر کے بجائے نیچے کی جانب دیکھتے نظر آتے ہیں کیونکہ ان کے گائوں کے نیچے اکثر و پیشتر بارشیں برستی رہتی ہیں۔ ''الحطیب‘‘ نام کا یہ منفرد گاوں ملک یمن کے دارالحکومت صنعا اور الحدیدہ کے درمیان ایک پہاڑی علاقے میں واقع ہے۔اس گائوں کی انفرادیت یہ ہے کہ یہ سطح زمین سے لگ بھگ 3200میٹر بلندی پر سرخ رنگ کے پہاڑ کی چوٹی پر واقع ہے لیکن یہاں آج تک بارش کا ایک قطرہ تک نہیں پڑا ۔ اس کی وجہ بڑی دلچسپ ہے۔یہ گائوں چونکہ زمین سے 3200 میٹر کی بلندی پر واقع ہے جبکہ بادل زمین سے 2000 میٹر کی بلندی پر بنتے ہیں۔بالفاظ دیگر بلندی پر رہنے کے سبب یہاں کے باسی بارش کی نعمت سے مستفید نہیں ہو پاتے جبکہ ان بادلوں کے نیچے بسنے والے باسی وقتاً فوقتاً بارش سے محظوظ ہوتے رہتے ہیں جنہیں ان سے اوپر رہنے والے حسرت بھری نظروں سے دیکھتے ہیں۔ یہاں کا موسم گرم اور معتدل رہتا ہے تاہم سردیوں میں صبح کے وقت موسم سرد رہتا ہے لیکن سورج کے طلوع ہوتے ہی یہ گرم ہونا شروع ہو جاتا ہے۔  

سنان ابن ثابت: علم و تحقیق کے آسمان کا روشن ستارہ

سنان ابن ثابت: علم و تحقیق کے آسمان کا روشن ستارہ

حران کے مشہور طبیب ریاضی دان اور مترجم ثابت ابن قرہ(830ء تا 901ء) کا یہ لائق فرزند بغداد میں 880ء کے قریب تولد ہوا، (ایک اور ذرائع کے مطابق اس کا سن پیدائش 850ء ہے)۔ جس طرح اس کے والد نے طب اور ریاضی کے میدان میں نمایاں کارنامے سرانجام دیئے، اسی طرح بلکہ اس سے بہت بڑھ کر اس کا بیٹا بھی علم و تحقیق کے آسمان پر سورج بن کر چمکا۔ یہی نہیں بلکہ آگے سنان ابن ثابت کے بیٹے اور ثابت ابن قرہ کے پوتے ابراہیم ابن سنان نے بھی اپنے دادا اور والد سے حاصل کی ہوئی علمی میراث سے تشنگان علم و تحقیق کو خوب سیراب کیا۔ سائنس کی تاریخ میں شاذو نادر ہی ایسا اتفاق ہوتا ہے۔ مغربی دنیا میں اس کی مثال بیکرل خاندان میں ملتی ہے۔ اے سی بیکرل، اس کا بیٹا اے ای بیکرل اور پھر اس کا پوتا اے ایچ بیکرل تینوں اپنے اپنے دور کے مشہور سائنسدان گزرے ہیں۔سنان ابن ثابت کا والد ثابت ابن قمرہ ممتاز سائنسدان محمد بن موسیٰ بن شاکر کے کہنے پر حران سے بغداد آئے اور پھر یہیں مستقل سکونت اختیار کر لی ۔یوں سنان ابن ثابت کو آغاز ہی سے بغداد کی علمی فضا میں اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا موقع ملا۔ سنان نے ریاضی اور طب کی ابتدائی تعلیم اپنے والد سے ہی حاصل کی۔ مشہور تاریخ نگار المسعودی، سنان ابن ثابت کے حوالے سے عباسی خلیفہ المعتضد (دور خلافت 892 تا 902ء) کے دربار کے طریق زندگی کا نقشہ بیان کرتا ہے۔ بظاہر 908ء سے پہلے سنان کا دربار سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ پھر المقتدر(دور خلافت 908ء تا 932ء) کے عہد میں اسے دربار کے حکیم اور طبیب کی حیثیت مل گئی اور اسی طرح وہ خلیفہ القاہر(دور خلافت932ء تا 934ء) اور خلیفہ الراضٗی (دور خلافت 934ء تا 940ء) کے دور میں بھی دربار سے منسلک رہا۔ ایک دوسرے مستند ذریعے کے مطابق892ء میں ہی جب معتضد خلیفہ بنا تو سنان کے والد نے جو اس وقت افسر الاطبا کے عہدہ پر متمکن تھا، سنان کو اپنی جگہ مقرر کروا دیا تھا۔ اسی ماخذ کے مطابق 902ء میں معتضد کی وفات کے بعد مکتفی کے دور خلافت میں سنان بن ثابت کو تمام سرکاری شفا خانوں کا مہتمم اعلیٰ بنا دیا گیا۔ اس دور میں اس کے عمل کا دائرہ سفری شفاخانوں اور جیل میں طبی سہولتوں کے بہم پہنچانے تک محدود تھا اور پھر امن کے بعد مقتدر کے دور میں وہ نہ صرف اس عہدے پر فائز رہا بلکہ اب اس کی حیثیت ایک وزیر صحت کی سی ہو گئی۔ اس نے اپنی لیاقت اور قابلیت کی وجہ سے جلد ہی بغداد کے تمام اطباء میں اعلیٰ مقام حاصل کر لیا۔931ء میں جب ایک عطائی کے غلط علاج کے باعث ایک مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تو مقتدر کے حکم کے مطابق سنان نے مطب کرنے والے تمام اطباء کا ایک امتحان لیا اور بغداد کے تقریباً ایک ہزار میں سے صرف سات سو کے قریب اطباء کو مطب کھولنے کی اجازت دی گئی۔ اس امتحان سے صرف ان چند ایک اطباء کو مستثنیٰ رکھا گیا جو پہلے ہی اچھی شہرت رکھتے تھے۔اس کے والد ثابت ابن قرہ نے پیرانہ سالی میں اسلام قبول کر لیا تو سنان بھی مسلمان ہو گیا۔ اس وقت اس کی عمر (تاریخ پیدائش850ء کے لحاظ سے) 40سال تھی، یوں اس کے قبول اسلام کا سال تقریباً 890ء متعین ہوتا ہے۔ راضی کی وفات کے بعد اس نے واسط( کوفہ اور بصرہ کے درمیان ایک شہر کا نام) کے امیر ابوالحسین بحکم کی جسمانی صحت اور اخلاق و کردار کی دیکھ بھال شروع کردی۔ بغداد ہی میں 943ء میں اس کا انتقال ہوا۔سنان کی تصانیف میں سے بدقسمتی سے اب کوئی بھی موجود نہیں۔ ابن القفطی کے بیان کے مطابق سنان کی تصنیفات کو تین سلسلوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔ پہلا تاریخی سیاسی، دوسرا ریاضیاتی اور تیسرا فلکیاتی۔ ابن القفطی کی فہرست میں سنان کی کسی طبی تصنیف کا نام نہیں ملتا۔ پہلی قسم کی کتابوں میں ایک رسالہ وہ ہے جس میں سنان ابن ثابت خلیفہ المعتضد کے دربار کے طریق زندگی کے بارے میں معلومات پیش کرتا ہے۔ اس رسالے میں وہ دوسری بہت سی باتوں کے علاوہ افلاطون کی کتاب ''ری پبلک‘‘ کے مطابق ایک فلاحی مملکت کا ڈھانچہ متعین کرکے دیتا ہے۔ السعودی اس کی اس پیشکش پر تنقید کرتے ہوئے کہتا ہے کہ سنان کو چاہئے تھا کہ وہ خود کو اپنی قابلیت کے دائرے سے متعلق مضامین تک ہی محدود رکھتا۔ مثلاً اس کو اقلیدس کے علوم، المجسط، فلکیات، موسمیاتی، مظاہر، منطق، مابعد الطبیعیات اور سقراط، افلاطون اور ارسطو کے نظام فلسفہ تک محدود رہنا چاہئے تھا۔دوسرے سلسلے کی کتابوں میں چار ریاضیاتی رسالے ہیں۔ ان میں ایک ''عضد الدولہ‘‘ کے نام منسوب کی گئی ہے۔ عضد الدولہ کی درخواست پر ابوسہل القوہی نے اس کی اس تصنیف کی ایک تفسیر کی اصلاح کی ہے۔ ریاضیاتی سلسلے کی دوسری کتاب ارشمیدس کی ''on triangles‘‘سے متعلق ہے سا سلسلے کی تیسری کتاب افلاطون کی کتاب''on Elements of Geometry‘‘کی تصحیح و اضافے کے بعد لکھی گئی ہے۔ یہاں ایک حل طلب مسئلہ یہ ہے کہ افلاطون کی یہ کتاب کہیں وہی تو نہیں جوآیا صوفیہ میں ''المفردات‘‘ کے نام سے پڑی ہے۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ اوپر بیان کئے گئے پہلے دو رسالے سنان کے نہیں ہو سکتے کیونکہ ان میں مخاطب کی گئی شخصیات دسویں صدی کے دوسرے نصف میں بامِ عروج کو پہنچیں جبکہ سنان دسویں صدی کے پہلے نصف ہی میں انتقال کر گیا تھا۔تیسرے سلسلے کی کتابوں میں سے ''کتاب الانواع‘‘ ( منسوب بہ المعتضد) کے مندرجات کے بارے میں صرف البیرونی کے اقتباسات کے ذریعے کچھ معلوم ہوا ہے۔ موخر الذکر کتاب کا حوالہ ابن القفطی نے اور ابن الندیم نے اپنی کتاب 'الفہرست‘ میں دیا ہے۔ محققین ان کی وجوہات پر مختلف رائے رکھتے ہیں۔ کچھ کے نزدیک یہ موسمیاتی خصوصیات ستاروں کے طلوع و غروب سے پیدا ہوتی ہیں۔ کچھ دوسرے محققین اس کو گزرے ہوئے ایام کے موسم کے تقابل کے لحاظ سے لیتے ہیں۔

آج کا دن

آج کا دن

K-19کی روسی بحریہ میں شمولیت1961ء میں آج کے دن روسی نیوکلیئر آبدوز''K-19‘‘ کو بحریہ میں شامل کیا گیا۔ یہ سوویت آبدوزوں کی پہلی جنریشن تھی جو ایٹمی ہتھیاروں سے لیس تھی۔ یہ آبدوز امریکی آبدوزوں کے جواب میںبنائی گئی تھی۔ اس کی تیاری کے دوران 10 سویلین ورکرز اور ایک ملاح مختلف حادثات میں ہلاک ہوئے۔'' K-19‘‘ کے شروع ہونے کے بعد، آبدوز میں متعدد خرابیاں سامنے آئیں ،کئی مرتبہ تو آبدوز کے ڈوبنے کا خطرہ پیدا ہو گیا۔امریکہ کا عالمی میلہ1939ء میں آج کے دن امریکہ میں عالمی میلے کا انعقاد کیا گیا ۔یہ اس وقت کا سب سے مہنگا امریکی میلہ تھا۔ اس میلے میں دنیا کے بہت سے ممالک نے شرکت کی۔ حیران کن بات یہ تھی کہ صرف دو سیزنز میں اس میلے میں 44 ملین (4کروڑ40لاکھ )افراد نے شرکت کی۔اس نمائش کا مقصد لوگوں کو مستقبل میں ہونے والی تبدیلیوں سے متعارف کروانا تھا ۔ اس میں ''نئے دن کی صبح‘‘ اور '' کل کی دنیا‘‘ کے عنوان سے لوگوں کیلئے مختلف اشیاء کی نمائش کی گئی۔عالمی میلے کے شروع ہونے کے چار ماہ بعد عالمی جنگ شروع ہو گئی جس کی وجہ سے بہت سی نمائشیں متاثر ہوئیں۔ 1940ء میں میلے کے اختتام کے بعد، بہت سی نمائش گاہوں کو منہدم کر دیا گیا تھا۔یورپی یونین میں دس ممالک کی شمولیتیورپی یونین کی تاریخی توسیع کے دوران 30اپریل2004ء کو دس ممالک یورپی یونین میں شامل ہوئے۔ یہ ممالک کئی دہائیوں سے سوویت نظریات کی وجہ سے مغربی ممالک سے الگ ایک خطے کے طور پر موجود تھے۔ ان ممالک کی شمولیت کو یورپی یونین کی تاریخ کی سب سے بڑی توسیع اس لئے بھی کہا جاتا ہے کیونکہ ان 10ممالک کی شمولیت سے یورپی یونین کی آبادی450ملین تک پہنچ گئی۔شامل ہونے والے ممالک میں قبرص ،مالٹا،چیک، ایسٹونیا، ہنگری، لٹویا، لتھوانیا، پولینڈ، سلواکیہ اور سلونیا شامل تھے۔''سٹالگ لوفٹ‘‘ سے قیدیوں کی آزادی''سٹالگ لوفٹ‘‘ قیدیوں کیلئے بنایا گیا جرمن کیمپ تھا۔یہ کیمپ بارتھ، ویسٹرن پومیرانیا، جرمنی میں گرفتار ہونے والے اتحادی فضائیہ کے اہلکاروں کیلئے تھا۔ کہا جاتا ہے کہ جیل کیمپ کی موجودگی نے بارتھ قصبے کو اتحادیوں کی بمباری سے بچا لیا تھا۔ تقریباً 9 ایئر مین7ہزار 588 امریکی اور ایک ہزار351 برطانوی اور کینیڈین قیدی وہاں موجود تھے۔ ان قیدیوں کو 30 اپریل 1945ء کی رات کو روسی افواج نے آزاد کروایا تھا۔ قیدیوں کو سوویت فوج کی پیش قدمی کے پیش نظر کیمپ خالی کرنے کا حکم دیا گیا۔ زیم کے اور کمانڈنٹ کے درمیان گفت و شنید کے بعد، اس بات پر اتفاق ہوا کہ بیکار خونریزی سے بچنے کیلئے محافظ جنگجوؤں کو پیچھے چھوڑ کر جائیں گے لیکن ان اقدامات کا کوئی فائدہ نہ ہوا اور روسی افواج نے قیدیوں کو آزاد کروا لیا۔