ہوٹل یا ریستوران کے 12 آداب
اسپیشل فیچر
ہر شخص بسااوقات کھانا کھانے کے لیے ہوٹل جاتا ہے۔ عموماً ہوٹل یا ریستوران میں داخل ہوتے ہی بیرا ہمیں سلام کرتا ہے اور مناسب جگہ کی طرف بیٹھنے کے لیے اشارہ کرتا ہے۔ رش کے اوقات میں بیرا آپ کو سیٹ خالی ہونے کا انتظار کرنے کا بھی کہہ سکتا ہے۔ ایسے موقعوں پر غصے میں نہ آئیں تحمل سے کام لیں۔ کچھ رہ نما اصول درج ذیل ہیں۔ (1) زیادہ تر ریستورانوں میں مینو گاہک کے سامنے رکھا جاتا ہے کہ جو ڈش وہ چاہے منگالے، اس صورت میں ہر ڈش کی قیمت مختلف ہوتی ہے جو گاہک کو دینا پڑتی ہے مگربعض صورتوں میں بوفے سسٹم بھی ہوتا ہے جس میں فی آدمی چارج کیا جاتا ہے۔ (2) بیرا عموماً کھانے سے پہلے کچھ پینے کے بارے میں پوچھتا ہے، اگر آپ کو سوپ پسند ہے تو کھانے سے پہلے وہ منگالیں۔ سوپ کے ساتھ کچھ سنیکس بھی منگائے جا سکتے ہیں۔ اگر سوپ پسند نہیں تو پہلے ہی کھانے کا آرڈر دے سکتے ہیں۔ ہوٹلوں میں بہت سے کھانے ہوتے ہیں آپ اپنی مرضی کا خود منتخب کر سکتے ہیں۔(3) عموماً رواج یہی ہے کہ بیرا کھانے سے قبل ہی میز سجانا شروع کر دیتا ہے۔ وہ سلاد رائتہ اور کیچپ پہلے رکھتا ہے تاکہ کھانے کے ساتھ کھا سکیں۔ اس کے بعد کھانا رکھا جاتا ہے۔ (4) اگرکھانا آپ کی ضرورت سے زیادہ ہے تو باقی آرڈر واپس بھیج دیں۔ (5) کھانے کے دوران اگر ویٹر کی ضرورت پڑے تو سب سے قریبی بیرے کو آنکھ کے اشارے سے بلائیں۔ہوٹل میں چیخ کر ویٹر کو بلانا بدتہذیبی میں شمار ہوتا ہے۔ (6) نیپکن کو جھولی میں پھیلا لیں۔ کھانے کے مطابق چھری، کانٹے اور چمچ کو استعمال کریں۔ نان، چپاتی روٹی وغیرہ ہاتھ سے کھائیں۔ (7) کھانے کے اختتام پر ویٹر گرم پانی کا برتن لائے گا، اس میں ہاتھ بھگو کر رگڑلیں اور پھر نیپکن سے ہاتھ صاف کرلیں۔ (8) یہ رواج ہے کہ کھانے سے پہلے بیرے چمچ کانٹوں کو حرف A کی شکل میں رکھتے ہیں۔ کھانے کے بعد آپ انہیں H کی شکل میں پلیٹ کے درمیان رکھ دیں اس کا مطلب ہو گا کہ آپ نے کھانا کھا لیا ہے اور اب ویٹر ٹیبل صاف کر دے۔ (9) میٹھا، باقاعدہ کھانا کھانے کے بعد منگائیں۔ (10) کھانے کے بعد ویٹر کوبل لانے کے لیے کہیں۔ نقد یا کریڈیٹ کارڈ کی صورت میں ادائیگی کریں اگر کریڈٹ کارڈ سسٹم وہاں موجود ہے تو… یہ اعلیٰ آداب میں سے ہے اگر جانے سے پہلے ویٹر کے لیے کچھ ٹپ چھوڑ جائیں۔ ٹپ کے علاوہ اچھی سروس کی تعریف بھی کر دیں۔ (11) اگر کھانا اچھا نہ بنا ہو تو اس پر غصے میں نہ آئیں۔ ویٹر کو کہہ کر منیجر کو بلائیں اور باوقار اور مہذب انداز میں اپنی شکایت ریکارڈ کرائیں۔ (12) جب باہر جانے لگیں تو دربان کو مسکراتے ہوئے شکریہ کہیں۔ ٭…٭…٭