چہرے کی جلد کے نکھار کے لیے غیر ضروری اور ضروری باتیں
اسپیشل فیچر
خوبصورت نظر آنے کی خواہش ہر عو رت میںہوتی ہے ۔زمانہ حال میں جسم کو خوبصورت رکھنے کے لئے لوگ جتنے جتن کرتے ہیں وہ اس بات کی واضح عکاسی کرتے ہیں کہ صرف خواتین ہی نہیں بلکہ مرد بھی اپنی ظاہری خوبصورتی اور فٹنس کے بارے میں بہت حساس ہوتے ہیں بعض اوقات تو ایسا دکھائی دیتا ہے کہ معاشرے میں ایک دوسرے سے بڑھ کر خوبصورت اور پر کشش نظر آنے کی دوڑ لگی ہوئی ہے ۔ خوبصورتی صرف گوری رنگت اور پرکشش نقوش کا ہی نام نہیں بلکہ ان سب سے اہم اور بنیادی اہمیت کی حامل چیز انسان کا متناسب جسم اور خوبصورت سراپاہے ۔آج کل ہماری خواتین میں گوراہونے کی جستجو کینسر کی طرح پھیل گئی ہے ۔اس بے جا خواہش کا فائدہ کمر شل کریم اور صابن بنانے والوں نے اپنا کار وبار چلانے میںخوب اٹھایا ہے۔بازار میں ملنے والی طرح طرح کی غیر مستند اور غیر معیاری کمرشل کریمیں جہاں آپ کا رنگ نکھارتی ہیں وہاں ہی ان میں موجود اسٹیرائیڈ ز( جنسی ہارمون ) ،پارا اور ہاڈر کیمیکل جلد کو انتہائی مضر اثرات سے دوچار کرتی ہیں جس میں ٭مستقل طور پر چہرے کی جلد کا پتلا ہو جانا اور الرجی ٭داغ دھبوں اور بد نما نشان اور چھائیو ںکا پڑنا ٭چہرے پر اضافی موٹے بالوں کا مستقل طور پر نمایاں ہونا ٭کیل مہاسے، جھریاں، چہرے کی مستقل سرخی اور لالی کا باعث بنتی ہیںان میں پارے کی زیادہ مقدارکا استعمال ، مرکری پوا ئزنگ کے نتائج سے دوچار کرتی ہے جس سے مسلسل سر میں درد، یاداشت کی کمی اور جلد پرجلن اور دھبوں کا بننا شامل ہیں ۔میرے پاس اکثر ایسی خواتین اور بچیاں آ تی ہیںجنہوں نے عام ملنے والی، گورا کرنے کے وعدے لئے کریموں یا ان کے مکسچر کا استعمال کیا اور اپنی ہموار ، چکنی اور خوبصورت چہرے کی جلد کے بدلے میںسرخ اور کالے بد نما دھبے ، کیل مہاسے اور چہرے پراضافی موٹے بالوں غرض کہ شدید خوفناک اور مضر نتائج حاصل کئے ۔ لہٰذا غیر تو ثیق شدہ اور غیر سند یافتہ گورا کرنے والی کریمو ں کے استعمال سے مکمل گریز کریں ۔ جلد کے نکھار اور دلکشی کے لئے مندرجہ ذیل نکات کا خیال رکھیں ۔ ۱۔ غذا :خالی میک اپ کر لینے سے جسم کا حقیقی حسن اجاگر نہیں ہوتا بلکہ جسم میں صاف خون کی مناسب مقدار چہرے پر تازگی اور شگفتگی لاتی ہے۔لہٰذا کوشش کریں کہ رنگ گورا کرنے کی بجائے مجموعی خوبصورتی حاصل کی جائے اور مہنگی کریموں پر بے جا رقم ضائع کرنے کی بجائے اچھی اور متوازن غذا استعمال کریں کیونکہ جسمانی اور اندرونی صحت آپ کی جلد پر بے حد نمایاں ہوتی ہے ۔آپ کی غذا فائدہ مند وٹامن اور معدنی اشیاء سے بھرپور ہو جس میں وٹامن اے ،سی ،ای اور بی کامپلیکس جلد کوقدرتی نکھار او ر رونق ،کیل مہاسے ،جھریو ںاور داغ دھبوںسے نجات،جلد کو لچک،اینٹی اوکسیڈینٹ ، کولاجن اور اس کو لمبے عرصے کے لئے ہمواری اور جوانی بخشتی ہیں۔ ان وٹامن کے حصول کے لئے ضروری ہے کہ غذا میں تازہ ہری سبزیاں ،گاجر، لیموں ،کھیرا ، ٹماٹر،دودھ ،انڈا ،پھل مثلاََسیب ، کینو، آڑو ،انار اور اسٹرابری شامل کریں ۔ مختلف معدنی غذائیں مثلاََسیلنیم جو اور گندم ،انڈے اورسمندری غذا میں موجود اجزا چہرے کو تروتازگی بخشتے ہیں ۔ اسی طرح کاپر ،زنک،مینگینیز،کیلشیم جلد میںریشہ (کولا جن ) بنا کر اس کو مضبوطی اور خوبصورتی ،کیل مہاسوں کی افزائش روک کر جلد کو مناسب نشوونما فراہم کرتا ہے ۔ ۲۔ پانی کا استعمال :روزانہ 8 - 10 گلاس پانی پینے سے آپ کے جسم سے زہریلے اجزا خارج ہوجاتے ہیں۔اس سے جسم کو قدرتی شادابی اور نکھار ملتا ہے۔ آج کل گرمیوںمیںپانی کی بوتل اپنے ہمراہ رکھیں ۔۳ ۔ سن بلاک :سن بلاک کا استعمال چہرے کی چمک کے حصول کے لئے اپنی زندگی کا لازمی جزو بنا لیں ۔دھوپ میں نکلنے سے ۱۰ منٹ پہلے یا ہر تین گھنٹہ بعد 1/2چائے کا چمچ مستند سن بلاک spf 30 کا استعمال نہ صرف جلد کو دھوپ سے بچاتا ہے اور جلد کی رنگت سنوارتا ہے بلکہ اس میں موجود موئسچرائزر پورے دن کے لئے کافی ہوتاہے ۔۴۔ ہیمو گلوبن :جلد کا پیلا پڑنا ،زرد ہونا اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ آپ کا خون صاف رکھنے والا جزو ہیمو گلوبن کی کمی کا شکار ہیں یا عام زبان میں خون کی کمی ہے۔ نارمل حالات میں عورتوں کا ہیمو گلوبن 12.1-15.1mgldlاور مردوں کا 13.8-17.2mgldl ہونا چاہیے۔ جبکہ ہمارے معاشرے کی اکثر خواتین غذا کی کمی (آئرن اور وٹامن بی 12) حمل، ماہواری کی زیادتی ،خون یا پیٹ کی کسی بیماری کی وجہ سے خون کی کمی کا شکار ہوتی ہیں جو نہ صرف جلد کا رنگ ماندہ اور بے رونق کرتا ہے بلکہ کاہلی ،تھکاوٹ ،آنکھوںکی تھکن نمایاںکرتا ہے،دل کی دھڑکن تیز ہونا اور کئی دوسری علامات بھی ظاہر کرتا ہے ۔لہذا اپنا خون کا ٹیسٹ ڈاکٹر کے مشورے سے کروائیں اور اپنی غذامیں متوازن، ترشے،رسیلے پھل ،مچھلی اور ہری سبزیوں کو شامل کریں۔۵ ۔ Tretin-X 0.2%:چہرے پر کیل مہاسے کی شکایت اکثر نوجوان لڑکیوں ،لڑکوں اور خواتین میں پائی جاتی ہے جو جلد کی خوبصورتی کو تہس نہس کر دیتی ہے۔کمرشل کریموں سے مکمل ا جتناب ،ذاتی حفظان صحت مثلاََچہرے پر ہاتھ اور سر کے بال لگنے سے بچانا،تکیہ غلاف تین سے چار دنوں تک بدلنا ،تلی ہوئی اشیاء سے پرہیزاور رات کو سونے سے پہلے معمو لی مقدار میں Tretin-X0.2%کریم دانوں پر دو ہفتہ لگائیں اور مستند ڈاکٹر سے مشورہ جاری رکھیں ۔مکمل اور مناسب خیال نئے کیل مہاسے بننے سے روکے گا اور جلد صاف ہو گی۔۶۔نیند :چہرے کی شادابی ،ذہنی و اعصابی صحت ، آنکھوںکے گرد حلقوں سے بچائو کے لئے انتہائی ضروری ہے کہ رات11 سے صبح 6 بجے تک کی 7-8 گھنٹے کی پرسکون فکر و تردد سے آزاد نیند حاصل کی جائے ۔۷۔ چہرے کی صفائی:دن بھر میک اپ ،گرد وغبار اور چکنائی چہرے کے کھلے مسام میں جمع ہوتے ہیں لہذا دن میں چار سے پانچ مرتبہ چہرہ دھونے ،رات کو معیاری کلینرر سے صاف کرنے اور موسچرائزنگ سے جلد تروتازہ نظر آتی ہے ۔۸۔ورک آئوٹ:دل کا مناسب کام کرنا جسمانی قوت بخشتاہے اور خون کی روانی تیزکر کے جلدکو قدرتی نکھار اور خوشنمارنگت دیتاہے۔ زندگی کی بھاگ دوڑ سے اپنے لئے مناسب وقت نکال کر ایکسرسائز کرناآپ کے لئے بے حد مفید ہے ۔