مزاق رات کا ریکارڈ : پاکستان کے 17 نیوز چینلز پر دکھائے جانے والے 80 پروگراموں میں نمبرون قرار پایا
اسپیشل فیچر
سہیل احمد عزیزی ’’ دنیا نیوز ‘‘ کا پہلا اعزاز ہیں ، ’’ حسب ِ حال ‘‘ ایک ہزار شوز مکمل کر کے منفرد ریکارڈ قائم کر چکا ہے ************’’ مذاق رات ‘‘ کے میزبان نعمان اعجاز کو اس کردار میں بھی پسند کیا گیا ، محسن عباس حیدر المعروف ڈی جے کا کردار بہت سراہا جا رہا ہے، امان اللہ ، سخاوت ناز ، افتخار ٹھاکر اور جواد وسیم قہقہوں کے طوفان برپا کر رہے ہیں ***********گزشتہ عید الفطر کے دن سے شروع ہونے والا ’’دنیا نیوز ‘‘ کا پروگرام ’’مذاق رات ‘‘ کامیابیوں کے ریکارڈ توڑتا ہوا اگلی منزلوں کی جانب گامزن ہے ۔بے پناہ پذیرائی حاصل کر کے پاکستان کے 17نیوز چینلز کے 80پروگرامز میں سرِ فہرست آنے پر ’’دنیا نیوز ‘‘ اور ’’مذاق رات ‘‘ کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ۔ (C &S) کیبل اینڈ سیٹلائٹ کے ماہ جون کے سروے کے مطابق ’’مذاق رات ‘‘ کو ہرقسم کے پروگرام کی کٹیگری میں نمبرون قراردیاگیاہے۔قابل ذکر امر ہے کہ ’’مذاق رات ‘‘ کونہ صرف سیاسی طنز ومزاح کے پروگراموں میں سب سے آگے قراردیاگیاہے بلکہ مقابلہ میں ٹاک شوزاورکرائم شوز بھی شامل ہیں جنہیں عام طور پر مقبول ترین پروگراموں کی فہرست میں شامل کیاجاتاہے۔ پاکستان سمیت پوری دنیا سے دنیا نیوز کے شائقین نے خطوط ،ای میلز اور سوشل میڈیا پر اپنا فیڈ بیک دے کر نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے ۔کسی بھی پروگرام کو ناظرین کی توجہ اپنی طرف راغب کرنے اور پذیرائی حاصل کرنے میںکئی ماہ لگ جاتے ہیں لیکن دنیا نیوز کا اعزا ز ہے کہ پہلے دن سے ہی پروگرام ’’مذاق رات ‘‘ ناظرین کی توجہ اور دلچسپی کا مرکز بن گیا ۔پروگرام کے میزبان نعمان اعجاز جن کا شمار پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری کے صف ِ اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے انہیں شائقین نے اس روپ میں بھی بے پناہ سراہا ہے۔مذاق رات کے ڈی جے محسن عباس حیدر ،مذاق راتی ٹیم کے کپتان امان اللہ ،سخاوت ناز ،افتخار ٹھاکر ، جواد وسیم اور آسٹروپامسٹ سامعہ خان کے حسین امتزاج نے پروگرام کے ماحول کو دو آتشہ کر دیا ہے ۔’’مذاق رات ‘‘ طنزو مزاح کا وہ پروگرام ہے جس میں اخلاقی اقدار کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کسی کی عزت ِ نفس کو مجروح نہیں کیا جاتا ۔اب تک ’’مذاق رات ‘‘ پاکستان کی تمام سیاسی پارٹیوں سے وابستہ نامور شخصیات سمیت سماجی شخصیات اور بر صغیر کے معروف گلوکار و اداکاروں نے شرکت کی ہے ۔مذاق رات کے وہ یادگار لمحات ناظرین کبھی فراموش نہیں کر پائیں گے جب خادم ِ اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے شرکت کر کے پروگرام کو چار چاند لگادیئے تھے ۔’’مذاق رات ‘‘ وہ واحد پروگرام ہے جس میں میاں شہباز شریف نے بطور ِ وزیر ِ اعلیٰ شرکت کی ۔میاں شہباز شریف کی خوشگوار گفتگو اور چٹکلوں نے پروگرام کو کشت ِ زعفران بنا دیا ۔اس پروگرام میں وزیر ِ اعلیٰ پنجاب کے ہمراہ ہر دلعزیز ،حسب ِ حال کے عزیزی سہیل احمد بھی تھے ۔مذا ق راتی ٹیم نے اپنے پرانے عزیز ،عزیزی کو دیکھا تو مزاحیہ جملوں کی بوچھاڑ کر دی جن کا عزیزی نے ڈٹ کر مقابلہ کیا تو فیفا ورلڈ کپ کے فائنل جیسا سماں پیدا ہو گیا ۔ سہیل احمد المعروف عزیزی اور ان کا پروگرام ’’حسب حال ‘‘ دنیا نیوز کا پہلااعزاز ہے۔سیاسی طزومزاح کی تاریخ کا ’’حسب حال ‘‘ وہ واحد پروگرا م ہے جو گذشتہ 5برس سے اپنی مقبولیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔یہ بھی ’’حسب حال ‘‘ کا منفرد اعزاز ہے کہ ہفتہ میںچار شوز کو اگر ہفتہ وار نشر کیاجاتا تو یہ عرصہ اور مدت 20سال تک پھیل سکتے تھے۔’’حسب حال ‘‘ اپنے آغاز سے اب تک 1000ہزار شوز مکمل کرکے اگلی منزلوں کی طرف رواں دواں ہے۔ ’’مذاق رات ‘‘ میں شرکت کرنے والے دیگر سیاستدانوں میں شیخ رشید احمد ،شاہی سید ،نبیل گبول،غلام احمد بلور ،لیاقت بلوچ ، قمر الزمان کائرہ،شفقت محمود ،جہانگیر بدر ،رانا ثناء اللہ ،رانا مشہود ،عابد شیر علی ،چوہدری شجاعت حسین فیصل رضا عابدی ،فیصل سبزواری ،ڈاکٹر فاروق ستار ، اسد عمر ،ماروی میمن ،فردوس عاشق اعوان ،شہلا رضا ،حنا پرویز بٹ سمیت دیگر شامل ہیں ۔ٹی وی چینلز کے ٹاک شوز ،پریس کانفرنسوں اور جلسوں میں شعلہ بیانی اور سیاسی حریفوں کو تنقید کا نشانہ بنانے والے سیاستدانوں کی شخصیت کے خوشگوار پہلو کو منظر ِ عام پر لانے کا کریڈٹ ’’مذاق رات ‘‘ کو ہی جاتا ہے ۔’’مذاق رات ‘‘ میں اب تک پاکستان کی ڈرامہ،فلم اور میوزک انڈسٹری کی تمام تر معروف شخصیات شرکت کر چکی ہیں جبکہ پاکستان کے سٹار کرکٹر ز نے بھی پروگرام میں شرکت کر کے اپنی حسِ مزاح اور حاضر جوابی سے شائقین کو حیران کر دیا ۔اب تک شرکت کرنے والے کرکٹرز میں اکمل برادران ،محمد عامر ،وہاب ریاض ،محمد حفیظ اور احمد شہزاد شامل ہیں ۔ان کے علاوہ ظہیر عباس جیسے ماضی کے معروف کرکٹ ہیروز نے بھی شرکت کر کے پروگرام کی رونقیں دوبالا کی ہیں۔ ’’مذاق رات ‘‘ کے میدان میں پاکستان اور بھارت کی ویمن کبڈی ٹیموں کے درمیان ہونے والے دوستی کے دنگل کو ناظرین ہمیشہ یاد رکھیں گے ۔’’مذاق رات ‘‘ پاکستان کا واحد پروگرام ہے جس میں بالی وڈ کے لیونگ لیجنڈ معروف کریکٹر ایکٹر اوم پوری نے شرکت کی ہے ۔بچپن سے لاہور دیکھنے کی شدید خواہش رکھنے والے اوم پوری نے مذاق رات کے سیٹ پر فنکاروں کے ساتھ قہقہے بکھیرے اور خوشگوار یادیں سمیٹیں ۔ ان کا کہنا تھا گو کہ بالی وڈ ایک ایمپائر بن چکا ہے اور دنیا میں سالانہ سب سے زیادہ فلمیں پروڈیوس کرنے والا ملک ہے تاہم کامیڈی میں پاکستانی فنکاروں کا کوئی ثانی نہیں ۔اوم پوری کے علاوہ بین الاقوامی شہرت یافتہ صوفی سنگر ہنس راج ہنس بھی مذاق رات کے پلیٹ فارم سے پاکستان اور پاکستانیوں کے لئے اپنی محبت کا اظہار کر چکے ہیں ۔ان کا کہنا تھا امان اللہ ،سخاوت ناز ،افتخار ٹھاکر اور جواد وسیم جتنے سرحد کے اس پار پسند کئے جاتے ہیں اتنے ہی سرحد کے اُس پار ۔سیاسی شخصیات عام طور پر طنزو مزاح کے پروگرامز میں شرکت کرنے سے گریز کرتی ہیں اس لئے ان پروگرامز میں ان شخصیات کے ڈمی کریکٹر بنا کر مزاح پیدا کیا جاتا ہے جبکہ ’’مذاق رات‘‘ ایک واحد پروگرام ہے جس میں سیاست دان شرکت کرنے میں انتہائی خوشی محسوس کرتے ہیں ۔ اب تک جتنی شخصیات مذاق رات میں شرکت کر چکی ہیں ان سب کا یہی کہنا ہے کہ جس دور سے پاکستان گزر رہا اس سے پوری قوم بری طرح متاثر ہے ۔ان حالات میں ’’مذاق رات‘‘ ڈپریشن اور فرسٹریشن ختم کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے ۔’’مذاق رات‘‘ حبس میں ایک ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ہے جس پر ’’دنیا نیوز ‘‘ مبارکباد کا مستحق ہے ۔مذاق رات کا فارمیٹ تشکیل دیتے ہوئے اس بات کا خاص طور پر خیال رکھا گیا تھا کہ یہ کسی خاص طبقے یا کسی ایک ایج گروپ تک محدود نہ ہوجائے بلکہ اس میں وہ تمام اجزاء شامل کئے جائیں جو سوسائٹی کی ہر کلاس اور ہر عمر کے لوگوں کے لئے تفریح کا باعث ہوں ۔پروگرام کے اسی فارمیٹ نے اسے دیگر پروگرامز سے ممتاز بنا دیا ہے ۔ میزبان نعمان اعجاز پہلے ہی ہر دلعزیز اداکار ہیں جبکہ امان اللہ ، سخاوت ناز ، افتخار ٹھاکر اور جواد وسیم کو تو کامیڈی کی کریم مانا جاتا ہے ۔ان سب کے ہوتے ہوئے ڈی جے محسن عباس حیدر نے اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر ایک الگ پہچان بنائی ہے ۔ان کا کریکٹر نوجوانوں میں بے پناہ مقبول ہوا ہے جبکہ ان کا کانٹینٹ سنجیدہ طبقے میں بھی سراہا جاتا ہے ۔پروگرام میں ’’جوگی بابا ‘‘ کا کردار بھی بہت تیزی سے مقبول ہوا ہے ۔پروگرام ’’مذاق رات ‘‘ سنچری مکمل کرکے کامیابی سے اپنی اننگز کھیل رہا ہے اور رنز کے ڈھیر لگا رہا ہے ۔ پروگرام کے کانٹینٹ میں ذاتیات کا عنصر شامل نہ ہونے کی وجہ سے بیشتر سیاسی شخصیات اس میں شرکت کر چکی ہیں اور بار بار آنے کی خواہش مند ہیں ۔ مستقبل قریب میں ناظرین مزید بالی وڈ شخصیات کو ’’مذاق رات ‘‘ میں دیکھیں گے ۔’’دنیا نیوز ‘‘ کوشاں ہے کہ نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر سیاسی ،سماجی اور فلاحی خدمات سرانجام دینے والی شخصیات کو ’’مذاق رات ‘‘ کی دعوت دے ۔ پروگرام کے سکرپٹ ایڈیٹر کالم نگارومزاح نگار طاہرسرورمیر ہیں جنہیں بلال شاہد اورمحمد مقصود کی معاونت حاصل رہتی ہے،پراجیکٹ ہیڈ نامور شاعر اورمیڈیا پرسن ایوب خاور جبکہ ڈائر یکٹر پروگرامنگ عرفان اصغر ہیں۔٭…٭…٭