مرزا محمد ہادی رسوا
اسپیشل فیچر
نام محمد ہادی، تخلص مرزا، فرضی نام رسوا تھا۔ لکھنوکے محلہ ’’بگٹولہ‘‘میں 1858ء میں پیدا ہوئے۔ آپ کے مورث اعلیٰ ماڑ ندران سے دلی آئے اور وہاں سے لکھنوآ کر مستقل سکونت اختیار کرلی۔ آپ کے والد کا نام آغا محمد تقی تھا۔ والدین کا سایہ سولہ سال کی عمر میں ہی سر سے اٹھ گیا۔ رشتے کے ایک ماموں نے پرورش کی لیکن تمام خاندانی ترکے پر قابض ہوگئے۔ فارسی کی درسیات اور ریاضی و نجوم کی تحصیل اپنے والد سے کی۔ اس کے بعد عربی اور مذہبی علوم کی تعلیم حاصل کی۔ بعد ازاں انگریزی پڑھنی شروع کی۔ انٹر کا امتحان پرائیوٹ امیدوار کی حیثیت سے پاس کیا۔ اس کے بعد رڑکی چلے گئے۔ وہاں سے اوورسیئری کے امتحان میں کامیابی حاصل کی۔ اس کے علاوہ پنجاب یونیورسٹی سے منشی کامل کا امتحان بھی پاس کیا۔ بعد میں پنجاب یونیورسٹی سے پرائیوٹ طور پر بی۔اے کیااور امریکہ کی اورینٹل یونیورسٹی سے پی۔ایچ۔ڈی کی ڈگری بھی حاصل کی۔ ایک دن اتفاقاً کیمسٹری کا ایک عربی رسالہ ہاتھ آگیا۔ اس کے مطالعہ کے بعد علم کیمیا کا شوق اس حد تک دامن گیر ہوا کہ ملازمت سے مستعفی ہو کر لکھنوچلے آئے۔ یہاںنحاس مشن اسکول میں فارسی کے استاد مقررہوگئے۔ فاضل اوقات میں کیمیا سازی کے تجربے کرتے رہے۔ اسی زمانے میں ایک لوہار کے لڑکے کو ٹیوشن پڑھانا شروع کیا۔ معاوضے میں اس کی بھٹی استعمال کرتے اور کیمیا سازی کے آلات تیار کرتے۔ ’’اشراق‘‘نام کا ایک پرچہ بھی اسی زمانے میں نکالا۔ بعد میں لکھنوکے ’’ریڈ کرسچین کالج‘‘میں لیکچرر مقرر ہوئے۔ یہاں کے پرنسپل بریڈے صاحب ان کے بڑے معتقد تھے۔ اس کالج میں وہ عربی، فارسی، تاریخ، فلسفہ سبھی کچھ پڑھاتے تھے۔ اس کے ساتھ ہی شام کے وقت ’’ازابیلا تھوبر من گرلز کالج‘‘میں تدریس کی خدمت انجام دیتے۔ کچھ دنوں بعد علم نجوم کا شوق اس طرح مسلط ہوگیا کہ دونوں کالجوں کی ملازمت چھوڑ کر اس علم کے پیچھے پڑ گئے اور ’’زیح مرزائی’’کے نام سے ستاروں کا ایک چارٹ تیار کر ڈالا۔ تین چار سال بعد بریڈے صاحب انھیں دوبارہ ریڈ کرسچین کالج میں لے آئے۔ 1919 ء کے آس پاس عثمانیہ یونیورسٹی، حیدرآباد کے دارالترجمہ سے وابستہ ہوئے اور وہاں پر بہت سی کتابیں تصنیف و ترجمہ کیں۔آپ کو مختلف زبانیں سیکھنے کا شوق تھا۔ چنانچہ عربی، عبرانی، یونانی، انگریزی، فارسی، ہندی، سنسکرت زبانوں پر اچھا خاصا عبور حاصل تھا۔ منطق و فلسفہ اور ریاضی میں مہارت رکھتے تھے۔ اس کے علاوہ بھی مختلف مشرقی و دنیوی علوم پر آپ کو دسترس حاصل تھی۔ آپ ایک اچھے شاعر بھی تھے لیکن بحیثیت ناول نگار آپ کی شہرت نے آپ کے فضل و کمال کے دوسرے پہلوؤں کو دبا لیا۔ شاعری میں مرزا اوج سے اصلاح لیتے تھے ،جو مرزا دبیر کے شاگرد تھے۔ غالب کے خاص مداح تھے۔ بعد میں مومن کو پسند کرنے لگے تھے۔ حالی، نذیر، محمد حسین آزاد اور شبلی وغیرہ ان کے معاصرین میں تھے۔ مذہبی مناظروں کا بھی شوق رکھتے تھے۔ اس سلسلے میں ایک کتاب بھی لکھی ۔ یوں تو آپ نے کئی ایک ناول لکھے ہیں لیکن ’’امراؤ جان ادا’’آپ کا شاہکار ناول ہے۔چہار شنبہ 21 اکتوبر 1931ء کو حیدرآباد میں انتقال فرمایا اور قبرستان باغ راجہ مرلی دھر تڑپ بازار، حیدرآباد میں دفن ہوئے۔آپ کے مزاج میں استغنا، لاابالی پن اور لاپرواہی حد سے زیادہ تھی۔ اس لیے آپ کا شعری سرمایہ پوری طرح یکجا نہ ہوسکا اور جو یکجا ہوا ، محفوظ نہ رہا۔ اس کے علاوہ بہت سی تصانیف بھی دستبرد زمانہ کا شکار ہوگئیں۔