کاسمیٹکس سے خوبصورتی کو خطرہ……؟
اسپیشل فیچر
ایک مشہور بیوٹی سیلون میں ایک خاتون آئیں اور انہوں نے اپنی پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا آئی لائنر جو کہ بہت مہنگے اور مشہور برانڈ کا ہے ہمیشہ بہترین رزلٹ دیتا تھا لیکن اب اس کو استعمال کرنا مشکل ہوگیا ہے کیونکہ وہ خشک ہوکر نہ صرف نسبتاََ ہلکا شیڈ دیتا ہے یعنی بلیک کے بجائے سرمئی مائل لائن نظر آیتی ہے بلکہ اسے اب آنکھوں پر اپلائی کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ جب بیوٹیشن نے ان سے یہ سوال کیا کہ یہ لائنر وہ کب سے استعمال کررہی ہیں تو انہوں نے بتایا کہ میں نے اسے 3سال قبل خریدا تھا اور اب تک سنبھال سنبھال کر استعمال کررہی ہوں ان کے لہجے میں بے حد فخر تھا لیکن بیوٹیشن کی آنکھیں حیرت سے پھیل گئیں تھیں‘ وہ 3سال سے ایک آئی لائنر کیک استعمال کررہی تھیں اور اب بھی انہیں اس بات سے پریشانی محسوس ہورہی تھی کہ وہ اسے مزید کیوں استعمال نہیں کرپارہی ہیں۔اکثر خواتین کیلئے اس بات کو سمجھنا مشکل ہوتا ہے کہ میک اپ پروڈکٹس صرف اس لئے طویل مدت تک استعمال کرنا کہ وہ ختم نہیں ہورہی ہیں ان کی جلد کیلئے خطرناک بھی ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ کھانے پینے کی چیزوں اور دیگر چیزوں کی طرح ان کے استعمال کی بھی ایک مخصوص مدت ہوتی ہیں یعنی انہیں ایک مخصوص مدت تک ہی استعمال کرنا بہتر رہتا ہے ورنہ جلد کسی انفیکشن کا شکار بھی ہوسکتی ہے یا اس کا کم از کم نقصان یہ ہوتا ہے کہ ان پروڈکٹس کے استعمال سے درست شیڈ اور میک اپ کا صحیح لْک حاصل کرنا ممکن نہیں رہتا ہے۔ جب آپ کوئی میک اپ پروڈکٹ خریدتی ہیں تو اس کے پیکٹ پر یہ چیک کرلیں کہ اس کے استعمال کی مدت کتنی باقی ہے۔ بہت سی خواتین جب کوئی بیوٹی پروڈکٹ لیتی ہیں تو وہ ان چیزوں سے جذباتی وابستگی محسوس کرنے لگتی ہیں اور ان کیلئے یہ بہت مشکل ہوتاہے کہ وہ میک اپ کی ان مہنگی چیزوں کو محض اس لیے ضائع کردیں کہ وہ آؤٹ آف ڈیٹ یا ایکسپائر ہوچکی ہیں۔اکثر معیاری کمپنیاں اپنی کاسمیٹکس کی بوتل یا ڈبے پر اس کی تیاری کی تاریخ اور مدت استعمال کی تاریخ کا اندراج کرتی ہیں عام طور سے ان چیزوں کا انتہائی استعمال 6-24 ماہ تک کا ہوتا ہے۔اگر آپ غور کریں تو اندازہ ہوگا کہ اکثر خواتین میک اپ خریدتے ہوئے اس چیز کی ایکسپائری ڈیٹ پڑھنے کی زحمت ہی گوارا نہیں کرتی ہیں ۔جس کی وجہ سے ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ آپ کوئی میک اپ پروڈکٹ اس وقت خریدیں جب اس کے استعمال کی مدت بہت کم رہ گئی ہو اور پھر آپ پریشان ہوں کہ اس کا رزلٹ بہتر کیوں نہیں آرہا یا یہ خراب کیوں ہوگئی اس کے بعد آپ کے پاس کوئی آپشن نہیں ہوتا سوائے اس کے کہ اسے ڈسٹ بن میں پھینک دیں۔ یہاں ہم آپ کو وہ تین اہم نشانیاں بتاتے ہیں جو کہ کسی بھی میک اپ پروڈکٹ کے ایکسپائرڈ (Expired) ہونے کو ظاہر کرتی ہیں۔1۔ٹیکسچر میں تبدیلی:کیا آپ نے کبھی لیکوئیڈ فاؤنڈیشن استعمال کیا ہے تو آپ نے یہ بھی نوٹ کیا ہوگا کہ اس کا ٹیکسچر (Texture) مکمل طور پر ہموار ہوگا ہے۔ تو اس میں تبدیلی کسی طرح معلوم کی جاسکتی ہے؟یہ اب قابل استعمال ہے یا نہیں یہ پتا چلانے کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ لیکوئیڈ میک اپ کے ٹیکسر کو غور سے دیکھیں کیا یہ ہموار‘ نرم تاثر کے ساتھ یکجان ہے‘ اس میں گاڑھا پن ہے اور پھیلانے پر باآسانی آگے بڑھ رہا ہے یہ نشانیاں کسی بھی قابل استعمال لیکوئیڈ (Liquid) میک ا پ پروڈکٹ کی ہوسکتی ہیں لہٰذا یہ گرین سگنل ہے کہ آپ ان اکا ستعمال بے فکر ہوکر کریں لیکن اگر یہ ایسا لگے جیسے جم گیا ہو یا اس سے پانی الگ ہورہا ہو یا یہ دیکھنے میں پھٹے ہوئے دودھ کی طرح نظر آئے تو اس کا مطلب ہے کہ یہ ایکسپائر ہوچکا ہے یعنی اس کی مدت ستعمال ختم ہوچکی ہے اور اب اسے نہ استعمال کرنا ہی بہتر ہے۔2۔مہک میں تیزی (Funky):اگر میک اپ پروڈکٹ اپنی مخصوص مہک تبدیل کررہی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ اس کا استعمال روک دیا جائے اکثر ایسی کاسمیٹکس پروڈکٹ جو کہ ایکسپائر ہوچکی ہوتی ہیں ان کی مہک میں ناگوار سی تیزی آجاتی ہے جبکہ کچھ پروڈکٹس ایسی بھی ہوتی ہیں جن میں سے خوشبو بالکل غائب ہوجاتی ہے یا پھر بہت ہلکی محسوس ہوتی ہے۔ بہر حال دونوں صورتوں میں ایسی کاسمیٹکس پروڈکٹس کو ضائع کردینا چاہئے۔ عموماََ یہ آئی شیڈز‘ بلش آن اور دیگر پاؤڈر مصنوعات کے ساتھ ہوتا ہے اس کے علاوہ لیکوئیڈ یا کریم کی شکل میں موجود پروڈکٹ میں بھی یہ نشانی سامنے آسکتی ہے مثلاََ لپ اسٹک کے رنگ میں تبدیلی آنے کے ساتھ اس کی مہک بھی متاثر ہوسکتی ہے۔اگر آپ کو لپ گلوس سے تیز الکوحل جیسی مہک آتی محسوس ہو یا ویکس سے Crayons کے ڈبے جیسی مہک آئے تو آپ کو یقیناََ ان کا استعمال ترک کردینا چاہئے۔کسی بھی کاسمیٹکس کی مہک تبدیل ہوجانے کی سب سے پہلی وجہ اس میں شامل اجزائے ترکیبی کا خراب ہوجانا یا اپنی تاثر تبدیل کرلینا ہوتا ہے۔ جس کے بعد اسے چہرے پر اپلائی کرنا کسی بھی طرح مناسب نہیں ہوتا۔3۔جلد پر ری ایکشن: اگر آپ کو اندازہ نہیں ہوتا اور آپ وہ کاسمیٹکس استعمال کرلیتی ہیں تو یہ جلدی امراض کا سبب بن سکتی ہیں یا پھر اگر آپ ان تمام نشانیوں کو نظر انداز کردیں اور یہ سوچ کر کاسمیٹکس نہ پھینکیں کہ ابھی کچھ دن اور استعمال کرلی جائے تو بچت کا یہ عمل آپ کو بے حد مہنگا بھی پڑسکتا ہے۔ کیونکہ ایکسپائرڈ اشیاء کے استعمال سے آپ کی جلد پر مضر اثرات رونما ہوتے ہیں،اس لئے آپ کی جلد کو آپ کی لاپرواہی کا خمیازہ بھگتنا پڑتا ہے اور جلد ری ایکشن کا شکار ہوجاتی ہے۔خصوصاََ اگرآپ حساس جلد کی مالک ہیں تو ایسی صورت میں آپ کسی بڑے نقصان سے بھی دوچا رہوسکتی ہیں اور ایکسپائرڈ کاسمیٹکس استعمال کرنے کے 24گھنٹے کے اندر اندر آپ کی جلد پر ری ایکشن نمایاں ہوسکتاہے۔ اس سے ہونے والی الرجی جلد کو شدید نقصان بھی پہنچا سکتی ہے۔ ایسابھی ہوسکتا ہے کہ پروڈکٹ استعمال کرنے کے کچھ عرصے بعد آپ کی جلد الرجی کا شکار ہوجائے اور اس وقت آپ کو اندازہ بھی نہ ہو کہ آپ کی جلد پر کس چیز سے ری ایکشن ہوا ہے۔کچھ مفید مشورے:اگر آپ میک اپ کی بہت ساری اشیاء استعمال کرتی ہیں اور ایک ساتھ مختلف کاسمیٹکس اپلائی کرتی ہیں تو بعض دفعہ آپ اس بات کا اندازہ لگانے میں کامیاب نہیں ہوتیں کہ وہ کون سی چیز ہے جس سے جلد پر الرجی یا ری ایکشن ہوا ہے اگر ری ایکشن آنکھ میں ہوا ہے اور آنکھوں میں جلن یا خارش محسوس ہورہی ہو تو اس کا مطلب ہے کہ آپ اپنے آئی میک اپ پر غور کریں‘ اگر آپ آئی میک اپ کرتے ہوئے ایک سے زائد پروڈکٹس استعمال کرتی ہیں تو یہ اندازہ لگانے کیلئے کہ ان میں سے کون سی چیز آپ کیلئے تکلیف کا باعث بن رہی ہے آپ ایک وقت میں صرف ایک چیز استعمال کریں مثلاََ صرف کاجل‘ مسکارا یا آئی لائنر وغیرہ ۔٭…٭…٭