روزانہ ڈائری لکھنے کا معمول
اسپیشل فیچر
آپ کو چیلنجز کا دن بدن جائزہ لینے کے لیے ایک روزنامچہ بنانے (ڈائری) کی ضرورت ہے، جس میں آپ اپنے روزانہ کے کام لکھیں گے اور جس کے ذریعے آپ اپنے مقصد کے لیے ترقی کی پیمائش کر سکیں گے۔ اس میں اضافی بات یہ ہو گی کہ آپ اس میں ان تمام کاموں کی نشاندہی کریںگے جو آپ روزانہ کرتے ہیں۔ اس میں آپ کی خوراک، ورزش اور آپ کے مقصدکے حصول کے لیے کام کرنا شامل ہے۔اگر آپ روزانہ کے کام ڈائری میں لکھتے رہیں گے تو یہ آپ کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہو گا۔ آپ اپنی روزانہ کی کارکردگی دیکھ سکیں گے اور اسے بہتر بنا سکیں گے۔اس ڈائری سے آپ پر واضح ہوتا رہے گا کہ آپ اپنے مقصد کے حصول کے لیے روزانہ کیا کوشش کر رہے ہیں۔ اس طرح سے آپ یہ بہانہ نہیں بنا سکیں گے کہ فلاں بات آپ کے ذہن سے نکل گئی تھی یاآپ بھول گئے تھے۔آپ ایک چھوٹی سی نوٹ بک لیں۔ شروع کے صفحے پر اپنا مقصد لکھیں جو آپ 42 دن میں حاصل کرنا چاہتے ہیں اور ساتھ ہی وہ مقاصد بھی لکھیں جو کہ بڑے ہیں، جنہیں آپ 42 دن میں حاصل نہیں کر سکتے ہیں۔ دائیں طرف آپ اپنامقصد لکھیں اور بائیں طرف دن تاریخ او رکام لکھیں۔ جو کام آپ روزانہ کرتے ہیں اس پر نشان لگاتے جائیں۔اس طرح سے آپ اپنی روزانہ کی کارکردگی دیکھ سکیں گے اور اگلے دن اپنی کارکردگی پہلے سے بہتر بنا سکیں گے۔ بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ آپ جوش و خروش میں آ کر بغیر تیاری کے کام شروع کر دیتے ہیں۔ ا س کے نتیجے میں آپ جلد ناکام ہو جاتے ہیں اور آپ کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔آپ کو چاہیے کہ سب سے پہلے منصوبہ شروع کرنے کی تاریخ کا تعین کریں اور پھر ذہنی طور پر اس کے لیے تیار ہوں اور پھر اسے شروع کرنے کے لیے دن گنیں کہ آپ کے چیلنج کو شروع ہونے میں کتنے دن باقی رہ گئے ہیں۔ اس دوران آپ اپنا روزنامچہ بنا سکتے ہیں، ورزش کا تجربہ کرسکتے ہیں، صبح جلدی اٹھنے کی کوشش کرسکتے ہیں، ہمدردی کا عمل کرسکتے ہیں، تمباکونوشی چھوڑ سکتے ہیں۔ اس طرح سے آپ اس چیلنج کے تمام پہلوئوں کا پہلے سے تجربہ کر لیں۔ اگر آپ پہلے سے ذہنی طور پر تیار نہیں ہوں گے تو ہو سکتا ہے کہ آپ کو ایسا کرنے میں کچھ زیادہ مشکل پیش آئے۔ آپ کو اس چیلنج کے لیے تیار ہونے اور اس کا منصوبہ بنانے کے لیے کم از کم سات دن پہلے سے تیاری کرنی چاہیے۔آپ کو اس چیلنج کی پہلے سے تیاری کرنی چاہیے۔ یاد رکھیں کہ کامیابی صرف قسمت کی وجہ سے حاصل نہیں ہوتی بلکہ یہ اس امر کا نتیجہ ہے کہ آپ کامیابی کے لیے کیا منصوبہ بناتے ہیں اور پھر اس پر کس طرح سے عمل کرتے ہیں۔ اس لیے آپ پہلے کچھ دن چیلنج کے لیے تیاری کریں۔ اس کا نظام الاوقات بنائیں، کاموں کو صحیح ترتیب دیں اور پھر چیلنج شروع کریں۔(رابن سیجر کی کتاب ’’دولت، صحت، خوشی42 دنوں کا عملی کورس‘‘ سے ماخوذ)