ہتھیلی پہ ستارے کی علامت
اسپیشل فیچر
ہتھیلی پر ستارے کی موجودگی ایک اہم اور بڑی علامت مانی جاتی ہے۔ایک دو مقام چھوڑ کر ستارے کا ہاتھ پر پایا جانا خوش قسمتی اور خوش بختی کی علامت ہے۔ستارہ ہاتھ کے جس حصے میں پایا جائے گا اسی نسبت سے انسانی شخصیت پر اثرات مرتب کرے گا۔ابھارِ مشتری پر ستارے کی موجودگی عزت و آبرو،طاقت وحکومت،اعلیٰ مقام، خواہشات کی تکمیل اور بآسانی کامیابیوں کے حصول کا مظہر ہوتا ہے۔اس علامت کے حاملین مقدر کے سکندر ہوتے ہیں اور اپنے ہم عصروں اور ہم چشموں کے لیے باعثِ رشک ہوا کرتے ہیں۔علاوہ ازیں ایسے افراد زندگی بھر محبوب بن کر جیتے ہیں اور مر کر بھی دلوں میں زندہ رہتے ہیں۔مشتری کے ابھار پر ستارے کے مالک افراد ترقی و عروج کے تمنائی ہوتے ہیں ۔لیکن یاد رہے مذکورہ خوبیاں اسی صورت رنگ دکھاتی ہیں جب ہاتھ کی دیگر علامات بھی اعلیٰ اور مثالی ہوں۔ایسے افراد جن کے ابھارِ شمس پر ستارے کا نشان پایا جائے وہ دولت و شہرت اور حکومت و امارت میں دنیا بھر میں مشہورتوہوتے ہیں لیکن انھیں دلی سکون میسر نہیں آتا ہے۔طبیعت میں ایک عجیب سی بے کلی اور اضطراب پایا جاتا ہے جو حامل کو عمر بھر بے چین و بے سکون رکھتا ہے۔عطارد کے ابھار پر ستارے کی موجودگی حامل کے لائق و فائق،ذہین و فطین اور وسیع النظر اور وسیع الذہن ہونے کو بیان کرتا ہے۔ ایسے لوگ سائنس، تقریر، صحافت، سیاست،ادب ،معیشت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں کمال کے حامل ہو سکتے ہیں۔ایسے لوگ جن کے ابھارِ مریخ پر ستارے کی علامت پائی جاتی ہے وہ زندگی میں ترقی تو کرتے ہیں لیکن آہستہ آہستہ صبر و ہمت،حوصلے و استقلال کا مظاہرہ کرکے بتدریج عروج و کمال پاتے ہیں۔اس علامت کے حاملین اگر فوج سے وابستہ ہوں تو اپنے شعبے میں جرأت و بہادری کی لازوال مثالیں قائم کرتے ہیں۔ملکی و قومی سطح پر اعزازات و انعامات سے بھی نوازے جاتے ہیں۔زہرہ کے ابھار پر ستارے کا پایا جانا کامیابی و کامرانی کو ظاہر کرتا ہے۔یہ کامیابیاں پیار،محبت اور جذباتی نوعیت کی ہوسکتی ہیں۔اس علامت کا حامل من چاہی محبت کے حصول میں بآسانی کامیاب ہو جاتا ہے۔بعض اوقات معروضی حالات کی تمام تر مخالفتوں کے با وجود بھی محبوب پانے میں کامیاب و کامران ثابت ہوتا ہے۔اس نشان کے مالک کے سامنے رکاوٹیں اور مخالفتیں ریت کی دیوار کی مانند ڈھے جاتی ہیں۔زحل اور قمر کے ابھاروں پر ستارے کی علامت کو اچھا شکون نہیں خیال کیا جاتا ہے۔ابھارِ زحل پر ستارے کی موجودگی حامل کے لیے انتہائی نحوست اوربد قسمتی کی علامت سمجھی جاتی ہے۔ماہرین اسے غیر طبعی موت یعنی حادثاتی موت سانپ یابچھو کے ڈسنے سے موت واقع ہونے سے تعبیر کرتے ہیں۔بعض اوقات کسی الزام یا تہمت کے نتیجے میں بھی موت کے منہ میں جانا پڑ جاتا ہے۔جنگ یا انقلاب کے نتیجے میں معزول ہوکر مرنے والے بادشاہوں کے ہاتھوں پر یہی نشان پایا جاتاتھا۔بسا اوقات نا کردہ گناہ کی بھینٹ چڑھنے والے افراد بھی اسی علامت کے حامل ہوتے ہیں۔المختصر ابھارِ زحل پر ستارے کی موجودگی اچانک عروج سے زوال،ترقی سے تنزلی،صحت سے بیماری اور خوشحالی سے بد حالی کی طرف جانے کو ظاہر کرتا ہے۔ اسی طرح ابھارِ قمر پر ستارے کا پایا جا نابھی منحوس اور برا شگن سمجھا جاتا ہے۔palmistg@yahoo.com٭…٭…٭