گردن سے 21 ہزار پاؤنڈ وزنی بس کھینچنے کا حیران کن کارنامہدنیا میں ایسے افراد بھی موجود ہیں جو اپنی غیر معمولی جسمانی طاقت اور حیران کن صلاحیتوں کے باعث لوگوں کو دنگ کر دیتے ہیں۔ حال ہی میں ایک طاقتور شخص نے اپنی گردن کے ذریعے 21 ہزار پاؤنڈ وزنی بس کھینچ کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جس نے دنیا بھر میں توجہ حاصل کر لی ہے۔ یہ حیرت انگیز کارنامہ نہ صرف انسانی قوتِ برداشت اور عزم کی مثال ہے بلکہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ مسلسل محنت، سخت تربیت اور مضبوط ارادے انسان کو ناممکن دکھائی دینے والے کام انجام دینے کے قابل بنا سکتے ہیں۔ ایسے منفرد ریکارڈز کھیلوں اور جسمانی صلاحیتوں کی دنیا میں خاص اہمیت رکھتے ہیں۔ایگمونڈ مولینا (Egmond Molina) نامی طاقتور شخص نے اپنی گردن کے ذریعے بس کھینچ کر ایک اور شاندار عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔ 49 سالہ ایگمونڈ مولینا نے 9860 کلوگرام (21,737 پاؤنڈ) وزنی بس کو 20 میٹر تک کھینچ کر گردن سے سب سے بھاری گاڑی کھینچنے کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔انہوں نے یہ کارنامہ انجام دے کر یوکرین کے ڈمائٹرو ہرنسکی (Dmytro Hrunskyi)کا سابقہ ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا، جو 2024ء میں 8,060 کلوگرام (17,769.26 پاؤنڈ) وزنی گاڑی کھینچ کر قائم کیا گیا تھا۔یہ کامیابی دراصل ایگمونڈ مولینا کی طاقت کے ریکارڈز کی ایک طویل فہرست میں تازہ ترین اضافہ ہے، جو اس نے اپنی محنت، ہمت اور غیر معمولی عزم کے ذریعے قائم کیے ہیں۔ وہ یہ سب کارنامے اپنے چاروں بچوں نائجل، ایگمونڈ جونیئر، بینجمن اور ایڈیلینڈا کو فخر دلانے کیلئے انجام دیتا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ میرا مقصد اپنی اولاد اور اپنے جزیرے کے نوجوانوں کیلئے نظم و ضبط اور محنت کی ایک ایسی وراثت چھوڑنا ہے جو ہمیشہ یاد رکھی جائے۔ایگمونڈ مولینا نے کہا کہ اپنے سفر کی کہانی دنیا کے ساتھ شیئر کرنا ان کیلئے ایک اعزاز ہے۔ ان کے مطابق وہ اپنے خوبصورت وطن اروبا (Aruba) کی نمائندگی کرتے ہیں، جو ایک چھوٹا جزیرہ ہے جس کی آبادی تقریباً ایک لاکھ دس ہزار افراد پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد دنیا کو یہ دکھانا ہے کہ عظمت صرف بڑے ممالک یا بڑے شہروں تک محدود نہیں ہوتی بلکہ دنیا کے چھوٹے سے چھوٹے خطوں سے بھی غیر معمولی کامیابیاں جنم لے سکتی ہیں۔ ان کے قائم کردہ ریکارڈز ان کے لوگوں اور ان کے خاندان کی لازوال وراثت کو خراجِ تحسین ہیں۔ وہ اپنا پورا کریئر اپنے دادا دادی کے نام کرتے ہیں، جن کی تربیت اور حوصلہ افزائی نے انہیں اس مقام تک پہنچنے میں اہم کردار ادا کیا۔ایگمونڈ مولینا جنہیں ''ہیومن کرین‘‘ کے لقب سے بھی جانا جاتا ہے، اس وقت اپنے نام 10 عالمی ریکارڈز کر چکے ہیں۔یہ ریکارڈز اس کی غیر معمولی جسمانی طاقت، برداشت اور حیران کن مہارت کو ظاہر کرتے ہیں، جس کی وجہ سے وہ دنیا کے منفرد طاقتور کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ ایگمونڈ ایک سٹرنتھ کنسلٹنٹ کے طور پر کام کرتے ہیں اور بخوبی جانتے ہیں کہ عالمی ریکارڈ توڑنے کیلئے کس سطح کی محنت اور تیاری درکار ہوتی ہے۔وہ کہتے ہیں کہ میری ترغیب انسانی صلاحیتوں کے سائنسی مطالعے میں پوشیدہ ہے۔ میری سب سے بڑی کامیابیوں میں سے ایک پلیٹ فارم لفٹ ہے، جس میں، میں نے ہپ بیلٹ سسٹم کے ذریعے 1,002 کلوگرام (2,209 پاؤنڈ) وزن زمین سے اٹھایا۔ صرف 87 کلوگرام جسمانی وزن کے ساتھ یہ کارنامہ طاقت اور وزن کے تناسب کے لحاظ سے غیر معمولی ہے اور روایتی ایلیٹ پاور لفٹرز کی حدود سے بھی آگے جاتا ہے۔متعدد ریکارڈز توڑنے کے بعد ان کیلئے کسی ایک پسندیدہ کارنامے کا انتخاب کرنا آسان نہیں، تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ ایک انگلی سے ڈیڈ لفٹ کرنا ان کے دل کے بہت قریب ہے اور یہ کارنامہ ان کیلئے خاص اہمیت رکھتا ہے۔ ایگمونڈ نے کہا کہ 2026ء کے آغاز میں 159 کلوگرام (350.5 پاؤنڈ) کے ساتھ ایک انگلی سے ڈیڈ لفٹ کا ریکارڈ دوبارہ حاصل کرنا ''خصوصی فنکشنل طاقت‘‘ کی فتح تھی۔ ان کے مطابق یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ انسانی جسم کے چھوٹے پٹھوں کے گروہ بھی مناسب تربیت کے ذریعے بہت بڑے وزن سنبھال سکتے ہیں۔ان کا تازہ ترین کارنامہ سب سے اہم ثابت ہوا، جس میں گردن سے بس کھینچتے ہوئے ان کی سانس لینے کی صلاحیت بری طرح متاثر ہوئی کیونکہ وزن نے آکسیجن کے بہاؤ کو نمایاں طور پر محدود کر دیا۔ایگمونڈ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بس کھینچنے کے دوران جب رسی ان کے سانس کی نالی کو دباتی ہے تو انہیں شدید دباؤ میں طاقت پیدا کرنا پڑتی ہے اور ساتھ ہی اپنی سانس کو قابو میں رکھنا ہوتا ہے۔ ان کے مطابق یہ صورتحال جسمانی جدوجہد کے ساتھ ساتھ ایک ذہنی جنگ بھی بن جاتی ہے، جس میں انسان کو انتہائی دباؤ کے باوجود پرسکون رہنا پڑتا ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ چیلنج ان چوٹوں کی وجہ سے مزید مشکل ہو جاتا ہے جو انہوں نے اپنے سفر کے دوران برداشت کیں۔ بس کھینچنے کے دوران ان کی انگلی کی جلد پھٹ گئی، 90 کلوگرام دانتوں سے وزن اٹھانے کے باعث جبڑے میں شدید سوزش پیدا ہوئی، ایک ٹن پلیٹ فارم لفٹ کے دوران گھٹنے کی چوٹ آئی، جبکہ ٹرام کھینچنے کے عمل میں ان کے دائیں کندھے میں 1.2 سینٹی میٹر کا گیپ آ گیا۔ ایگمونڈ کے مطابق ان تمام مشکلات اور چوٹوں کے باوجود وہ مسلسل ڈسپلن کے ساتھ ری ہیبی لیٹیشن، تھراپی اور کامیابی کی غیر متزلزل خواہش کے ذریعے آگے بڑھتے رہے۔ کچھ ریکارڈز انہوں نے اسی حالت میں حاصل کیے جب وہ زخمی تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کندھے کا جو زخم انہیں ٹرام کھینچنے کے دوران لگا تھا وہ آج تک مکمل طور پر ٹھیک نہیں ہوا۔ایگمونڈکے حیرت انگیز کارنامے٭...متوازی بارز پر منہ کے ذریعے سب سے زیادہ وزن (90.3 کلوگرام)اٹھانے کا ریکارڈ٭...متوازی بارز پر منہ کے ذریعے افقی جسمانی پوزیشن برقرار رکھتے ہوئے 90.30 کلو گرام (199.07 پاؤنڈ)وزن اٹھانے کا ریکارڈ٭...33.32 سیکنڈمیں ایک انگلی سے 20 میٹر بس کھینچنے کا مظاہرہ٭...30 سیکنڈ میں دونوں ہاتھوں سے سب سے زیادہ(6) بوتل کے ڈھکن کھولنے کا ریکارڈ٭...ہپ بیلٹ کے ذریعے پلیٹ فارم سے سب سے زیادہ وزن 1,002 کلوگرام (2,209 پاؤنڈ) اٹھانے کا ریکارڈ ٭... 39.9 سیکنڈمیں دانتوں سے 20 میٹر ٹرام کھینچنے کا مظاہرہ٭... 38.60 سیکنڈ میں ایک انگلی سے 20 میٹر ٹرام کھینچنے کا مظاہرہ٭...سب سے تیز (2.87 سیکنڈمیں)گرم پانی کی بوتل پھاڑنے کا ریکارڈ٭...ایک انگلی سے سب سے بھاری 159 کلوگرام (350.53 پاؤنڈ)ڈیڈ لفٹ