عینک
اسپیشل فیچر
آدمی کے اندر جتنے امراض ہیں، ان کے علاج کیلئے اللہ نے ڈاکٹروں اور حکیموں کو پیدا کیا ،جو اپنے علاج سے مریضوں کو راحت پہنچاتے ہیں۔ خدا کی عمدہ نعمتوں میں پھول، پھل، جنگلات، سمندر، جھیل، پہاڑ، سرسبز مناظر ہیں، پانی کی فراوانی ہے، جس کی ضرورت 24 گھنٹوں پڑتی ہے۔ پانی سے ہر جاندار ہر وقت فائدہ اُٹھاتا ہے۔ اگر غور سے دیکھا جائے ،تو قدرت نے جتنی بیماریاں پیدا کی ہیں، اسی طرح دوائیاں بھی پیدا کی ہیں۔ انسان مسلسل ریسرچ کر کے نئی نئی دوائیاں ایجاد کر رہا ہے۔ طریقہ علاج بھی مختلف ہیں، ان میں یونانی، آیورویدک، ایلوپیتھی، ہومیوپیتھی وغیرہ ہیں۔ انسان کے جسم میں مختلف اعضا ہڈی، ناک، کان، گردن، پیٹ وغیرہ میں مختلف امراض ہیں۔ آنکھیں خدا کی بڑی نعمت ہیں۔ اس میں بھی کئی طرح کی بیماریاں ہیں۔ آنکھوں کے ڈاکٹروں کے مطابق ہر انسان کو 40 سال کی عمر کے بعد Power لگنے لگتا ہے ،جس کی وجہ سے بینائی میں فرق آ جاتا ہے۔ اس لئے ڈاکٹر سے جانچ کروا کر عینک لگانا ضروری ہو جاتا ہے۔ آنکھوں میں مختلف امراض ہیں، مثلاً موتیا بند، گلوکوما اسکوئنٹ، ریٹنا میں کالا پن، ریٹنا میں السر وغیرہ، جس کی وجہ سے انسان کو آنکھ کی جانچ کروانا ضروری ہو جاتا ہے۔ اس کے بعد پاور کے مطابق عینک کا استعمال لازمی ہے۔ انسان کے اندر زیادہ تر امراض کھانے پینے اور آلودگی کی وجہ سے ہوتے ہیں اور اس کا اثر آنکھوں پر بھی پڑتا ہے، اس لئے آنکھ کی جانچ کے بعد عینک کا استعمال بہت ضروری ہے۔ اس سے کئی قسم کے فائدے ہوتے ہیں، جیسے آنکھوں میں گرد و غبار نہیں جاتا، آنکھوں سے دیکھنے کی حالت میں ضرب نہیں پڑتی، آنکھوں کی خوبصورتی میں چشمہ لگانے سے اضافہ ہوتا ہے۔ مرد و عورت کے چشمے مختلف ڈیزائن کے آتے ہیں۔ آج کل تو بغیر پاور کے چشمے کو بھی فیشن کی شکل میں استعمال کیا جاتا ہے۔ چہرے کی دلکشی بڑھانے کے لئے اکثر عینک کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ چشمہ لگانا باقاعدہ ایک فن ہے۔ اگر آپ اس فن کو جان لیں،تو یقینا آپ عینک استعمال کرنے کے بعد پہلے سے بھی زیادہ پرکشش اور حسین نظر آئیں گے۔ عینک کا انتخاب کرنے سے پہلے بہت سی باتوں کو مد نظر رکھنا پڑتا ہے۔ سب سے پہلے چہرے کی بناوٹ کو دیکھنا چاہئے۔ اپنے چہرے سے بڑا فریم نہ خریدیں اور نہ ہی بغیر کناروں والا فریم جس کو استعمال کر کے لوگ لاشعوری خوشی اور سکون محسوس کرتے ہیں، لیکن یہ درست نہیں۔ فریم کے انتخاب میں چہرے کے Shape کو ہی دیکھنا ضروری نہیں بلکہ ہیئر سٹائل بھی مدنظر رکھنا چاہئے۔ اگر آپ کا چہرہ گول ہے، تو چہرے کے تضاد کے لئے لمبوترا یا چوکور فریم استعمال کر سکتے ہیں۔ اگر آپ کی ناک لمبی ہے تو نچلے پل والا چشمہ لگائیں۔ چھوٹی ناک کے لئے پل والا چشمہ استعمال کریں۔ چپٹی ناک کے لئے گہرے رنگ کے پل کا چشمہ نہایت موزوں ہے۔ اس سے چہرے کی دلکشی میں اضافہ ہوتا ہے اور ناک بھی چپٹی معلوم نہیں ہوتی۔ اگر آپ کی دونوں آنکھوں کے درمیان فاصلہ کم ہے ،تو اس صورت میں ہلکے رنگ کا فریم لگائیں۔ سنہری بالوں کی حامل خواتین کو گلابی، سبز اور نیلے رنگ کے فریم استعمال کرنا چاہئیں۔ ان سے کشش میں اضافہ ہوتا ہے، اگر آپ عینک کا انتخاب ان باتوں کو مدنظر رکھ کر کرتے ہیں، تو آپ کے چہرے میں نکھار آئے گا۔اگر جائزہ لیا جائے ،تو ہمارے ملک میں ہر جگہ Shop Opticalیعنی عینک کی دکانیں اور آنکھ کے ڈاکٹر خانے موجود ہیں۔ آپ ملک کے جس صوبہ، شہر، ضلع اور علاقہ میں رہتے ہوں، یہ سہولتیں ہر جگہ موجود ہیں۔ Clinic Optical ہر خطے میں اور ہر جگہ ہیں۔خیر! آنکھیں انسان کی سب سے قیمتی شے ہیں۔ ان کی حفاظت کرنا ہمارا اولین فرض ہے۔