موسم سرما کے جوتوں کی عمر کیسے بڑھائیں؟
اسپیشل فیچر
پاکستان کے بیش تر شہروں میں سردی کا آغاز ہو چکا اور شہریوں نے خود کو ٹھنڈ سے بچانے کے لیے گرم ملبوسات کے ساتھ ہی موسم سرما کے جوتے بھی الماریوں سے نکال لیے ہیں۔ یہ جوتے عموماً سال بھر الماریوں میں رکھے رہتے ہیں اور ضرورت محسوس ہونے پر ہی ان کی صفائی یا مرمت کی جاتی ہے۔ اکثر ہماری سستی و لا پرواہی کی وجہ سے موسم سرما کے معیاری جوتے بھی اس قدر خستہ حال ہو جاتے ہیں کہ دوسرے سیزن میں پہننے کے قابل نہیں رہتے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ جوتوں کے مضبوط جوڑے کو ایک سال سے زائد عرصے تک چلنا چاہیے، مگر کیسے؟آئیے ہم آپ کو وہ طریقے بتاتے ہیں کہ جن پر عمل درآمد کر کے آپ اپنے جوتوں کی عمر بڑھا سکتے ہیں:1۔ اگر آپ موسم سرما میں جوتوں کا نیا جوڑا پہننا چاہتے ہیں، تو پہلے ان پر واٹر پروف اسپرے کریں۔ اس طرح چمڑے پر ایک باریک سی تہہ جم جائے گی، جو موسمی اثرات کو اس تک پہنچنے سے روکے گی۔ اس کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ آپ جلد خشک ہونے والا سپرے استعمال کریں، جسے آپ چند مرتبہ جوتے پہننے کے بعد دوبارہ استعمال کر سکتے ہیں۔ اگرآپ اس بات سے خوفزدہ ہیں کہ سپرے کی وجہ سے جوتے پر دھبے پڑ جائیں گے، تو اسے پہلے جوتے کے کسی خفیہ حصے پر لگائیں، جیسا کہ ایڑھی کا اندرونی حصہ۔ اگر دھبہ صاف ہو جائے، تو پھر اسے جوتوں پر استعمال کریں۔2۔ آپ عموماً جوتوں کو الماری میں ایک دوسرے پر رکھ دیتے ہیں، جس کی وجہ سے چمڑے پر غیر ضروری دباؤ پڑتا ہے۔ جوتوں کو ہمیشہ کھڑا کر کے رکھیے اور اس مقصد کے لیے آپ کو بوٹ ٹری خریدنا چاہیے۔ علاوہ ازیں، آپ جوتوں کو سلوٹوں سے بچانے کے لیے کسی میگزین کو لپیٹ کر جوتے میں افقی طور پر رکھ سکتے ہیں۔3۔ عموماً پانی جذب کرنے کی وجہ سے جوتے کا معیاری چمڑا بھی خشک ہو جاتا ہے، لہٰذا اس کی چمک اور تازگی بحال کرنے کے لیے کنڈیشنر استعمال کریں۔ جب آپ کو ایسا محسوس ہو کہ آپ کے جوتے سخت اور بھربھرے ہو گئے ہیں، تو اس وقت انہیں نم کرنے کے لیے ان پر کپڑے کے ٹکڑے سے کنڈیشنر لگائیں۔4۔ جوتوں کو صاف کرنا ایک سادہ اور آسان کام ہے، لیکن اکثر ہم جوتے اُتارنے کے بعد انہیں صاف کرنا بھول جاتے ہیں، لہٰذا اپنی جوتوں کی الماری کے پاس ہی ایک چھوٹا تولیہ ضرور رکھیں اور جوتے اندر رکھنے سے پہلے ان پر لگی دھول مٹی جلدی سے صاف کر لیں۔5۔ اگر چمڑے کے جوتوں میں بارش کا پانی چلا جائے، تو گھر پہنچنے کے بعد انہیں اتار کر ان میں اخبار ٹھونس دیں۔ اخبار نمی جذب کرتا ہے اور یہ عمل ہر گھنٹے بعد اس وقت تک دہراتے رہیں کہ جب تک جوتے مکمل طور پر خشک نہیں ہو جاتے۔ عموماً لوگ جوتوں کو خشک ہونے کے لیے ریڈی ایٹر کے قریب رکھ دیتے ہیں یا پھر انہیں ہیئر ڈرائیر کی مدد سے خشک کرتے ہیں، مگر ایسا نہیں کرنا چاہیے نیز گیلے جوتوں کو اس وقت تک ہوادار کمرے میں رکھنا چاہیے کہ جب تک وہ مکمل طور پر خشک نہیں ہو جاتے۔6۔ سردیوں کے جوتوں میں اس قدر پسینہ آتا ہے کہ بہت جلد ہی ان میں سے بدبو آنے لگتی ہے۔ اس بدبو کا خاتمہ بیکنگ سوڈا سے کیجیے۔ اس کا سادہ طریقہ یہ ہے کہ رات میں جوتوں میں تھوڑا بیکنگ سوڈا پھینک دیں اور پھر رات بھر اسے جوتوں میں جذب ہونے کے لیے چھوڑ دیں البتہ جوتا پہننے سے قبل اس پاؤڈر کو صاف کر لیجیے۔ 7۔ موسم سرما کے جوتوں کا گرمیوں میں استعمال ترک کرنے سے قبل انہیں موچی کے پاس لے جائیں۔ وہ آپ کو بتائے گا کہ اس کے کون سے حصے کی مرمت یا اسے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے تا کہ آپ کے جوتے اگلی سردیوں میں بھی کام آ جائیں۔٭…٭…٭