شیخ بدین
اسپیشل فیچر
بدین صوبہ سندھ کے ایک ضلع کا نام ہے جب کہ شیخ بدین صوبہ خیبر پختوخواہ کے ضلع لکی مروت میں ایک پہاڑ کی چوٹی کا نام ہے ، شیخ بدین ایک بزرگ شیخ بہاول دین کے نام پر ہے ، جس کا مزار اس کی چوٹی پر واقع ہے ، شیخ بدین 4700فٹ کی بلندی پر واقع ہے جو ایبٹ آباد اور بحرین )سوات ) کی بلندی کے برابر ہے، اس لیے شیخ بدین کا موسم خوش گوار رہتا ہے ، انگریزوں نے اسے اپنی چھائونی کے طور پر استعمال کیا بعد میں اُنھوں نے چھائونی جنوبی وزیرستان کے صدر مقام جنڈولہ میں منتقل کی ، لیکن اب بھی شیخ بدین کی چوٹی پر انگریزوں کے زمانے کی تعمیرات موجود ہیں ، جس میں منی جیل ، ریسٹ ہائوس وغیرہ شامل ہیں۔ شیخ بدین کی چوٹی پر شیخ بدین کے نام سے ایک گائوں بھی آباد ہے ۔شیخ بدین لکی مروت کے شہر پیزو کے قریب ہے شیخ بدین لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان اضلاع کے سنگم پر واقع ہے ، شیخ بدین کے مغرب میں ڈیرہ اسماعیل خان جانے والی جی ٹی روڈ واقع ہے ۔ انگریزوں نے شیخ بدین کو موسم گرما کے لیے اپنا ہیڈ کوارٹر بنایا تھا ، یہاں تک کے انگریز جج یہاں آکر عوام کے مقدموں کا فیصلہ کرتے ، انگریز گھوڑوں اور خچروں پر شیخ بدین کی چڑھائی سر کرتے لیکن عوام پیدل دشوار گزار راستوں سے چل کر شیخ بدین پہنچتے ، قیام پاکستان کے بعد کچی سٹرک جی ٹی روڈ سے شیخ بدین کی چڑھائی تک بنائی گئی ہے جو کہ فورویل گاڑی کے سفر کے قابل ہے ، شیخ بدین کی ترقی کے لیے مندرجہ ذیل اقدامات کی ضرورت ہے ، 1۔ جی ٹی روڈسے پختہ سٹرک شیخ بدین کی چوٹی تک تعمیر کی جائے۔ 2۔محکمہ جنگلات موجودہ عمارات اور ریسٹ ہائوس کے آس پاس دیار اور دوسری قسم کے درخت لگائیں ساڑھے چار ہزار کی بلندی پر دیار درخت ترقی پاسکتے ہیں۔ 3۔ شیخ بدین پر پانی کا کوئی بندوبست نہیں ہے اس لیے وہاں گائوں والے گدھوں پر پینے کا پانی نیچے پیزو سے لاتے ہیں یہ پانی پینے اور دوسرے استعمال میں لاتے ہیں شیخ بدین تک ملٹی پمپنگ کے ذریعے نیچے سے پانی پہنچایا جائے فی الحال واٹر ٹینکر کے ذریعے شیخ بدین تک پانی لایا جائے یہ پانی گائوں والوں ، نئے اور پرانے درختوں کے لیے اور سیر کیلئے آنے والوں کے استعمال میں لایا جائے گا ۔4۔لکی مروت ضلع میں والی بال کھیل بہت مقبول ہے شیخ بدین کے اُوپر ایک گرونڈ کو والی بال سٹیڈیم میں تبدیل کیا جائے ۔5۔چونکہ شیخ بدین کی آب و ہوا فرحت بخش ہے اس لیے وہاں سینے کے امراض کے علاج کے لیے سینی ٹوریم اور منشیات کے عادی مریضوں کے علاج کا مرکز قائم کرنے کا منصوبہ بنایا جائے ۔ 6۔شیخ بدین کے دامن میں لکی سیمنٹ فیکٹری قائم کی گئی ہے جس سے خارج دھواںاور گرد فضا میں پھیل کر سینے کی بیماریوں کا سبب بن رہی ہے یہاں تک کے شیخ بدین گائوں کے رہائشیوں نے گرد اور دھواں کی شکایت کی ہے اس لیے حکومت سیمنٹ فیکٹری کی انتظامیہ کو مجبور کرے کہ فیکٹری کے آس پاس درخت لگائیں جائے ان درختوں کی دیکھ بھال بھی فیکٹری کی انتظامیہ کے سپرد کی جائے تاکہ علاقے میں آلودگی میں کمی ہو جائے ۔ معلوم ہوا ہے کہ حکومت نے شیخ بدین کی ترقی کے لیے پچیس کروڑ فنڈ مختص کیا ہے ضرورت اس امر کی ہے کے شیخ بدین کی ترقی پر جلد سے جلد کام شروع کیا جائے تاکہ علاقے کے لوگ سخت گرمیوں میں شیخ بدین کی خوشگوار آب و ہوا سے لطف اندوز ہو سکیں ۔