بونیر کی حسین وادی
اسپیشل فیچر
ڈگر ضلع بونیر کا صدر مقام ہے جوسوات کے مرکزی شہر منگورہ سے 64 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔بری کوٹ کے مقام پر سوات کی جرنیلی سڑک سے جنوباً ایک سڑک براستہ کڑاکڑ پاس بونیر تک چلی گئی ہے۔ راستے میں نجی گرام کے مشہور آثارِ قدیمہ ہیں جس تک دائیں طرف ایک دوسری ذیلی سڑک چلی گئی ہے۔ جب کہ بونیر کی طرف جاتے ہوئے راستے میں ایک نہایت حسین مقام’’ املوک درہ‘‘ آتا ہے جو بلند و بالا پہاڑوں سے گھرا ہوا نہایت دِل کش مقام ہے۔ ناوہ گئی نامی مقام سے ہوتے ہوئے درہ کڑاکڑ میں داخل ہوا جاتا ہے جو اگرچہ زیادہ تر چڑھائی اور پھر اترائی پر مشتمل ہے لیکن پورا راستہ گھنے جنگلات سے پُر بہت خوب صورت ہے۔ ’’جوڑ‘‘ کے مقام پر سڑک دو حصوں میں منقسم ہو جاتی ہے۔ ایک سڑک براستہ تور ورسک ڈگر تک چلی گئی ہے جبکہ بائیں طرف سڑک حضرت پیر بابا کے مزار (پاچا کلے) تک جاتی ہے۔ یہ سڑک بھی دس میل کے فاصلے پر ڈگر تک چلی گئی ہے۔ ضلع بونیر کا صدر مقام ہونے کی وجہ سے ڈگر میں ضلعی دفاتر، ٹیلی فون ایکس چینج، مرکزی ڈاک خانہ، ہسپتال اور ضلعی انتظامیہ کی رہائش گاہیں واقع ہیں۔ یہ مقام نہایت حسین اور دل کش ہے۔ یہاں سے چار کلومیٹر کے فاصلے پر واقع’’ سواڑی‘‘ ایک اہم جگہ ہے۔ جو ایک بڑا تجارتی مرکز ہے۔یہاں ایک خوب صورت کالج بھی ہے۔ سواڑی سے ایک سڑک مشہور تاریخی مقام درہ امبیلہ تک چلی گئی ہے۔ جہاں سے براستہ سدم، شہباز گڑھی جایا جا سکتا ہے اور پھر وہاں سے تربیلہ ڈیم، ضلع صوابی اور ضلع مردان میں داخل ہوا جا سکتا ہے۔ سواڑی سے دوسری سڑک واپس تورورسک، انغاپور اور ایلئی سے ہوتے ہوئی بری کوٹ (سوات) سے مل جاتی ہے۔بونیر کی پوری وادی بلند پہاڑوں سے گھری ہوئی ہے۔ یہ وادی کہیں تنگ اور کہیں بہت کشادہ ہے۔ زیادہ تر زمین بارانی ہے تاہم کہیں کہیں پہاڑی نالے اور ایک ندی اس کی زمین کو سیراب کرتے ہیں۔ یہاں کے پہاڑوں میں قیمتی معدنیات بھی پائے جاتے ہیں۔ یہاں سفید پتھر اور سنگِ مرمر کے وسیع ذخائر ہیں اور اس کے کارخانے یہاں قدم قدم پر قائم ہیں جہاں سے سنگِ مرمر پورے ملک میں بھیجا جاتا ہے۔وادیٔ سوات اور بونیر کے درمیان ایلم پہاڑ کا طویل سلسلہ حائل ہے۔ کڑاکڑ ٹاپ سے بونیر کے میدانوں اور برف پوش چوٹیوں کا نظارہ بہت حسین اور دل فریب ہے۔ سردی کے موسم میں وادیٔ بونیر کے بلند پہاڑوں سمیت کڑاکڑ پاس پر بھی بہت برف پڑتی ہے۔بونیر کے خوب صورت مقامات میں ڈگر، ایلئی،انغاپور اور قادر نگر شامل ہیں۔ قادر نگر کی خوب صورت اور حسین وادی پاچا کلے سے قریباً 8 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔جہاں مشہور صوفی اور روحانی شخصیت عبید اللہ درانی بابا محو استراحت ہیں۔٭…٭…٭