کیلا: شیریں اور مفید
اسپیشل فیچر
کیلے کا چھلکا زرد یا سبز اور پھل (گودا) سفید ہوتا ہے۔ اس کا ذائقہ شیریں اور مزاج گرمی و سردی میں معتدل ہوتا ہے جبکہ دوسرے درجے میں تر ہے۔ اس کی مقدار خوراک دو عدد ہے۔ اس کے کئی ایک فوائد ہیں۔1- کیلا بدن کو فربہ کرتا ہے اور کثیر الغذا پھل ہے۔2- یہ خون کو گاڑھا کرتا ہے اور ہضم ہونے پر بلغمی خون پیدا کرتا ہے۔3- یہ سینہ کو نرم کرتا ہے۔4- خشک کھانسی اور حلق کی خشونت کو دور کرتا ہے۔5- اگر پختہ کیلا نہار منہ کھایا جائے تو آنتوں پر ملین تاثیر رکھتا ہے۔6- کچا کیلا دیر ہضم اور قابض ہوتا ہے۔7- قبض ہونے کی صورت میں اگر کیلے کو ابال کر کھایا جائے تو بے حد مفید ہوتا ہے۔8- سوزاک اور بندش پیشاب کی صورت میں کیلے کی جڑ کے پانی میں سہاگہ بریاں اور قلمی شورہ ہم وزن گھی اور شکر ملا کر پینا مفید ہوتا ہے۔9- کیلے کے تنے‘ پتے اور پھول تینوں ہی دوائی میں کام آتے ہیں‘ ان تینوں کو حابس دم میں بھی استعمال کرایا جاتا ہے۔10- کثرت حیض میں اس کے پھولوں کے رس کو دہی میں ملا کر کھلانا مفید ہوتا ہے۔11-ذیابیطس میں کیلے کے پھولوں کو بطور سالن پکا کر کھاتے ہیں‘ اس سے شوگر کنٹرول ہو جاتی ہے۔12-کیلے میں کاربورہائیڈریٹس‘ پروٹین‘ کیلشیم‘ آئرن‘ فاسفورس‘ وٹامن ای اور اے اور سی پائے جاتے ہیں۔13- گردے کی کمزوری کو دور کرتا ہے۔14- اس میں چینی ملا کر کھانا پیچش کا دافع‘ حابس اسہال اور مرطب معدہ ہے‘ یہ پیاس کی شدت کو بھی روکتا ہے۔15- کیلے کو لیموں کے رس میں رگڑ کر خاموش‘ داد‘ گنج پر ضماد کرنا مفید ہوتا ہے۔16- کیلے خشک چھلکے کا سفوف زخموں پر چھڑکنے سے خون بہنا رک جاتا ہے اور زخم جلدی بھرتا ہے۔17- کیلے کی جڑ کا پانی پینا معدے کے کیڑوں کو ختم کرتا ہے۔18- زبان پر اگر چھالے پڑ جائیں تو پختہ کیلا گائے کے دودھ کے دہی کے ساتھ صبح نہار منہ کھانا مفید ہوتا ہے۔19- اگر کوئی بچہ سوئی یا لوہے کی کوئی باریک چیز نگل جائے تو فوراً زیادہ سے زیادہ کیلے کھلانا مفید ہوتا ہے۔ اس سے معدہ میں زخم ہونے سے مریض بچ سکتا ہے۔ بعدازاں ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہئے۔20- اسہال اور پیچش میں پختہ کیلا املی کے گودے اور شکر کے ساتھ کھانا مفید ہوتا ہے۔21- بلغمی کھانسی کو دور کرنے کیلئے کیلے کے پتوں کو خشک کر کے جلا کر سفوف ہمراہ نمک بنا لیں دوماشہ سفوف صبح و شام استعمال کرنا انتہائی مفید ہوتا ہے۔22- نکسیر کو روکنے کیلئے کیلا اور دودھ معہ چینی ملا کر کھانے سے فوراً فائدہ ہوتا ہے۔23- دل کے درد میں دو عدد پختہ کیلے ایک تولہ شہد ملا کر کھانا مفید ہوتا ہے۔٭…٭…٭