ادرک کے طبی فوائد
اسپیشل فیچر
ادرک کا استعمال کم وبیش ہر گھر میں ہوتا ہے۔ یہ زمین کے اندر پائی جانے والی ایک طرح کی جڑ ہے۔ ادرک کا تخم نہیں ہوتا بلکہ چھوٹے چھوٹے ٹکڑے آلو کی طرح زمین میں کاشت کیے جاتے ہیں۔ اس کی دو اقسام ہیں، ایک ریشے والی اور دوسری بغیر ریشے والی۔ بغیرریشے والی ادرک کم پیدا ہوتی ہے۔ ادرک کے بہت سے طبی فوائد ہیں۔ اس کا مربہ بھی تیار کیا جاتا ہے جو متعدد بیماریوں کے لیے مفید ہے۔ میتھی کا جوشاندہ ایک پیالی لیجئے اس میں ایک چمچی تازہ ادرک کا رس اور ایک چمچی شہد ملائیے۔ جو مرد و خواتین کالی کھانسی، دمے اور پھیپھڑوں کی تپ دق میں مبتلا ہوں وہ یہ نسخہ استعمال کریں ، مؤثر پائیں گے۔ جن افراد کے منہ سے بدبو آتی ہے وہ ادرک کھائیں ۔ادرک اور کالی ہریڑ پر چھ چھ ماشے کی تعداد میں معمولی سا کوٹ لیں۔ اس کے بعد انہیں پیالی بھر پانی میں ابال لیں۔ بعد ازاں پانی میں شہد یا چینی ملا لیں۔ جس کسی کو پرانی کھانسی یا دمہ ہو وہ یہ پانی پئیں۔ افاقہ ہو گا۔تازہ ادرک کا درمیانہ ٹکڑا لیں ، اسے کچل کر ایک پیالی پانی میں چند منٹ کے لئے ابال لیں۔ بعد میں پانی میں چینی ملائیے اور اسے دن میں تین بار استعمال کریں۔ ادرک بھی کھا لیں۔ یہ گھریلو ٹوٹکہ نہ صرف ایام کی بے قاعدگی دور کرتا ہے بلکہ اس سے متعلق دیگر تکالیف دور ہو جاتی ہیں۔ ہیجان، بے چینی اور ذہنی دباؤ کی کیفیت میں ادرک طبیعت کو پر سکون کرتی ہے۔ ادرک کا دو تولہ رس لیں۔ اسے گائے کے سات تولہ دودھ میں اتنا پکائیں کہ آمیزے کی مقدار نصف رہ جائے۔ اس میں حسب ذائقہ شکر ملا کر سوتے وقت پی لیں۔ یہ آمیزہ ذہنی بوجھ اور پریشانی دور کر کے انسان کو پر سکون نیند کا تحفہ عطا کرتا ہے۔ اگر کسی کو ہسٹیریا کا دورہ پڑ جائے تو ادرک اور کالی مرچ ہم وزن ملا لیں۔ کمزور دماغ والے یہ آمیزہ تین تین ماشہ صبح اور شام کھائیں۔ دماغ کو تقویت ملے گی اور بھولنے کی بیماری ختم ہو جائے گی۔ ادرک کا تیل گٹھیا اور بادی کے درد میں فائدہ پہنچاتا ہے۔ ادرک کا آدھ پاؤ رس لیں ، اس میں تل کا تیل ایک چھٹانک ملا لیں۔ آمیزے کو ہلکی آنچ پر اتنا پکائیں کہ سارا مائع اڑ جائے ، صرف تیل رہ جائے۔ درد ہو تو اس تیل کی مالش کریں۔ سخت سردی کے باعث کئی لوگوں کے سر میں درد رہتا ہے۔ وہ درد سے نجات کے لئے یہ تیل ماتھے پر ملیں۔ بچوں کا سینہ گرم رکھنے کے لئے بھی اس تیل کی مالش مفید ہے ، سردی کے باعث جسم میں درد ہو تو اس تیل سے اسے بھگائیں۔ مالش کرنے کے علاوہ تھوڑی سی ادرک گڑ کے ساتھ کھا لی جائے تو علاج مزید مؤثر ہو جاتا ہے۔ دانتوں کا درد بھگانے کے لئے بھی ادرک استعمال ہوتی ہے۔