یورک ایسڈ کا قدرتی علاج
اسپیشل فیچر
ہمارے جسم میں یورک ایسڈ کی سطح کا بڑھنا ایک عام سی بات ہوگئی ہے۔ اکثر لوگ اس جانب کوئی خاص توجہ نہیں دیتے جبکہ یورک ایسڈ کی سطح میں مسلسل اضافہ انہیں جس مرض کا شکار بناتا ہے وہ جوڑوں کا درد ہے۔ اور اس کے مریض ہمیں اپنے اردگرد عام دکھائی دیتے ہیں۔ یورک ایسڈ میں اضافہ جوڑوں کے مسائل پیدا کرتا ہے جس سے جوڑوں میں درد، سوزش اور سوجن پیدا ہوتی ہے۔ اور یہ درد اور سوزش بعض اوقات اتنی زیادہ ہوتی ہے کہ انسان چلنے پھرنے سے بھی قاصر ہو جاتا ہے۔ یورک ایسڈ بڑھنے کی وجوہات میں بلڈ پریشر، موٹاپا، خون کی کمی اور چنبل شامل ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق بہت زیادہ سرخ گوشت کا استعمال یورک ایسڈ بڑھا دیتا ہے۔ تاہم ہم چند قدرتی غذاؤں کو اپنی خوراک کا حصہ بنا کر یورک ایسڈ کی اضافی سطح کو کم کر سکتے ہیں۔ وہ قدرتی غذائیں کون سی ہیں آئیے ہم آپ کوبتاتے ہیں۔ کیلے جسم میں یورک ایسڈ کی سطح کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ کیلے جوڑوں کے امراض کے شکار مریضوں کے لیے ایک بہترین غذا ہیں۔ البتہ ان امراض کے علاج کے لیے روزانہ خاصیکیلے کھانے پڑتے ہیں اور یہ عمل تین سے چار روز تک مسلسل جاری رہتا ہے۔ مرض سے چھٹکارے کی واضح علامت یہ ہوگی کہ آپ کے جوڑوں پر موجود سوجن اور سوزش کم یا ختم ہوجائے گی۔ اسٹرابیری بھی ایک ایسی قدرتی غذا ہے جو جسم میں پائے جانے والے کیمیکل کی بلند سطح کے خلاف مزاحمت کرتی ہے۔ یہ مزیدار غذا یورک ایسڈ کو کم کر کے آپ کو گنٹھیا سے آرام پہنچا سکتی ہے۔ سیب میں میلک ایسڈ کی بھاری مقدار پائی جاتی ہے اور یہ ایسڈ قدرتی طور پر یورک ایسڈ کے اثرات کو بے اثر کرتا ہے اور اس سے پیدا ہونے والے امراض کے حوالے سے آرام بھی فراہم کرتا ہے۔ بہترین فوائد کے حصول کے لیے روزانہ ایک سیب کھانا ضروری ہے۔ چیری میںایک ایسا عنصر پایا جاتاہے جو کہ سوزش کے خلاف مزاحمت کرتا ہے۔ چیری نہ صرف یورک ایسڈ کی سطح کو بڑھنے سے روکتی ہے بلکہ جسم میں موجود مختلف کیمیکل کے مرکب کے نقصانات سے بھی محفوظ رکھتی ہے۔ پانی تمام جانداروں کے لیے ضروری ہے۔ پانی جسم میں موجود اضافی یورک ایسڈ اور زہریلے مادوں کو خارج کرتا ہے جس سے گنٹھیا سے نجات حاصل ہوتی ہے۔ ماہرین کے مطابق روزانہ 8 سے 12 گلاس پانی پینا چاہیے۔ جسم میں یورک ایسڈ کی سطح کو کم کرنے کا یہ ایک آسان اور نہایت اہم گھریلو ٹوٹکا ہے۔ گاجر کے جوس کو کھیرے کے جوس اور چقندر کے جوس میں شامل کر کے پینے سے آپ کو جوڑوں کے امراض سے نجات حاصل ہو سکتی ہے۔ایسی غذائیں جن میں فائبر کی بھاری مقدار پائی جاتی ہے جسم میں موجود یورک ایسڈ کی بلند سطح کو کم کرنے کے حوالے سے مؤثر ثابت ہوسکتی ہیں۔ اس کے علاوہ یہ دیگر مضر کیمیکلز کی سطح کو بھی کم کرتی ہیں۔