انٹرویو دینے کا طریقہ
اسپیشل فیچر
انٹرویو میں کامیابی ملازمت کے حصول کو کم و بیش یقینی بناتی ہے۔ ملازمت پانے اور کیریئر میں آگے بڑھنے کے لیے انٹرویو کا کردار بہت اہم ہے۔ اگر امیدوار انٹرویو لینے والے کو اپنی صلاحیتوں کے بارے میں قائل نہ کر سکے تو ناکامی کا قوی امکان ہوتا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ ملازمت نہ ملے اور امیدوار کی بہت ساری محنت رائیگاں جائے ۔ بے روزگاری کے موجودہ دور میں کئی درخواستیں بھیجنے کے بعد انٹرویو کا موقع آتا ہے۔ ایسے میں اسے ہرگز ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ انٹرویو کی اچھی تیاری کرنی چاہیے مگر صرف اتنا ہی کافی نہیں، انٹرویو دینا بھی اچھے طریقے سے چاہیے یعنی انٹرویو سے پہلے تیاری کرتے وقت یہ ذہن نشین رہے کہ دوران انٹرویو کیا کرنا ہے۔ اس ادارے یا تنظیم کے بارے میں بنیادی معلومات لازماً ہونی چاہئیں جس میں آپ شامل ہونا چاہتے ہیں۔ انٹرویو دینے سے پہلے اس ادارے کے بارے میں معلومات حاصل کیجیے اور انہیں حاصل کرنے کے بہت سے طریقے ہیں۔ اس ادارے کی ویب سائٹ، ٹویٹر یا فیس بک پیج سے خاصی مدد مل سکتی ہے۔ یہ بھی جاننے کی کوشش کریں کہ ملازمت ملنے کی صورت میں آپ کا کام کیا ہوگا اور ادارے میں آپ کسی طرح کی خدمات سرانجام دے سکتے ہیں؟آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ آپ اپنے تجربے، تعلیم اور صلاحیتوں سے اس ادارے کی کارکردگی میں بہتری کیسے لا سکتے ہیں۔ آپ سے پہلے بہت سے لوگوں نے انٹرویو میں کامیابی حاصل کی ہو گی اور اس ادارے میں ملازمت کی ہو گی یا کر رہے ہوں گے۔ ان کا پتا چل جائے تو خوب ہے کیونکہ اس طرح آپ ان سے پوچھ سکتے ہیں کہ انٹرویو کس طرح کا لیا جاتا ہے اور اس میں کون سے سوالات پوچھے جاتے ہیں۔ انٹر نیٹ بھی آپ کی مدد کر سکتا ہے کیونکہ مختلف فورمز پر لوگوں نے اپنے تجربات بیان کیے ہوتے ہیں۔ اس کے بعد یہ سوچ لیں کہ ان سوالات کے آپ کیا جوابات دیں گے۔ یہ عمومی سوالات ہیں جو اکثر انٹرویوز میں پوچھے جاتے ہیں۔ ان کے لیے آپ کے جوابات کی تیاری کا مطلب ہوا کہ آپ درست راہ پر گامزن ہیں۔بعض اوقات یوں ہوتا ہے کہ امیدوار سے پوچھا جاتا ہے کہ اب آپ ادارے یا امیدوار کے انتخاب کے بارے میں کوئی سوال کریں۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے پاس کم از کم ایک اچھا سوال ضرور ہونا چاہیے۔انٹرویو کے لیے لباس کا انتخاب احتیاط سے کریں۔ اسے اچھا اوررسمی ہونا چاہیے۔ اچھے لباس سے آپ کی شخصیت پراثر اور جامع نظر آئے گی۔ زیادہ رنگین اور اوچھے قسم کے لباس سے پرہیز کریں۔وقت کی پابندی یوں تو ہر معاملے میں ضروری ہے لیکن انٹرویو میں یہ بہت ضروری ہے ۔ کوشش کریں کہ وقت سے پہلے پہنچ جائیں۔ گھر سے نکلتے وقت منزل کا فاصلہ نظر میں رکھیں اور یہ بھی دھیان رکھیں کہ راستے میں کوئی ایمرجنسی بھی ہو سکتی ہے۔جلد پہنچنا ذہنی سکون کا باعث بھی ہو گا اور آپ کو وہاں کی صورت حال کا مختصر سا جائزہ لینے کا موقع بھی ملے گا۔ پہلا تاثر بہت اہم ہوتا ہے، اس لیے آغاز سے ہی اچھا تاثر قائم کرنے کی کوشش کیجیے۔ پرسکون اور پر اعتماد انداز میں سوالوں کے جواب دیجیے۔ اکثر مرتبہ عام سوالات کے بعد ٹیکنیکل سوالات ہوتے ہیں۔ چونکہ آپ کی اپنے شعبے کے بارے میں معلومات مستند ہیں اس لیے بلا جھجک جواب دیجیے۔ ہاں، جوابات کو غیر ضروری طول دینے سے بچیں۔ اس دوران سوال پوچھنے والے سے نظریں چرانے کی کوشش نہ کریں۔ جب کام کی نوعیت کے حوالے سے گفتگو ہو رہی ہو تو سمجھداری سے کام اور ذمہ داریوں کے حوالے سے کچھ ضروری سوالات پوچھ لیں ۔ اس سے نہ صرف آگے کی گفتگو میں آپ کو مدد ملے گی بلکہ آپ کی کام میں دلچسپی اور ذمہ داری لینے پر آمادگی بھی نظر آئے گی۔آپ کی گفتگو تو اہم ہے ہی، آپ کا بیٹھنے کا اندازاور جسمانی حرکات بھی آپ کے لیے اس ملازمت کے حصول میں مددگار یا مزاحم ہو سکتی ہیں۔ انٹرویو کے دوران مناسب انداز میں بیٹھیں۔ غیرضروری حرکات سے گریز کریں۔