بادام : اقسام اور فوائد
اسپیشل فیچر
بادام مشہور میوہ ہے اور سب لوگ اسے شوق سے کھاتے ہیں۔ زمانہ قدیم سے اس کی کاشت کی جا رہی ہے۔ بادام کی دو عمومی قسمیں ہیں۔ ایک تلخ اور دوسرا میٹھا۔ اس کا درخت عام طور پر 20 سے 25 فٹ تک اور بعض دفعہ اس سے بھی زیادہ لمبا ہوتا ہے۔ پتے اوپر سے چوڑے اور پیندے سے تنگ اور گنجان دانے دار ہوتے ہیں۔ پھل جب کچا ہوتا ہے تو سبز رنگ کا مخملی روئیں والا ہوتا ہے۔ اندر کی گری مزے میں کسیلی اور معمولی سی کھٹاس لیے ہوتی ہے۔ جب پھل پک جاتا ہے تو اوپر کا چھلکا پھٹ کر علیحدہ ہو جاتا ہے اور گٹھلی آسانی سے نکل جاتی ہے۔ جسمانی کمزوری کے لیے بادام بہت مفید ہے۔ صالح خون پیدا کرتا ہے۔ اس کا مزاج گرم تر ہے۔ دماغی کام کرنے والوں کے لیے انمول تحفہ ہے۔ دماغ اور بینائی کو تقویت دیتا ہے۔ اس کا روغن قبض کشا اور خشک کھانسی، مثانے کی خراش، آنتوں کی سوزش اور اعصابی نظام میں اعتدال رکھنے کے لیے بہت مفید ہے۔ جن لوگوں کو دائمی قبض رہتی ہو، پریشانی کے باعث رات کو نیند نہ آتی ہو، نیند کی کمی سے سر چکراتا ہو، ان کے لیے فائدہ مند ہے۔ بادام کھانے سے طاقت آتی ہے۔ پورے بدن کی خشکی کو دور کرتا ہے۔ پڑھنے والے بچوں کو بادام ضرور کھانے چاہئیں۔ نوجوان لڑکے لڑکیوں کو، جو کمزور صحت کے ہوں، ان کو چاہیے کہ 12 بادام اور 12گرام کشمش رات کو پانی میں بھگو دیں اور صبح نہار منہ چبا چبا کر کھا لیں۔ اس سے جسمانی کمزوری دور ہوگی اور صحت ٹھیک رہے گی۔ نزلہ بخار کے بعد خشک کھانسی ہو جاتی ہے۔ بلغم نہیں نکلتا۔ ایسی صورت میں چھ ماشے روغن بادام ایک چمچ شہد میں ملا کر چاٹنے سے حلق تر ہو جاتا ہے۔ اس کی خشونت دور ہوتی ہے۔ اسے ملا کر رکھیے اور بار بار چاٹیے۔ بادام کے پھول بڑے خوبصورت ہوتے ہیں سفید پھولوں میں لال چھینٹا پیارا لگتا ہے۔ اس کے سونگھنے سے دل و دماغ میں فرحت کا احساس ہوتا ہے۔ ہمارے ہاں کاغذی اور کاٹھے بادام مشہور ہیں۔ امریکن بادام کی گری بڑی اور میٹھی ہوتی ہے۔ قندھاری اور ایرانی بادام بھی بہت پسند کیے جاتے ہیں۔ میٹھے اور کڑوے باداموں کے درخت علیحدہ علیحدہ ہوتے ہیں۔ کڑوے بادام کا روغن مہنگا ملتا ہے اور عام طور پر کاسمیٹکس میں استعمال کیا جاتا ہے۔ چہرے کی رنگت صاف، چھائیاں دور اور جلد نرم کرنے کے لیے کریموں اور لوشن میں ڈالا جاتا ہے۔ پرانے طبیب چہرے کے داغ دھبوں پر بادام تلخ کا روغن لگواتے تھے۔ یہ روغن کان کے امراض میں بھی مفید ہے۔ کچھ لوگوں کو سر چکرانے کی شکایت ہوتی ہے۔ آنکھوں کے سامنے ایک دم اندھیرا چھا جاتا ہے۔ دماغی کمزوری، قبض اور نظام انہضام کی خرابی سے عموماً یہ مرض ہو جاتا ہے۔ ایسی صورت میں مغز بادام سات عدد، مغز کدو چھ ماشہ، تخم خشخاش تین ماشہ، علیحدہ دو تولہ صاف گیہوں لے کر پانی میں بھگوئیے۔ اس میں بادام اور مغز وغیرہ بھی ملا دیجیے۔ صبح بادام چھیل کر ایک پاؤ دودھ میں سب چیزیں ملا کر پیش لیجیے۔ بند نزلے سے اکثر سر بھاری ہو جاتا ہے۔ رطوبت کی وجہ سے تکلیف ہوتی ہے۔ اگر آپ سردی کے موسم میں بادام کا استعمال باقاعدگی سے کریں تو نزلہ کا امکان کم ہوگا۔