مغلوں کا سامان آرائش

مغلوں کا سامان آرائش

اسپیشل فیچر

تحریر : مجیب اللہ مجیب



کسی مخصوص تمدن کا تصور کرتے ہی ذہن میں اس کے سارے اجزا اکٹھا ہونے لگتے ہیں، خصوصاً وہ تمدن اور کلچر جو مغلوں کا مرہون منت ہے اور جس کا خاکہ ذہن میں تیار ہوتے ہی مختلف طرح کے خیالات آپس میں ٹکرانے لگتے ہیں۔ اس مخصوص کلچر، تہذیب و تمدن کے اہلکاروں نے اپنے وطن کو الودع کہا اور دوسرے ملکوں پر جہانبانی کی غرض سے قابض ہوئے، وہاں رہ کر انہوں نے اس ملک کو کچھ اپنی چیزیں دیں اور ان سے کچھ نئی چیزیں لیں۔ یہ معاملہ خصوصاً مغل تہذیب کے ساتھ زیادہ ہے۔ اس تہذیب کے ہر پہلو نے دوسری تہذیب سے ہمیشہ لین دین برقرار رکھا۔ فن تعمیرات ہو کہ فن موسیقی اور ادب ہو کہ فن مصوری۔ بہر طور انہوں نے فنون لطیفہ کے ہر پہلو کو متاثر کیا اور اس سے متاثر ہوئے۔ 
یہ سرسری جائزہ تو خارجی زندگی سے تعلق رکھتا ہے۔ اب ہم داخلی زندگی کی طرف آتے ہیں۔ داخلی زندگی میں طرزرہائش اور طرز لباس آتا ہے۔ ظہیر الدین بابر نے سلطنت مغلیہ کی بنیاد ڈالی اور جلد ہی صدائے اجل کو لبیک کہا۔ اس کے بعد ہمایوں تخت پر بیٹھا اور اس کی ساری زندگی مشکلات میں کٹی۔ ان بادشاہوں کو اتنا موقع نہ مل سکا کہ یہ برصغیر کی تہذیب کو زیادہ قریب سے دیکھ سکتے لہٰذا یہ اس تہذیبی لین دین سے محروم رہے مگر اکبر کا زمانہ کئی حیثیتوں سے بڑا اہم ہے، مغلوں کا مخصوص لباس جامہ تھا اور راجپوتوں کا مخصوص لباس تکوچیہ، لیکن اکبر کے اختراعی ذہن نے دونوں لباسوں کو بہت قریب کر دیا اور اس سے ایک نیا لباس پیدا ہو گیا۔ 
مغلوں کے زمانے میں کچھ مخصوص لباس تھے جو بہت عام تھے مثلاً شاہ عجیدہ، شست خط، دو تاہی اور عذر وغیرہ۔ اس میں سے عذر کی بناوٹ بالکل قبا جیسی تھی۔ فرق صرف اتنا تھا کہ عذر کی بناوٹ قبا سے کچھ لمبائی اور چوڑائی میں مختلف تھی۔ جاڑوں کے ایام میں ایک دبیز قسم کا لباس استعمال ہوتا تھا جسے قلمی کہتے تھے۔ اس لباس سے اوور کوٹ کا پورا پورا کام لیا جاتا تھا۔ چونکہ مغلوں کی زندگی میں نفاست کا کافی دخل تھا لہٰذا اس لباس میں بھی زری کا کام ہوتا تھا۔ 
اس سلسلے میں تیسرا لباس بھی قابل ذکر ہے اور اس کا نام ہے البقچہ۔ یہ ایک لبادے کی شکل کا لباس تھا جو خاص طور پر جامہ اور پیشواز کے اوپر پہنا جاتا تھا اور اس کا اوپری حصہ نہایت خوبصورت ڈھنگ سے تیار کیا جاتا تھا۔ اس لباس کے سامنے کی طرف مختلف جانوروں کی رنگ برنگی تصاویر ہوا کرتی تھیں جس کو مشاق قسم کا درزی بنایا کرتے تھے۔
بارش کے دنوں میں چلمان نام کا کپڑا جسم کے بچاؤ کے لیے استعمال کیا جاتا تھا، جسے موم جانہ، صوف یا سقرلات سے تیار کیا جاتا تھا۔ سردی کے دنوں میں کاندھے پر چادر ڈال کر چلنے کا رواج تھا اور کشمیری شالیں خاص طور سے اسی مقصد کے لیے استعمال کی جاتی تھیں۔ 
ان شہنشاہوں کے زمانے میں لباس بجنسہ اسی طرح رہا، جس طرح کہ یہ اپنے ساتھ لائے تھے۔ ایشیائے کوچک میں وہ لباس جو روزمرہ کی زندگی میں استعمال ہوتے تھے، ان میں جامہ، فرجی، پیشواز، شلوار اور البقچہ قابل ذکر ہیں۔ تاریخ کے اوراق اس سلسلے میں ہماری مدد نہیں کرتے کہ آیا ان کے علاوہ بھی کوئی استعمال ہوتا تھا یا نہیں۔ اکبر کے دور حکومت میں مشترک قدروں کی اہمیت کو جلا بخشی گئی اور یہی نہیں بلکہ سامان آرائش و زیبائش میں بھی اس بات کا خیال رکھا گیا۔ مانسٹریٹ جو ایک پرتگیزی سیاح تھا اس نے بھی اکبر کے زمانے کے مختلف لباسوں کا اپنے سفرنامے میں تذکرہ کیا ہے۔ 
جہانگیر کے زمانے میں بھی اکبر کے زمانے کے سارے لباس استعمال کیے جاتے تھے، اور کچھ مخصوص لباس جہانگیر نے خود اپنے لیے وقف کر رکھے تھے، اور یہ حکم شاہی تھا کہ اسے سوائے شہنشاہ کے اور کوئی شخص استعمال نہیں کر سکتا جب تک بادشاہ خود اسے کسی خاص موقعے پر اس مخصوص لباس سے نہ نوازے۔ 
جہانگیر کے بعد برصغیر کے تخت پر ایک باوقار شہنشاہ آتا ہے جس کی زندگی ہمہ نفاست اور ہمہ دلفریبی ہے۔ جس کی عظمت کا نمونہ فلک بوس قلعوں کی پختہ اور بلند دیواریں اور جس کا غم تاج محل جیسا روح پرور اور جاں افروز ہے۔ اسی لیے ایک نفاست پسند شہنشاہ سے جس طرح کی امید کی جاتی تھی، اسی طرح ہوا لیکن یک بیک جب وہ اپنی زندگی میں ایک عظیم المیہ سے دوچار ہوا، اس وقت سے اس کی حیات کی رفتار مدھم ہو گئی۔ ذیقعدہ کے مہینے میں ممتاز محل نے صدائے اجل کو لبیک کہا اور شاہجہاں کے لیے یہ مہینہ ماتم کدہ بن گیا۔ اس مہینے میں وہ سوائے سفید کپڑوں کے اور کوئی کپڑا استعمال نہیں کرتا تھا اور بدھ کا دن تو ہمیشہ کے لیے اسے سوگوار بنا گیا، کیونکہ بدھ کے دل ممتاز محل کا انتقال ہوا تھا۔ لہٰذا بدھ کے دن تو وہ خاص طور سے سفید لباس ہی استعمال کیا کرتا تھا۔ 
اورنگ زیب کے زمانے میں خاص تغیر ہوا۔ 14 جنوری 1669ء کے فرمان کے مطابق زربفت کا لباس قانوناً بند کر دیا گیا لیکن اس کا استعمال ختم نہیں ہوا۔ بادشاہ خود سادہ کپڑوں کو ترجیح دیا کرتا تھا اور منوچی کے بیان کے مطابق اورنگ زیب کے کپڑوں کی قیمت 10 روپے سے زیادہ نہیں ہوا کرتی تھی۔ 
اکبر سے پہلے سر کو ڈھانکنے کے لیے دو طرح کی چیزیں استعمال کی جاتی تھیں، چونکہ سر کے بال منڈوانے کا عام روج تھا۔ اس لیے ٹوپی یا سر کے ڈھانکنے کی چیز استعمال میں لائی جاتی تھی۔ مثلاً ہمایوں کے زمانے میں تاجِ عزت اور خاصہ تاج کا عام رواج تھا۔ تاج عزت کی شکل بالکل انگریزی کے ''وی‘‘ جیسی تھی اور خاصہ تاج بادشاہ کی عطا کی ہوئی ٹوپی کا نام تھا جو اپنا مخصوص رنگ رکھتی تھی لیکن پٹرے دی ویلا کے بیان کے مطابق اکبر بال رکھنا پسند کرتا تھا۔ اس لیے اس نے ٹوپی کی اس شکل کو ترجیح دی جو اس کے بالوں کو خوبصورتی سے چھپا لے۔ لہٰذا وہ کلاہ بہت بہتر ڈھنگ سے تیار کراتا تھا جس میں سونے اور چاندی کا کام ہوتا تھا اور کلاہ میں طرے کی موجودگی کا خاص خیال رکھا جاتا تھا۔ جہانگیر اپنے سرپوش میں ہیرے اور جواہرات کا استعمال ضرور کرتا تھا۔ اس کے سر پوش کے دونوں طرف قیمتی ہیرے لٹکتے رہتے تھے اور بیچ میں طرہ ہوتا تھا۔
شاہجہاں کے زمانے میں بھی کم و بیش سرپوش کی بناوٹ یہی رہی لیکن اورنگ زیب کے زمانے میں لباسوں کی طرح سرپوش میں بھی ہیرے اور جواہرات کا استعمال منع کر دیا گیا۔ 
بابر اور ہمایوں کے بارے میں تو وثوق سے کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ ان کے استعمال میں ہیرے اور زیورات ہوتے تھے یا نہیں، لیکن جہاں تک اکبر کا تعلق ہے، اسے ہیروں سے اور مختلف قسم کے زیورات سے خاص دلچسپی تھی۔ لیکن اس سلسلہ میں جہانگیر کا ذوق اکبر سے کہیں زیادہ بلند تھا۔ مانسریٹ جس نے اس کے عہد حکومت کے حالات قلمبند کیے ہیں، لکھتا ہے کہ اس کے گلے میں جواہرات کی مالائیں پڑی رہتی تھیں۔ اس کے ہاتھوں کی دونوں کہنیاں قیمتی موتیوں سے بھری رہتی تھیں۔ ہاکنس اور ٹیری کے بیان کے مطابق اس کی ہر انگلی میں انگوٹھیاں ہوتی تھیں، جن میں بیش بہا نگینے ہوا کرتے تھے۔ چونکہ اکبر شیخ سلیم چشتیؒ کے معتقدوں میں سے تھا اس لیے اس نے بچپن ہی میں جہانگیر کے کانوں میں اس رعایت کے تخت چھلے ڈال دیے تھے۔ لہٰذا وہ کانوں کے چھلے دائمی حیثیت میں تبدیل ہو گئے اور اس کے کانوں میں ہمیشہ چھلے پڑے رہنے لگے۔ ٹیری کا کہنا ہے کہ جہانگیر کی طرح دنیا میں کوئی شہنشاہ نہیں ہوا، جو اتنے بیش قیمت موتیوں اور جواہرات سے اپنے آپ کو مزین کر سکے۔ 
اورنگزیب نے جہاں ساری غیرضروری چیزوں کو خیرباد کہا، وہاں ہیروں اور جواہرات کے استعمال سے بھی احتراز کیا۔ لیکن ان سب چیزوں کے ساتھ روایات کا دخل ہوتا ہے۔ لہٰذا وہ ان سے بالکل نہ بچ سکا اور شاہی دستار میں ایک بیش قیمت پتھر کو جگہ دینی پڑی۔ بہت سی چیزوں کی حیثیت ذاتی ہو اکرتی تھی۔ سو وہ کچھ اورنگزیب کے ساتھ بھی رہیں لیکن اس کے لڑکے جواہرات کا استعمال کرتے تھے جس میں وہ قطعاً مخل نہیں ہوا۔ 
کچھ شروع ہی سے مشرق کی سرزمین میں نفاست کو بڑا دخل رہا ہے اور تمام وہ عمل جو اس سلسلے میں مفید ثابت ہو سکتے تھے، ان کو کام میں لایا گیا۔ چنانچہ اس سلسلے میں خوشبو کا استعمال کرنا بھی آتا ہے۔ اکبر کو عطر وغیرہ کا بڑا شوق تھا۔ چنانچہ اس نے الگ سے ہی ایک شعبہ کی بنیاد ڈالی جس کا ‘‘خوشبو خانہ‘‘ نام رکھا۔ اس میں مختلف قسم کی خوشبوئیں تیار کی جاتی تھیں۔ اس کے زمانے میں مختلف قسم کے عطروں کے حوالے ملتے ہیں جیسے سنتوگ، ارگجہ، گلگونہ، اور زوبہ وغیرہ۔ اکبر کے بعد جہانگیر کا دور حکومت آتا ہے۔ اس شہنشاہ کو بھی اپنے باپ کی طرح عطروں کا بڑا شوق تھا۔ اس کے علاوہ نورجہاں خوشبوؤں کے بارے میں کافی معلومات رکھتی تھی۔ اس نے کئی قسم کے عطر بھی ایجاد کیے اور یہاں تک کہ ایک عطر کا نام عطر جہانگیری بھی پڑ گیا۔ شاہجہاں کو بھی عطر سے خاص لگاؤ رہا اور اس نے اس کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
سرن میں نئی دریافت

سرن میں نئی دریافت

تجرباتی اور نظریاتی طبیعیات کیلئے اہم پیش رفتحالیہ دنوںسائنسی دنیا میں ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جب یورپ میں قائم دنیا کی سب سے بڑی پارٹیکل فزکس لیبارٹری سرن (CERN) کے سائنسدانوں نے کائنات کے بنیادی ذرات کی دنیا میں ایک بالکل نیا ذرہ دریافت کیا ہے۔ یہ دریافت اُس وقت سامنے آئی جب لارج ہیڈرون کولائیڈر کے ایک جدید اور حساس ترین ڈیٹیکٹر کو اَپ گریڈ کرنے کے بعد نئے تجربات کیے گئے۔یہ نیا ذرہ ایک خاص قسم کا baryons ہے جسے زی سی سی پلس (ZCC ) کا نام دیا گیا ہے۔ اس کی سب سے اہم خصوصیت یہ ہے کہ یہ دو بھاری چارم کوارکس اور ایک ڈاؤن کوارک پر مشتمل ہے۔ عام پروٹون دو اَپ اور ایک ڈاؤن کوارک سے بنتا ہے مگر اس نئے ذرے کی ساخت میں دو بھاری کوارکس ہونے کے باعث اس کا وزن عام پروٹون سے تقریباً چار گنا زیادہ ہے۔سائنسدانوں کے مطابق یہ دریافت لارج ہیڈرون کولائیڈر کے اپ گریڈ کے بعد کی جانے والی پہلی بڑی سائنسی کامیابی ہے۔ ایل ایچ سی بی (LHCb) ڈیٹیکٹر کو 2023ء میں اَپ گریڈ کیا گیا تھا تاکہ یہ پہلے سے کہیں زیادہ تیز رفتاری اور درستگی کے ساتھ ذرات کے تصادم سے پیدا ہونے والے نایاب ذرات کو شناخت کر سکے۔ اسی جدیدیت نے سائنسدانوں کو یہ نیا ذرہ تلاش کرنے کے قابل بنایا۔ایل ایچ سی میں پروٹونز کو روشنی کی رفتار کے قریب رفتار سے آپس میں ٹکرایا جاتا ہے جس کے نتیجے میں انتہائی کم وقت کے لیے نئے ذرات بنتے ہیں۔ یہ ذرات عموماً لمحوں میں ٹوٹ جاتے ہیں مگر ان کے بکھرنے سے پیدا ہونے والے دیگر ذرات کے آثار کا تجزیہ کر کے سائنسدان ان کی موجودگی کا پتہ لگاتے ہیں۔ زی سی سی پلس بھی اسی طرح کے عمل سے سامنے آیا۔ تحقیق کے مطابق یہ ذرہ محض چند فیمٹو سیکنڈز تک زندہ رہتا ہے۔ ایک فیمٹو سیکنڈ ایک سیکنڈ کے ایک ہزار کھربویں حصے کے برابر ہوتا ہے۔ اتنی قلیل زندگی کے باوجود سائنسدان اس کے بکھرنے کے انداز سے اس کی خصوصیات کا درست اندازہ لگانے میں کامیاب رہے۔اس دریافت کی اہمیت صرف اس لیے نہیں کہ ایک نیا ذرہ ملا ہے بلکہ اس لیے بھی کہ یہ کوانٹم کرومو ڈائنامکس (QCD) جیسے نظریات کی جانچ میں مدد دے گا۔ QCDوہ بنیادی نظریہ ہے جو بتاتا ہے کہ کوارکس کس طرح ایک دوسرے سے جڑ کر بیریونز اور میسونز جیسے ذرات بناتے ہیں۔ چونکہ زی سی سی پلس میں دو بھاری کوارکس موجود ہیں اس لیے یہ سائنسدانوں کو یہ سمجھنے میں مدد دے سکتا ہے کہ بھاری کوارکس ایک دوسرے کے ساتھ کیسے تعامل کرتے ہیں اور مادے کی ساخت میں ان کا کردار کیا ہے۔یہ بھی قابل ذکر ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب اس فیملی کا کوئی ذرہ دریافت ہوا ہو۔ 2017ء میں سائنسدانوں نے ایک اور مشابہ ذرہ زی سی سی پلس پلس دریافت کیا تھا جس میں دو چارم کوارکس کے ساتھ ایک اپ کوارک شامل تھا۔ تاہم زی سی سی پلس پلس کے مقابلے میں نیا دریافت ہونے والا ذرہ زیادہ غیر مستحکم ہے اور بہت جلد ٹوٹ جاتا ہے۔ یہ فرق بھی سائنسدانوں کے لیے تحقیق کا ایک نیا میدان کھولتا ہے۔LHCB تجربے کے ترجمان کے مطابق یہ دریافت ظاہر کرتی ہے کہ اپ گریڈ کے بعد تجرباتی آلات کی حساسیت اور صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ جدید ڈیٹیکٹرز اب ایک سیکنڈ میں کروڑوں تصاویر لینے کے قابل ہیں جس سے نایاب ترین ذرات کی تلاش بھی ممکن ہو گئی ہے۔اگرچہ یہ دریافت ہگز بوزون کی دریافت جیسی تاریخی نہیں سمجھی جا رہی تاہم بنیادی فزکس کے ماہرین اسے ایک اہم قدم قرار دے رہے ہیں۔ اس قسم کی دریافتیں مادے کی ساخت کو سمجھنے، بنیادی قوتوں کی نوعیت جاننے اور کائنات کی ابتداکے رازوں تک پہنچنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔یہ تحقیق اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ ایل ایچ سی اور اس کے جدید ڈیٹیکٹرز مستقبل میں مزید حیران کن انکشافات کر سکتے ہیں۔ سائنسدانوں کو توقع ہے کہ آنے والے برسوں میں مزید ایسے نایاب ذرات دریافت ہوں گے جو کائنات کی بنیادی ساخت اور قوتوں کے بارے میں ہمارے علم کو مزید گہرا کریں گے۔یہ نیا ذرہ نہ صرف تجرباتی طبیعیات کے لیے اہم ہے بلکہ نظریاتی طبیعیات کے لیے بھی قیمتی ڈیٹا فراہم کرتا ہے۔ ہر نئی دریافت سائنسی نظریات کی جانچ کا موقع دیتی ہے اور یہ دیکھنے میں مدد کرتی ہے کہ موجودہ ماڈلز کہاں تک درست ہیں اور کہاں نئی فزکس کی ضرورت ہے۔ مختصر یہ کہ زی سی سی پلس کی دریافت ایک اور قدم ہے اس سمت میں جس سے انسان کائنات کے بنیادی رازوں کو سمجھنے کے قریب پہنچ رہا ہے۔ یہ دریافت اس بات کی یاد دہانی بھی ہے کہ سائنسی تحقیق ایک مسلسل عمل ہے، جہاں ہر نیا جواب درجنوں نئے سوالات کو جنم دیتا ہے۔

نوجوان کیا کھاتے ہیں؟

نوجوان کیا کھاتے ہیں؟

ذہنی صحت پر حیران کن اثرات ،ایک سائنسی جائزہجدید دور میں نوجوانوں کی زندگی جہاں ٹیکنالوجی، سوشل میڈیا اور تعلیمی دباؤ کے گرد گھومتی ہے وہیں ایک اور اہم مگر نظرانداز پہلو اْن کی خوراک ہے۔ایک حالیہ سائنسی تحقیق نے یہ انکشاف کیا ہے کہ نوجوانوں کی خوراک ان کی ذہنی صحت پر ہماری توقعات سے کہیں زیادہ گہرا اثر ڈال سکتی ہے۔یہ تحقیق، جو برطانیہ کی سوانسی یونیورسٹی کے ماہرین نے کی ہے، نشاندہی کرتی ہے کہ صحت مند غذا اور ذہنی سکون کے درمیان مضبوط تعلق موجود ہے جبکہ غیر معیاری خوراک ذہنی دباؤ، بے چینی اور ڈپریشن کو بڑھا سکتی ہے۔ تحقیق میں تقریباً 19 مختلف مطالعات کا جائزہ لیا گیا جن میں ایک واضح رجحان سامنے آیا اور وہ یہ کہ بہتر خوراک کا نتیجہ کم ڈپریشن جبکہ غیر صحت بخش خوراک کا نتیجہ زیادہ ذہنی دباؤ ہے۔یہ کوئی اتفاق نہیں بلکہ ایک مسلسل سامنے آنے والا سائنسی رجحان ہے اور دیگر مطالعات بھی اسی نتیجے کی تائید کرتے ہیں کہ جو نوجوان زیادہ سبزیاں، پھل اور متوازن غذا استعمال کرتے ہیں ان میں ذہنی مسائل کم ہوتے ہیں جبکہ جنک فوڈ اور میٹھے مشروبات کا زیادہ استعمال ڈپریشن اور اینگزائٹی کا سبب بنتا ہے۔ ایک دلچسپ پہلو یہ سامنے آیا کہ صرف وٹامن یا سپلیمنٹس لینے سے واضح فائدہ ثابت نہیں ہوا۔ مثال کے طور پر وٹامن ڈی کے حوالے سے کچھ مثبت نتائج ضرور ملے مگر وہ مستقل نہیں تھے۔اس کے برعکس مکمل غذا کا مجموعی معیار زیادہ اہم ثابت ہوا ہے یعنی متوازن خوراک اورقدرتی اجزا کا استعمال اورپراسیسڈ فوڈ سے پرہیز،یہ مجموعی طور پر ذہنی صحت کو بہتر بنانے میں زیادہ مؤثر ہے۔ ماہرین کے مطابق نوجوانی وہ مرحلہ ہے جب دماغ تیزی سے نشوونما پاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس عمر میں خوراک کے اثرات زیادہ گہرے ہوتے ہیں۔اگر اس دور میں غذا غیر متوازن ہو تودماغی کیمیائی عمل متاثر ہو سکتے ہیں،جذباتی توازن بگڑ سکتا ہے،ذہنی بیماریوں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔سائنسدانوں کے مطابق یہ وہ ونڈو آف اپرچونٹی ہے جہاں بہتر خوراک کے ذریعے مستقبل کی ذہنی صحت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ جنک فوڈ اور ذہنی مسائلتحقیقات سے یہ بھی سامنے آیا ہے کہ جنک فوڈ خاص طور پر وہ خوراک جو چکنائی اور چینی سے بھرپور ہو نہ صرف جسم بلکہ دماغ کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔ایسی غذاڈپریشن کے امکانات بڑھاتی ہے،یادداشت کو متاثر کرتی ہے، توجہ اور سیکھنے کی صلاحیت کم کرتی ہے۔کچھ مطالعات میں یہ بھی دیکھا گیا کہ کم معیار کی غذا لینے والے نوجوانوں میں ڈپریشن کا خطرہ 80 فیصد تک زیادہ ہو سکتا ہے۔ گٹ برین کنکشنجدید سائنس ایک اور اہم پہلو پر زور دیتی ہے جسے گٹ برین ایکسس کہا جاتا ہے۔خوراک ہمارے معدے اور آنتوں میں موجود بیکٹیریا کو متاثر کرتی ہے جو براہِ راست دماغی افعال سے جڑے ہوتے ہیں۔ناقص غذا کے اثرات نیوروٹرانسمیٹرز (جیسے سیروٹونن) کی پیداوار متاثر،سوزش (inflammation) میں اضافہ اورموڈ میں بگاڑ کا سبب بنتے ہیں اوریہ عوامل ذہنی صحت پر منفی اثر ڈال سکتے ہیں۔ کھانے کی عادات بھی اہمصرف یہ نہیں کہ نوجوان کیا کھاتے ہیں بلکہ یہ بھی اہم ہے کہ وہ کیسے کھاتے ہیں۔تحقیقات کے مطابق ناشتہ نہ کرنا ذہنی مسائل بڑھا سکتا ہے،فیملی کے ساتھ کھانا کھانا ذہنی سکون دیتا ہے،بے ترتیب کھانے کی عادات منفی اثر ڈالتی ہیں، یعنی خوراک کا معیار اور انداز دونوں اہم ہیں۔ سماجی و معاشی عوامل کا کرداریہ تعلق اتنا سادہ بھی نہیں جتنا لگتا ہے۔ ماہرین کے مطابق کئی عوامل اس پر اثر انداز ہوتے ہیں جیسا کہ معاشی حیثیت،صنفی فرق، خاندانی ماحول۔مثلاً کم آمدنی والے خاندانوں میں صحت مند خوراک تک رسائی کم ہوتی ہے جس سے ذہنی صحت بھی متاثر ہو سکتی ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ سائنسدان ابھی بھی اس تعلق کو مکمل طور پر ''سبب اور نتیجہ‘‘ کے طور پر ثابت نہیں کر سکے۔یعنی کیا خراب غذا ذہنی مسائل پیدا کرتی ہے یاکیا ذہنی مسائل خراب کھانے کی عادات پیدا کرتے ہیں؟اس سوال کا مکمل جواب ابھی باقی ہے، اسی لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔ جیسا کھاؤ گے ویسا سوچو گےتاہم یہ تحقیق ایک اہم پیغام ضرور دیتی ہے کہ نوجوانوں کی ذہنی صحت صرف نفسیاتی یا سماجی مسئلہ نہیں بلکہ غذائی مسئلہ بھی ہے۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہماری نوجوان نسل ذہنی طور پر مضبوط ہو ڈپریشن اور اینگزائٹی سے محفوظ رہے، بہتر فیصلہ سازی کی صلاحیت رکھے تو ہمیں ان کی خوراک پر سنجیدگی سے توجہ دینا ہوگی۔متوازن غذا، قدرتی اجزا اور صحت مند کھانے کی عادات نہ صرف جسم بلکہ ذہن کو بھی طاقت دیتی ہیں ،اوریہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ آپ جو کھاتے ہیں وہی آپ کی سوچ، مزاج اور ذہنی کیفیات کو تشکیل دیتا ہے۔

آج کا دن

آج کا دن

اسلامی جمہوریہ ایران کا قیامیکم اپریل 1979ء ایران کی تاریخ کا ایک فیصلہ کن دن تھا جب عوامی ریفرنڈم کے نتیجے میں ایران کو باضابطہ طور پر اسلامی جمہوریہ قرار دیا گیا۔ یہ ریفرنڈم اس انقلاب کا منطقی نتیجہ تھا جو 1978-79ء میں محمد رضا پہلوی کی حکومت کے خلاف برپا ہوا۔ آیت اللہ روح اللہ خمینی کی قیادت میں چلنے والی اس تحریک نے بادشاہت کا خاتمہ کر کے مذہبی بنیادوں پر قائم نظام کی بنیاد رکھی۔ریفرنڈم میں ایرانی عوام سے ایک سادہ سوال پوچھا گیا: کیا آپ اسلامی جمہوریہ چاہتے ہیں؟ سرکاری نتائج کے مطابق تقریباً 98 فیصد ووٹرز نے اس کے حق میں ووٹ دیا۔ اس تبدیلی نے نہ صرف ایران کی داخلی سیاست کو بدل دیا بلکہ مشرقِ وسطیٰ اور عالمی سیاست پر بھی گہرے اثرات مرتب کیے۔ یکم اپریل ایران میں یومِ جمہوریہ اسلامی کے طور پر منایا جاتا ہے۔ ہسپانوی خانہ جنگی کا خاتمہیکم اپریل 1939ء کو ہسپانوی خانہ جنگی باضابطہ طور پر ختم ہو گئی جب جنرل فرانسسکو فرانکو کی افواج نے فتح کا اعلان کیا۔ یہ جنگ 1936ء میں شروع ہوئی تھی اور اس میں جمہوری حکومت کے حامیوں (ریپبلکنز) اور قوم پرستوں (نیشنلٹس) کے درمیان شدید لڑائی ہوئی۔فرانکو کی قیادت میں قوم پرستوں کو جرمنی اور اٹلی کی فاشسٹ حکومتوں کی حمایت حاصل تھی جبکہ ریپبلکنز کو سوویت یونین اور بین الاقوامی رضاکاروں کی مدد حاصل تھی۔ یکم اپریل کو فرانکو نے اعلان کیا کہ جنگ ختم ہو چکی ہے۔اس فتح کے بعد سپین میں ایک طویل آمریت کا آغاز ہوا جو 1975ء میں فرانکو کی موت تک جاری رہی۔ بی بی سی کا اپریل فولیکم اپریل 1957ء کو برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے ایک مشہور اپریل فول مذاق کیا جسے تاریخ کے کامیاب ترین میڈیا ہوکس میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس پروگرام میں دکھایا گیا کہ سوئٹزرلینڈ میں سپیگٹی کے درخت اُگتے ہیں اور لوگ ان سے سپیگٹی توڑ رہے ہیں۔یہ رپورٹ بی بی سی کے پروگرام پینوراما میں نشر ہوئی جو عام طور پر سنجیدہ اور تحقیقی پروگرام سمجھا جاتا تھا۔ اس وجہ سے بہت سے ناظرین نے اس خبر کو سچ مان لیا۔ نشر ہونے کے بعد بی بی سی کو سینکڑوں فون کالز موصول ہوئیں جن میں لوگوں نے پوچھا کہ وہ سپیگٹی کا درخت کیسے اُگا سکتے ہیں۔یہ واقعہ میڈیا کی طاقت اور عوام کے اعتماد کی ایک دلچسپ مثال ہے۔ اس نے یہ بھی ظاہر کیا کہ کس طرح معلومات کی تصدیق کے بغیر لوگ کسی بھی خبر کو سچ مان سکتے ہیں۔ فارو جزائر کی خود مختاری یکم اپریل 1948ء کو ڈنمارک کے زیر انتظام فارو جزائر کو خود مختار حیثیت دی گئی۔ یہ شمالی بحر اوقیانوس میں واقع ایک جزیرہ نما علاقہ ہے جہاں کے عوام نے طویل عرصے تک خود حکمرانی کے لیے جدوجہد کی۔دوسری جنگ عظیم کے بعد فارو کے عوام میں قومی شناخت کا شعور مزید مضبوط ہوا۔ 1946ء میں ایک ریفرنڈم بھی ہوا جس میں معمولی اکثریت نے آزادی کے حق میں ووٹ دیا تاہم ڈنمارک نے مکمل آزادی دینے کے بجائے ایک سمجھوتہ کیا۔ اس کے نتیجے میں 1948ء کا ہوم رول ایکٹ نافذ کیا گیا جو یکم اپریل سے مؤثر ہوا۔اس قانون کے تحت فارو جزائر کو داخلی معاملات پر مکمل اختیار دیا گیا جبکہ خارجہ امور اور دفاع ڈنمارک کے پاس رہے۔

وادیِ سندھ کی تہذیب

وادیِ سندھ کی تہذیب

عالمگیر تمدن،سامی رابطہ اور الہامی روایت آثارِ قدیمہ کے ممتاز محقق رچرڈ ایچ میڈوز ( Richard H. Meadow) کے مطابق قدیم سندھی تہذیب محض ایک محدود جغرافیائی یا علاقائی تمدن نہیں بلکہ ایک طویل اور ہمہ گیر ثقافتی عہد کا نام ہے جس کی وسعت وادی سندھ اور ہاکڑا کے میدانوں سے نکل کر بلوچستان، چولستان، تھر، ساحلِ مکران، گجرات اور اس سے ملحقہ جزائر تک پھیلی ہوئی تھی۔ دیگر عالمی ماہرینِ آثارِ قدیمہ کے مطابق بھی اس تہذیب کے اثرات مغرب کی جانب فارس اور عراق سے ہوتے ہوئے ترکیہ کے آخری خطوں تک پہنچے، حتیٰ کہ جارجیا اور آرمینیا میں ملنے والے کھنڈرات میں بھی اس کے نقوش نمایاں ہیں۔مارک کینویر اور جم شیفر نے قدیم سندھی تہذیب کو چار بڑے ادوار میں تقسیم کیا ہے، جن میں پہلا دور حجری یا نو حجری (Neolithic) کہلاتا ہے جو تقریباً ساڑھے پانچ ہزار سال قبل مسیح تک جاتا ہے۔ اس اعتبار سے وادیِ سندھ کی تہذیب اب تک معلوم انسانی تاریخ کی قدیم ترین شہری تہذیب قرار پاتی ہے، جس پر ماہرینِ آثارِ قدیمہ اور تاریخ دانوں کا عمومی اتفاق موجود ہے۔ اس کے مقابلے میں مصر کی فراعینی تہذیب تین سے چار ہزار سال قبل مسیح کی ہے جبکہ یونان (ایتھنز اور سپارٹا)، جنوبی امریکہ کی انکا، مایا اور ازٹیک تہذیبیں، نیز میسوپوٹیمیا (سومر اور بابل) اور عیلامی تہذیبیں اپنی تمام تر عظمت کے باوجود قدامت میں وادیِ سندھ کا مقابلہ نہیں کر سکتیں۔سات شہری ریاستیں اور بادِ ایمن کا تصوروادیِ سندھ کی تہذیب میں سات عظیم شہری ریاستوں کا ذکر ملتا ہے جن کے لیے بعض مؤرخین نے بادِ ایمن (Bad Imin) کی اصطلاح استعمال کی ہے۔ ان ریاستوں میں موئن جو دڑو، چہنوں جو دڑو، نال، آمری، ہڑپہ، نصیرآباد اور مہرگڑھ شامل ہیں۔ آثار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان علاقوں میں زراعت اور تجارت اس قدر ترقی یافتہ تھیں کہ رزق کی فراوانی عام تھی اور غربت یا پسماندگی کے منظم آثار کہیں دکھائی نہیں دیتے۔ غالباً اسی معاشی خوشحالی، امن اور سماجی توازن کے باعث ان ریاستوں نے مشترکہ تہذیبی شناخت کے طور پر ''بادِ ایمن‘‘ کو قبول کیا۔ویدک، غیر ویدک اور عربی روایاتسندھی تہذیب کو محض ویدک رشیوں کی پیداوار کہنا درست نہیں بلکہ یہ ویدی اور غیر ویدی عناصر کا ایک پیچیدہ اور بامعنی امتزاج ہے۔ مہا بھارت کے واقعات بالخصوص کوروؤں کی حمایت کرنے والے قبائل کے نام اگر عربی لسانی و تاریخی تناظر میں دیکھے جائیں تو قدیم تاریخ کے کئی پوشیدہ پہلو روشن ہوتے ہیں۔مثلاً شیمی قبیلہ جس کا ذکر شورکوٹ (ضلع جھنگ) کے قریب ملنے والی قدیم تحریروں میں شیمی پورہ کے نام سے ملتا ہے، عربی اور سبائی روایات سے گہرا تعلق رکھتا ہے۔ عربوں میں دادا کا نام پوتے کو دینا عام روایت تھی جس سے ہندی اوس اور عربی اوس (فرزندانِ سبا) کے مابین نسلی ربط واضح ہوتا ہے۔ اسی طرح مہا بھارت کے شکست خوردہ فریق کے سردار راجہ کرن کا عربی متبادل ملکِ قرن بنتا ہے جو عربی تاریخی روایات میں بھی ملتا ہے۔سید سلیمان ندوی نے سوامی دیانند سرسوتی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ مہا بھارت کے زمانے تک ہندوستان میں عربی زبان نہ صرف سمجھی جاتی تھی بلکہ بولی بھی جاتی تھی جو برصغیر اور عرب کے مابین قدیم لسانی ربط کا واضح ثبوت ہے۔جغرافیائی ناموں کی تاریخی گردشہند اور سند محض نسلی نہیں بلکہ جغرافیائی اصطلاحات ہیں جو مختلف ادوار میں بدلتی رہی ہیں۔ چوتھی صدی عیسوی تک جنوبی عرب کے بعض حصے ارضِ ہند کہلاتے تھے جبکہ ابلہ اور بصرہ جیسے مقامات بھی اسی نام سے معروف رہے۔ اوستائی دور میں ایران کا جنوبی حصہ بومِ ہندواں کہلاتا تھا اور عیلام کے بادشاہ کدراَدا کورماکو کو کدرتانِ ہندی کہا جاتا تھا۔ یہ تمام شواہد ہند، سندھ اور عرب کے باہمی تاریخی ربط کو تقویت دیتے ہیں۔سندھی مہریں، رسم الخط اور مغربی تعصبسر جان مارشل نے 1925ء میں سندھی مہروں کا مطالعہ کر کے یہ ثابت کیا کہ ان کا تعلق عراق کے اکدی دور تک جاتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان مہروں کو بائیں سے دائیں نہیں بلکہ دائیں طرف سے پڑھا جانا چاہیے۔ اس کے باوجود بعد کے اکثر مغربی محققین نے دانستہ طور پر ان نوشتوں کو سامی، عربی یا عبرانی تناظر میں پڑھنے سے گریز کیا تاکہ وادیِ سندھ کی تہذیب کو الہامی روایت سے جوڑنے سے بچا جا سکے۔مولانا ابوالجلال ندوی اور ڈاکٹر خالد حسن قادری کا دوٹوک مؤقف ہے کہ قدیم سندھی نوشتے عربی کی ابتدائی صورت ہیں۔ مولانا ندوی کے مطابق چین کے سوا دنیا کی اکثر ابجدوںیونانی، لاطینی، عبرانی، عربی، اردو اور دیوناگری کا سلسلۂ نسب ہڑپہ کے نوشتوں سے جا ملتا ہے۔ اہرامِ مصر، موئن جو دڑو اور ہڑپہ جیسے آثار محض اتفاق یا حادثے کا نتیجہ نہیں بلکہ اس علم کی یادگار ہیں جو نسلِ انسانی کو منتقل ہوا۔ مغرب آج بھی ان تہذیبوں کے کئی اسرار حل کرنے سے قاصر ہے جو اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ قدیم دنیا محض ابتدا نہیں بلکہ گہری روحانی اور علمی بنیادوں پر قائم تھی۔

بچوں کو سمارٹ فون دینے کی صحیح عمر

بچوں کو سمارٹ فون دینے کی صحیح عمر

صحت اور نفسیات کا اہم سوالڈیجیٹل دور میں سمارٹ فون ہماری زندگی کا لازمی حصہ بن چکا ہے لیکن ایک اہم سوال تیزی سے زیرِ بحث آ رہا ہے کہ بچوں کو سمارٹ فون کس عمر میں دیا جائے؟ حالیہ سائنسی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کم عمری میں سمارٹ فون کا استعمال بچوں کی جسمانی اور ذہنی صحت پر منفی اثرات ڈال سکتا ہے۔یہ مسئلہ صرف مغربی ممالک تک محدود نہیں بلکہ پاکستان جیسے معاشروں میں بھی تیزی سے اہم ہوتا جا رہا ہے جہاں بچوں کے ہاتھوں میں موبائل فون عام ہوتے جا رہے ہیں۔ایک جامع تحقیق، جس میں 10 ہزار سے زائد بچوں کا ڈیٹا شامل تھا، یہ ظاہر کرتی ہے کہ جن بچوں کے پاس 12 سال کی عمر تک سمارٹ فون تھا، ان میں کئی صحت کے مسائل زیادہ دیکھے گئے۔ تحقیق کے مطابق ایسے بچوں میں ڈپریشن کی شرح زیادہ تھی۔ تقریباً 5.7 فیصد سمارٹ فون رکھنے والے بچوں میں ڈپریشن پایا گیا جبکہ بغیر فون بچوں میں یہ شرح کم تھی۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ مسلسل سکرین ٹائم، سوشل میڈیا کا دباؤ اور آن لائن دنیا میں موازنہ کرنے کی عادت بچوں کی ذہنی صحت پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔سمارٹ فون رکھنے والے بچوں میں باڈی ماس انڈیکس (BMI)بھی زیادہ پایا گیا اور تقریباً 16 فیصد بچے موٹاپے کا شکار تھے جبکہ بغیر فون بچوں میں یہ شرح کم تھی۔ اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ بچے کھیل کود اور جسمانی سرگرمیوں کے بجائے سکرین پر وقت گزارتے ہیں۔تحقیق کے مطابق سمارٹ فون رکھنے والے بچے اوسطاً روزانہ تقریباً 17 منٹ کم سوتے ہیں۔ یہ معمولی فرق لگ سکتا ہے مگر مسلسل نیند کی کمی بچوں کی نشوونما، توجہ اور تعلیمی کارکردگی پر منفی اثر ڈالتی ہے۔تحقیق کا ایک اہم نکتہ یہ بھی ہے کہ جتنی کم عمر میں بچے کو سمارٹ فون دیا جائے اتنے ہی زیادہ صحت کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ یہ بھی دیکھا گیا کہ جو بچے 12 سال کی عمر کے بعد فون لیتے ہیں ان میں بھی نیند کی کمی اور ذہنی مسائل کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اگرچہ نسبتاً کم ہوتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ تمام ماہرین اس بات پر متفق نہیں کہ صرف سمارٹ فون ہی مسائل کی وجہ ہے۔ کچھ تحقیقات بتاتی ہیں کہ اصل مسئلہ یہ نہیں کہ بچے کو فون کب ملا بلکہ وہ اسے کیسے استعمال کرتا ہے۔ یعنی اگر استعمال متوازن ہو، والدین کی نگرانی ہو، اور سکرین ٹائم محدود ہو تو خطرات کم کیے جا سکتے ہیں۔پاکستانی معاشرے میں صورتحالپاکستان میں یہ مسئلہ کچھ مختلف انداز میں سامنے آتا ہے ، مثال کے طور پرشہری علاقوں میں بچوں کو کم عمری میں موبائل فون مل جاتا ہے۔آن لائن کلاسز اور یوٹیوب نے سمارٹ فون کو ''تعلیمی ضرورت‘‘بنا دیا ہے اوروالدین اکثر بچوں کو مصروف رکھنے کے لیے فون دے دیتے ہیں۔سوشل میڈیا (ٹک ٹاک، انسٹا گرام وغیرہ) کا بڑھتا ہوا رجحان بھی بچوں میں موبائل فون کے زیادہ استعمال کی بڑی وجہ ہے۔ یہ تمام عوامل بچوں کے سکرین ٹائم کو بڑھا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں وہ جسمانی سرگرمیوں، کتابوں اور سماجی میل جول سے دور ہو رہے ہیں۔والدین کیا کریں؟ماہرین کے مطابق سمارٹ فون دینا کوئی غلط فیصلہ نہیں، لیکن اسے سوچ سمجھ کر استعمال کرنا چاہیے۔ممکن ہو تو بچوں کو کم از کم 13 سال یا اس سے زیادہ عمر میں سمارٹ فون دیں۔روزانہ استعمال کا وقت مقرر کریں، خاص طور پر رات کے وقت۔بچوں کو سونے کے وقت فون سے دور رکھیں تاکہ نیند متاثر نہ ہو۔ کھیل کود، واک اور آؤٹ ڈور ایکٹیویٹیز کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں۔بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور انہیں ذمہ دارانہ استعمال سکھائیں۔حقیقی زندگی میں دوستوں اور خاندان کے ساتھ وقت گزارنا ذہنی صحت کے لیے ضروری ہے۔یہ بات سمجھنا بھی ضروری ہے کہ سمارٹ فون بذاتِ خود دشمن نہیں۔ یہ ایک طاقتور ٹول ہے جو تعلیم، معلومات اور رابطے کے لیے مفید ہے، لیکن اس کا غیر متوازن استعمال بچوں کی صحت کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔ماہرین کے مطابق سمارٹ فون کے ساتھ زندگی گزارنا سیکھنے کا ایک عمل ہے جس میں بچوں اور والدین دونوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ حالیہ تحقیق واضح طور پر یہ اشارہ دیتی ہے کہ بچوں کو کم عمری میں سمارٹ فون دینا ان کی ذہنی، جسمانی اور سماجی صحت کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔ پاکستان جیسے معاشرے میں جہاں ڈیجیٹل تبدیلی تیزی سے ہو رہی ہے، والدین کے لیے یہ اور بھی ضروری ہو جاتا ہے کہ وہ اس معاملے میں محتاط فیصلہ کریں۔اہم سوال یہ نہیں کہ بچے کو فون دینا ہے یا نہیں، بلکہ یہ ہے کہ کب، کیسے اور کس حد تک دینا ہے۔اور یہی فیصلہ بچوں کے مستقبل پر گہرا اثر ڈال سکتا ہے۔

آج کا دن

آج کا دن

ایفل ٹاور کا افتتاح 31 مارچ 1889ء کو فرانس کے دارالحکومت پیرس میں دنیا کے مشہور ترین تعمیراتی شاہکاروں میں سے ایک، ایفل ٹاور کا افتتاح کیا گیا۔ یہ ٹاور فرانسیسی انجینئر گوستاو ایفل کی نگرانی میں تعمیر کیا گیا تھا اور اسے فرانسیسی انقلاب کے 100 سال مکمل ہونے کی یاد میں منعقد ہونے والی عالمی نمائش کے لیے بنایا گیا تھا۔ایفل ٹاور کی تعمیر 1887ء میں شروع ہوئی اور دو سال، دو ماہ اور پانچ دن میں مکمل ہوئی۔ابتدائی طور پر پیرس کے کئی ادیبوں اور فنکاروں نے اس کی مخالفت کی اور اسے شہر کے حسن کے خلاف قرار دیا مگر وقت کے ساتھ یہ نہ صرف پیرس بلکہ پورے فرانس کی پہچان بن گیا۔ آئزک نیوٹن کا انتقال 31 مارچ 1727ء کو عظیم برطانوی سائنسدان سر آئزک نیوٹن کا لندن میں انتقال ہوا۔ نیوٹن کو جدید سائنس کی بنیاد رکھنے والوں میں شمار کیا جاتا ہے، خصوصاً طبیعیات اور ریاضی کے میدان میں ان کی خدمات بے مثال ہیں۔نیوٹن نے حرکت کے تین قوانین پیش کیے جنہوں نے کائنات کے طبعی نظام کو سمجھنے میں انقلاب برپا کیا۔ ان کی کتاب Philosophiæ Naturalis Principia Mathematicaکو سائنس کی تاریخ کی سب سے اہم کتابوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ان کی دریافتوں نے نہ صرف سائنسی تحقیق کو نئی سمت دی بلکہ صنعتی انقلاب اور جدید ٹیکنالوجی کی بنیاد بھی رکھی۔جارجیا ریفرنڈم31 مارچ 1991ء کو جارجیا میں ایک تاریخی ریفرنڈم منعقد ہوا جس میں عوام نے سوویت یونین سے آزادی کے حق میں ووٹ دیا۔اس ریفرنڈم میں تقریباً 99 فیصد ووٹروں نے آزادی کے حق میں ووٹ دیا جو اس بات کا واضح اظہار تھا کہ جارجیا کے عوام سوویت کنٹرول سے نکلنا چاہتے تھے۔ اس کے بعد 9 اپریل 1991ء کو جارجیا نے باضابطہ طور پر اپنی آزادی کا اعلان کر دیا۔یہ واقعہ نہ صرف جارجیا بلکہ دیگر سوویت ریاستوں کے لیے بھی حوصلہ افزا ثابت ہوا، جنہوں نے بعد میں آزادی کی تحریکیں تیز کر دیں۔یہ ریفرنڈم سرد جنگ کے خاتمے اور دنیا کے سیاسی نقشے میں بڑی تبدیلیوں کی علامت کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ٹیری شیاوو کا انتقال 31 مارچ 2005ء کو امریکہ میں ایک خاتون ٹیری شیاوو کا انتقال ہوا، جو ایک طویل قانونی اور اخلاقی تنازعے کا مرکز بنی رہی۔ وہ 1990ء میں دل کا دورہ پڑنے کے بعد مستقل کومے کی حالت میں چلی گئی تھی۔اس کے شوہر اور والدین کے درمیان اس بات پر شدید اختلاف پیدا ہوا کہ آیا اسے مصنوعی طور پر زندہ رکھا جائے یا نہیں۔ یہ معاملہ امریکی عدالتوں، سیاستدانوں، حتیٰ کہ امریکی کانگریس تک پہنچ گیا۔بالآخر عدالت نے فیصلہ دیا کہ اس کی خوراک کی نالی ہٹا دی جائے جس کے بعد 31 مارچ 2005ء کو اس کا انتقال ہو گیا۔ اس واقعے نے اور طبی اخلاقیات پر ایک بڑی بحث چھیڑ دی۔