برج قوس کا دل توڑنے والے لوگ
اسپیشل فیچر
کوئی کہتا ہے ، دل پاگل ہے، کوئی کہتاہے دل بچہ ہے جی!۔ کوئی اسے کھلونا جان کر توڑنے کی کوشش کرتا ہے ، پھر سمجھتا ہے کہ ''سوری‘‘ کی ایلفی سے جڑ جائے گا ، یہ جڑتا بھی کہاں ہے، سوری کی ایلفی تو اسے مزید چھلنی کرد یتی ہے اسی لئے سیانے کہتے ہیں، دل لگانا ہے تو ذرا سوچ سمجھ کر لگایئے جناب! کہیں زخمی نہ ہو جائے۔ کوئی دل توڑ چلتا نہ بنے ، پھر بشیر بدر کی طرح بے اختیار کہنا پڑ جائے،
اجالے اپنی یادوں کے ہمارے ساتھ رہنے دو
نہ جانے کس گلی میں زندگی کی شام ہو جائے
کوئی کہتا ہے ، دل اپنے پاس رہتا ہی کہاں ہے، دو بول میٹھے بولنے والا اسے لے اڑتا ہے۔ جگر مراد آبادی کا یہ شعر انہی لوگوں کی پہچان ہے،
ہم نے سینے سے لگایا، دل نہ اپنا بن سکا
مسکرا کر تم نے دیکھا ، دل تمہارا ہو گیا
کچھ لوگ کہتے ہیں، رشتے آسمانوں پر طے ہوتے ہیں، پھر کہتے ہیں طے تو آسما ن پر ہی ہوتے ہیں لیکن ٹوٹتے اسی زمین پر ہیں۔ بعض لوگوں کو کہتے سنا ہے ، ''ہمارے ستارے نہیں ملتے، آپس میں ان بن رہتی ہے ، کیوں نہ راستے الگ الگ کر لیں؟‘‘۔
ستاروں کا ملاپ کیا ہے، کیوں اور کیسے ہوتا ہے ؟ آج اسی پینڈورا باکس کو تھوڑا سا کھولتے ہیں، شائد کوئی بات سمجھ میں آجائے۔
تو سنیے جناب!انگریزوں نے 1906ء میں انڈیا میں قدم جمانے کے بعد ایک کتاب لکھی ،ٹائٹل تھا، ''کیا آپ خوش بختی کی علامت سمجھے جانے والے ستارے کے ساتھ پیدا ہوئے ہیں‘‘۔کتاب میں انہوں نے نظام شمسی کو سائنسی انداز میں سمجھنے کے بعد لکھا تھا، ''قدرت (اللہ تعالیٰ) کے بنائے گئے ستاروں کی کشش سے متاثرہونا انہونی بات نہیں ہے۔ جس طرح انسان اپنے ماحول سے متاثر ہوتا ہے اسی طرح ستاروں کی کشش بھی اس کی طبیعت پر اثر انداز ہو سکتی ہے ۔ یہ بے چینی اوربے یقینی اور باعث بن سکتی ہے۔بہت تحقیق کے بعد یہ کہا گہا ہے کہ نظام شمسی کے ستارے اپنے فاصلوں اور سائز کے اعتبار سے انسان کی طبیعت میں ''ٹھہرائو یا بھونچال ‘ ‘ پیدا کر سکتے ہیں۔یہی رویہ ایک دوسرے سے قربت یا دوری کا باعث بھی بن سکتا ہے۔اسی حوالے سے کہا جاتا ہے کہ جن لوگوں کے ستارے نہیں ملتے ،انہیں سوچ سمجھ کر ہی بولنا چاہئے ، منہ کو تالالگا کر رکھیں تو اچھا ہے، ورنہ بات پکڑی جاسکتی ہے،پھر کبھی کبھی تو وضاحتیں کرنے میں زندگی کی ڈور کٹ جاتی ہے۔
آج ہم دیکھتے ہیں کہ برج قوس کے حامل لوگوں کے دل کون کون سے لوگ توڑ سکتے ہیں اور کیوں ،انہیں کیا پریشانی ہے جو دل توڑنے جیسا برا کام کرتے ہیں۔
برج قوس کے حامل افراد عمومی طور پر آزادطبیعت رکھتے ہیں۔یہ انتھک محنت کرنے والے لوگ ہیں، کوئی ساتھ دے یا نہ دے ، تنہا مسافر کی طرح پوری زندگی اکیلے گزارنے کی ہمت رکھتے ہیں۔ایسے لوگوں کو تنگ کرنے سے فائدہ؟ انہیں اپنے اردگرد ایسے افراد کی ضرورت پڑتی ہے جو مستحکم مزاج اورٹھہرائو کے حامل ہوں۔ہر قدم پھونک پھونک کر رکھتے ہوں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تین ستاروں کے حامل افراد ان کا دل توڑ نے میں دوسروں سے آگے ہیں!ان تین برجوں میں سنبلہ، جدی اور ثور شامل ہیں۔ سپریچوئل گائیڈ ایسی برائون (Aycee Brown) کے بقول '' برج قوس کے حامل افراد 24گھنٹے خوب سے خوب تر کی تلاش میں رہتے ہیں۔( اسی لئے محبت کے جنجال میں دوسروں کی بہ نسبت کم ہی پھنستے ہیں) ، عام طور پر دوسروں پر اعتماد کم کرتے ہیں ، برابر کی حیثیت کے مرد یا عورت سے ہی تعلق قائم کرتے ہیں۔کوئی ان کے سامنے کوتاہیوں کی پٹاری کھول دے یہ انہیں برداشت نہیں، وہ غصے میں آپے سے باہر بھی ہوسکتے ہیں، لیکن تین برج ایسے ہیں جو کسی وقت کوئی بھی بات کہنے سے ڈرتے ہیں نہ کتراتے ہیں۔لہٰذابرج قوس کے حامل افراد کو ان برجوں سے دور رہنے کی تلقین کرتی ہوں‘‘۔
برج ثور: ایسی برائون کے مطابق ، ''ابتداء میں برج قوس کے حامل افراد کی برج ثور کے ساتھ بنتی ہے، دونوں ایک دوسرے کو سمجھنے لگتے ہیں۔ برج قوس کے حامل افراد کو بھی یوں لگتا ہے کہ یہ اچھا دوست ہے اور اسے راستہ دکھا سکتا ہے۔لیکن پھر ہو سکتا ہے کہ کسی مرحلے پر دونوں میں ان بن ہوجائے۔راستہ دکھانے کا عمل ہی برج قوس کیلئے چیلنج بن جائے۔اس کے بعد تعلق ختم!‘‘
برج سنبلہ: برج سنبلہ کے حامل افراد عمومی طور پر بہت منظم زندگی گزارنے کے عادی ہیں۔انہیں اپنے نظم و نسق میں رکاوٹ برداشت نہیں۔برج قوس اور برج سنبلہ کے حامل افراد میںکئی امور پر اتفاق پایاجاتا ہے، برج قوس کے حامل افراد برج سنبلہ کی زندگی میں فن پیدا کرتے ہیں، بدلے میں سنبلہ افراد برج قوس کی زندگی میں استحکام پیدا کرنے میں معاون بن سکتے ہیں۔ مت بھولئے، برج قوس والوں کا دل بچوں جیسا ہوتاہے،روٹھ جانے والا۔ ایک مدت تک برج قوس کے ساتھ بنتی ہے اور پھریہی تعلق ختم بھی ہو سکتا ہے ، سنبلہ افراد اپنا راستہ بدل سکتے ہیں۔ قوس فرد کا دل پھر ٹوٹ جاتا ہے۔
برج جدی:بقول ایسی برائون، '' قوس اورجدی افراد اعلیٰ کامیابیوں پر آپس میں فخر کرتے رہتے ہیں۔ ایک دوسرے کی تعریف و توصیف میں زمین و آسمان کے قلابے ملانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے۔ابتداء میں یہ بھی مشترکہ منصوبہ بندی کو فوقیت دیتے ہیں۔جدی افراد کی پوری کوشش کرتے ہیں کہ ان کے کام جلدی جلدی ہو جائیں۔برج قوس والے بھی ساتھ دیتے ہیں۔بعد میں سرد مہری اور فاصلے بڑھنے لگتے ہیں۔پھر قوس افراد کا دل یہ سوچ کر ٹوٹ جاتا ہے کہ ''اب جدی افراد کے دل میں ان کے لئے کوئی جگہ باقی نہیں رہی‘‘۔