دن کا اختتام
اسپیشل فیچر
دماغ انسانی جسم کا وہ عضو ہے جو ہمہ وقت کام کرتا رہتا ہے۔ چاہے آپ جاگ رہے ہوں یا سو رہے ہوں لیکن دن کے اختتام کا آخری ایک گھنٹہ انتہائی اہم ہوتا ہے۔ بظاہر دیکھنے میں اگر آپ سے پوچھا جائے کہ آپ نے اس آخری گھنٹے میں کیا کیا تو آپ باآسانی بتا سکتے ہیں لیکن درحقیقت یہ ایک گھنٹہ آپ کے خوابوں کی تعبیر کی کھڑکی ہے، جہاں سے گزر کر آپ اپنے خوابوں تک پہنچ سکتے ہیں۔
جب آپ سو رہے ہوتے ہیں تو آپ کا تحت الشعور اس ساری معلومات پر عمل کرنا شروع کر دیتا ہے جو سونے سے پہلے آپ اپنے دماغ کو پہنچاتے ہیں۔ سونے سے چند لمحے پہلے جو کچھ بھی آپ سوچتے ہیں، دیکھتے ہیں یا سنتے ہیں وہ آپ کے دماغ میں رہ جاتا ہے اور آپ کا تحت الشعور ساری رات اسی پر کام کرتا رہتا ہے۔
لوگوں کی اکثریت تفریح اور آرام کی غرض سے اپنے دن کے اختتام پر عموماً ٹیلی ویژن دیکھنا پسند کرتے ہیں۔ ٹیلی ویژن پروگرام جوپیغام دیتے دکھائی دیتے ہیں، ٹینشن بھرے ڈرامے، چالاکیاں، جھگڑے اور ہم سب ،خواہ کوئی بھی ہوں کسی نہ کسی حد تک ان سب چیزوں کا اثر قبول کرتے ہیں۔ ہم جو تشدد، ظلم، زیادتیاں، لڑائیاں وغیرہ سونے سے پہلے ٹی وی پر دیکھتے ہیں، ہمارا تحت الشعور اسی کے بارے میں سوچتا اور کام کرتا رہتا ہے اور پھر وہی تصاویر ساری رات ہمارے دماغ میں چلتی رہتی ہیں۔
سوال یہ ہے کہ کیا آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا تحت الشعور ان پریشان کن حالات و واقعات پر ساری رات کام کرتا رہے؟
سونے سے پہلے کا آدھا گھنٹہ وہ اہم وقت ہوتا ہے جب آپ اپنے ذہن کو مکمل کرنے کیلئے کام دیتے ہیں اور آپ کا تحت الشعور رات بھر اس میں ہی مصروف رہتا ہے۔ یہ ایک انتہائی بہترین موقع ہے جب آپ اپنے اہداف و مقاصد پر چند منٹ صرف کریں۔ اگلے روز کیلئے پلان کریں اور تصور کریں کہ آپ نے کیا کچھ کرنا ہے اور اس کو اپنے پاس کہیں لکھ لیں کیونکہ جب آپ اس کو لکھ لیں گے تو دوبارہ اس کو یاد کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ آخر میں صرف چند منٹ کچھ اچھی، متحرک اور عمدہ کتاب کا مطالعہ کریں۔
اگر آپ اپنے دن کا اختتام اس انداز سے کریں گے تو اگلی صبح آپ نئے آئیڈیاز اور ایک نئے جوش و ولولہ کے ساتھ شروع کریں گے کیونکہ آپ کا تحت الشعور اس وقت کام کرتا رہا جب آپ سو رہے تھے اور اب اس پر عملدرآمد کرنے کا وقت ہے۔
انسانی فطرت کسی بھی قسم کی تبدیلی کو بآسانی قبول نہیں کرتی کیونکہ وہ اپنے اسی لگے بندھے رویے کی عادی ہوتی ہے اور تبدیلی ذرا غیر آرام دہ واقع ہوتی ہے۔ لیکن اس طرح زندگی محدود ہو جاتی ہے اور زندگی سے لطف اندوز ہونے کے مواقع بہت کم رہ جاتے ہیں۔
اپنی زندگی کو کامیاب بنانے اور اس سے بھرپور لطف اندوز ہونے کیلئے آپ کو خود اس کی ترتیب دینا ہوگا، تب ہی آپ کچھ حاصل کر سکیں گے۔