مثبت سوچ!
اسپیشل فیچر
اکثر لوگ مثبت سوچ سے خائف نظر آتے ہیں کیونکہ وہ کئی بار ایسا کر چکے ہیں مگر اس سے انہیں کچھ حاصل نہیں ہوا ہوتا اور نہ ہی اس عمل سے وہ اپنی زندگی میں کوئی اچھے نتائج حاصل کرتے ہیں۔وہ تمام لوگ جو مثبت سوچ اور اس کے عمل کو نہیں جانتے، ان کیلئے یہ حقیقت جاننا بہت ضروری ہے کہ محض مثبت سوچ اپنانے سے آپ کی زندگی تبدیل نہیں ہو جائے گی۔حقیقت یہ ہے کہ کوئی طلسمی چھڑی یا جن آپ کے خواب پورے نہیں کرے گا کہ آپ اچھی مثبت سوچ کے مالک ہیں تو سب کچھ خود بخود آپ کے سامنے حاضر کر دیا جائے، لیکن اس کا یہ مطلب بھی ہرگز نہیں ہے کہ آپ اچھی سوچ سوچنے میں اپنا وقت ضائع کر رہے ہیں۔ دراصل مثبت سوچ کامیابی کے سفر کا پہلا قدم ہے یہ ایک مکمل عمل ہے جو آپ کی زندگی بدل سکتا ہے۔
مثبت سوچ صرف اس وقت اثر کرتی ہے جب آپ اپنے ہدف کی طرف قدم اٹھاتے ہیں اور وہ مثبت قدم، وہ مثبت عمل بتدریج آپ کی عادت بن جاتا ہے اور یہی مثبت عادات آپ کی زندگی میں وہ مثبت نتائج لے کر آتی ہیں جو آپ چاہتے ہیں یا جو آپ کی خواہشات ہیں۔
ایک بڑی غلط فہمی عموماً لوگوں میں مثبت سوچ کے بارے میں یہ بھی پائی جاتی ہے کہ مثبت سوچ کا براہ راست تعلق مثبت نتائج سے ہے اور جب کوئی بہتری دکھائی نہیں دیتی تو وہ مایوس ہو جاتے ہیں اور اپنی سوچ کا زاویہ بدل لیتے ہیں اور یہی ان لوگوں کی سب سے بڑی غلطی ہوتی ہے۔ایک بار جب آپ یہ سمجھ لیں گے کہ دراصل مثبت سوچ کامیابی کے سفر کا پہلا قدم ہے تو آپ اس سے صحیح فائدہ اٹھا سکیں گے اور یہی سوچ آپ کے درست راستے کا تعین کرے گی۔ آپ کو آپ کے ہدف کے قریب کرنے میں مدد گار ثابت ہوگی۔
مثبت لوگوں کا حلقۂ احباب
جو آپ بوتے ہیں وہی کاٹتے ہیں اور یہی زندگی کی حقیقت اور کائنات کا قانون ہے۔ زندگی آپ کو وہی لوٹاتی ہے جو آپ اس کو دیتے ہیں، چاہے الفاظ کی شکل میں یا اعمال کی صورت میں۔ زندگی دراصل ہمارے ہی اعمال کا عکس ہوتی ہے۔ اگر آپ دنیا میں زیادہ پیار دیکھنا چاہتے ہیں تو آپ کو اپنے دل میں پیار بڑھانا ہوگا۔ اگر آپ اپنے ماتحتوں کی اہلیت میں اضافہ چاہتے ہیں تو آپ کو اپنی صلاحیتوں اور اہلیت کو بڑھانا ہوگا۔ یہ تعلق زندگی کے تمام ادوار اور تمام پہلوئوں پر قابل عمل ہوتا ہے کہ زندگی آپ کو وہی لوٹاتی ہے جو آپ اس کو دیتے ہیں۔ایک مشہور کہاوت ہے'' جیسی کرنی ویسی بھرنی‘‘۔ بالکل اسی طرح یہ بات آپ کے ذہن اور دماغ پر بھی لاگو ہوتی ہے کہ آپ ویسے ہی ہو جاتے ہیں جیسی آپ کی سوچ ہوتی ہے۔ وہ سب کچھ (خواہ مثبت ہو یا منفی) جو آپ کے دماغ میں ہوتا ہے وہ آپ کے اعمال اور اطوار پر اثر انداز ہوتا ہے اور آپ وہی بن جاتے ہیں جو کچھ آپ سوچتے ہیں۔
شخصیت کے بننے میں جہاں بے شمار چیزوں کا عمل دخل ہوتا ہے وہاں ماحول اور آپ کے آس پاس رہنے والے لوگوں کا اہم کردار ہوتا ہے۔ جن لوگوں سے آپ وابستہ ہوتے ہیں، جن سے آپ خیالات کا تبادلہ کرتے ہیں، وہ سب افراد آپ کے خوابوں کے حصول میں بہت بڑا کردار ادا کرتے ہیں۔
کیا کبھی آپ نے اپنے ارد گرد انتہائی مثبت لوگوں کو دیکھا ہے جو خود بھی مثبت سوچ سے چارج ہوتے ہیں اور اپنے آس پاس کے لوگوں کو بھی اپنی مثبت قوت منتقل کرتے رہتے ہیں۔ لہٰذا ہمیشہ اپنے آس پاس ایسے لوگوں کا انتخاب کیجئے جو مثبت سوچ اور عمل کے مالک ہوں۔ جو پر اعتماد پر جوش شخصیت کے مالک ہوں اور اگر آپ کو اپنے ارد گرد ایسے لوگ نہیں ملتے تو آپ خود کو منفی لوگوں میں شامل کرنے کی بجائے مثبت کتابوں میں مصروف رکھیں۔ خود مثبت لوگ آپ کی جانب کھینچے چلے آئیں گے یا آپ خود ہی مثبت لوگوں کی پہچان بن کر ان کے قریب آ جائیں گے۔
ہو سکتا ہے آغاز میں آپ کو مسائل کا سامنا کرنا پڑے مگر یاد رکھیں کہ ہر شخص کو کسی نہ کسی مقام پر مشکلات کا سامنا ضرور کرنا پڑتا ہے۔ اب یہ آپ کے انتخاب پر ہے کہ آپ کس طرح ان مسائل پر ردعمل کا اظہار کرتے ہیں اور اپنی زندگی کا معیار بلند کرتے ہیں۔منفی لوگوں سے دور رہنے کیلئے ہمیں اپنی زندگی میں نظم و ضبط پیدا کرنا ہوگا۔ ممکن ہے کہ ہمیں اپنے ارد گرد لوگوں میں ایسے افراد کا انتخاب کرنا مشکل ہو جائے جن کے ساتھ ہمیں تعلقات رکھنے چاہئیں لیکن اس کا حل بہت آسان ہے۔صرف ان لوگوں سے تعلقات رکھیں جن کو آپ سند کرتے ہیں۔ نفسیاتی طور پر یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ ایسے لوگ جو ہر وقت شکایت کرتے نظر آتے ہیں اور منفی سوچ کے حامل ہوتے ہیں وہ دوسروں کی کامیابی کی راہ میں بھی رکاوٹ بن جاتے ہیں۔ لہٰذا آپ اپنا ماحول تبدیل کرکے صرف ان لوگوں کی بابت سوچیں جنہیں آپ پسند کرتے ہیں۔
ایسے لوگوں کی زندگی کی بابت پڑھیں اور یہ جاننے کی کوشش کریں کہ ان کی کامیاب زندگی کا کیا راز ہے کیونکہ آپ ان کی پیروی کرکے ہی کامیاب ہو سکیں گے۔ جب آپ اس مثبت سفر پر روانہ ہو جائیں گے تو آپ محسوس کریں گے کہ منفی لوگ خود بخود آپ سے دور ہوتے چلے جا رہے ہیں اور آپ کے ارد گرد صرف کامیاب لوگ موجود ہیں۔ آپ صرف ایسے ہی لوگوں کی جانب متوجہ رہیں۔ اس نقطہ نظر سے جب آپ ایک بار مثبت لوگوں سے وابستہ ہو جاتے ہیں تو آپ اپنا رخ سکون، طمانیت اور بھرپور زندگی کی طرف موڑ لیتے ہیں۔ آپ کا ہر مثبت قدم اور مثبت عمل آپ کو مطلوبہ ہدف کے قریب لے جاتا ہے اور آپ کی صلاحیتوں میں بے پناہ اضافہ ہو جاتا ہے۔اپنے خوابوں سے نظریں مت ہٹائیں۔ یہ صرف اور صرف آپ پر منحصر ہے۔ ہر روز آپ کا قدم کامیابی کی جانب ہوگا اور آپ اپنی محنت کا پھل کاٹیں گے۔ اس طرح آپ اپنا ہدف حاصل کر لیں گے۔