ہو ٹل برج العرب
اسپیشل فیچر
1053 فٹ کی اونچائی کے ساتھ دنیا کا بلند ترین دبئی کا ہوٹل ''برج العرب ‘‘ دنیا کے واحد سیون سٹارہوٹل کا اعزاز تھام کر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہے۔ یہ''سٹیٹ آف دا آرٹ‘‘ شاہکار غیر معمولی ریکارڈ اپنے نام کر کے سب سے زیادہ اعزاز حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی اپنے ماتھے پر سجانے میں کامیاب ہو چکا ہے۔
یہ ہوٹل دنیاکے حیرت انگیز ڈھانچے کی فہرست میں بھی شامل ہے۔ اس کا فن تعمیر،اس کی بلندی،اس کا ڈیزائن، اس کا منفرد مقام تعمیر جو بذات خود ایک خوبصورت مصنوعی جزیرے پر مشتمل ہے، غرضیکہ ہر چیز منفرد اور حیرت انگیز ہے۔ ذہن میں یہ خیال آتا ہے کہ اس ہوٹل میں آخر ایسا کیاہے جو دنیا کے بڑے سے بڑے ہوٹلوں کو پیچھے چھوڑ کر پرتعیش ہوٹلوں کی فہرست میں پہلی پوزیشن پرہے۔
ہوٹل برج العرب دنیا کے مہنگے ترین ہوٹلوں میں سے ایک ہے۔یہاں ایک رات کے قیام کا خرچہ ایک ہزارسے پندرہ ہزار ڈالر تک ہے۔اس کے '' رائل سوئیٹ‘‘کی ایک رات کا خرچہ 28 ہزار ڈالر ہے۔اس ہوٹل کی دیواریں اور فرش نایاب اور قیمتی ترین پتھر سے آراستہ ہیں۔اس کی ہر چیز یعنی کراکری، ٹی وی، باتھ روم فٹنگز،شیشے یا آرٹ کے فریم اوردیگر ڈیکوریشن کی اشیاء میں 24 قیراط سونا استعمال کیا گیا ہے۔
اس ہوٹل کے کمروں میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔ بیڈ سمیت کمرے کی بیشتر اشیاء کو ریموٹ کنٹرول کے تابع کر دیا گیا ہے۔ خفیہ ٹی وی سکرین ریموٹ کے ذریعے ایک سیکنڈ کے اندر حرکت میں آجاتی ہے۔کمرے کے دروازوں، کھڑکیوں اور پردوں کو بھی ریموٹ کے ذریعے ہی کنٹرول کیا جاتا ہے۔
برج العرب میں 200 لگژری سوئیٹس ہیں اور ہر سویٹ دو فلورز پر محیط ہے۔ ان میں سے کچھ سوئیٹس ایسے بھی ہیں جہاں سے سمندر اور جزیرے کا خوبصورت نظارہ کیا جا سکتا ہے۔ سب سے چھوٹا سوئیٹ بھی چارکمروں پر مشتمل ہے اور اس کا سائز 1820 مربع فٹ ہے۔ اس ہوٹل کی عمارت کا ڈیزائن عرب امارات کی ثقافت کی ترجمانی کرتا نظر آتا ہے۔اس میں استعمال ہونے والا پتھر برازیل اور اٹلی جبکہ اس کے فانوس امریکہ اور لکڑی کا کام دنیا کے کونے کونے سے لائی گئی قیمتی اور نایاب لکڑی سے کیا گیا ہے۔
مارچ 2004ء میں دنیائے گالف کے عظیم کھلاڑی ٹائیگر ووڈز نے ہوٹل کے ہیلی پیڈ سے چند گیندیں ہٹ کیں جو خلیج فارس میں جا کرگری تھیں۔ ایسے ہی فروری 2005ء میں معروف ٹینس پلئیر روجر فیڈرز اور آندرے اگاسی نے 211میٹر بلند ہیلی پیڈ پر ایک نمائشی میچ کھیلاتھا۔
مہمانوں کیلئے ہوٹل تک رسائی کے دو طریقے ہیں۔اگر ائیر پورٹ سے ہوٹل براستہ سڑک آنا چاہتے ہیں تو ہوٹل کی درجنوں رولز رائس گاڑیاں ہمہ وقت ائیر پورٹ پر موجود ہوتی ہیں۔ یہ ہوٹل ایک مصنوعی جزیرے پر واقع ہے اس لئے اس تک رسائی ایک پرائیویٹ پل کے ذریعے ہی ہو سکتی ہے جو صرف ہوٹل کے مہمانوں اور عملے کے افراد کیلئے مخصوص ہے۔ اگر آپ کے پاس ذاتی ہیلی کاپٹرہے تو ہوٹل کی چھت پر موجود ہیلی پیڈ پر آپ اتر سکتے ہیں۔
اس ہوٹل کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ 590 فٹ کی بلندی کے ساتھ یہاں دنیا کی بلند ترین ''ایٹریم لابی‘‘ موجود ہے۔جہاں یہ ہوٹل غیر معمولی ریکارڈز کی وجہ سے اپنا ثانی نہیں رکھتا وہیں چند ماہ پہلے اس ہوٹل کے بلند و بالا ہیلی پیڈ پر جہاز کی لینڈنگ سے ایک نیا تاریخی ریکارڈ بھی قائم کیا گیا ہے۔جس کی وائرل وڈیو دنیا کے کونے کونے میں دیکھی گئی ۔
یہ ہوٹل خوبصورت اور منفرد ریسٹورنٹس کی شہرت بھی رکھتا ہے۔اس میں قائم ''المنثا ریسٹورنٹ‘‘ خلیج فارس سے 200 میٹر کی بلندی پر واقع ہے جہاں سے پورے دبئی کا خوبصورت نظارہ کیا جا سکتا ہے۔اسی کے ساتھ ساتھ اس ہوٹل میں قائم ایک اور منفرد ریسٹورنٹ '' المہار‘‘ جو سمندر کے اندر واقع ہے دیکھنے والوں کو پہلی نظر میں مسحور کر دیتا ہے۔ٹھاٹھیں مارتے سمندر کے اندر خوش رنگ مچھلیوں کے بیچوں بیچ بیٹھ کر کھانا کھانا کس قدر مسحور کن ہوتا ہے،یہ صرف وہی لوگ جانتے ہیں جو ان سحرانگیز لمحات سے گزر چکے ہیں۔
اس ہوٹل کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ آپ دن کے کسی بھی پہر اس وسیع و عریض شاہکار سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ رات کے پہر اس کی جگمگاتی روشنیاں دیکھنے والوں کو اپنے سحرمیں جکڑ لیتی ہیں بلکہ یہ ہوٹل 1999ء سے دبئی میں لائٹ ہاؤس کا کردار بھی ادا کر رہا ہے
ہوٹل برج العرب دبئی کے مرکز سے 15 کلومیٹر کے فاصلے پر سمندر کے اندر ایک مصنوعی جزیرے پر واقع ہے۔اس ہوٹل کو ڈبلیو ایس ایٹکنزپی ایل سی نامی کمپنی کے معروف ماہر تعمیرات ٹائم رائٹ نے ڈیزائن کیا تھا۔اس کی عمارت کا نقشہ 1993ء میں تکمیل کو پہنچا جبکہ اس کی تعمیر کا آغاز 1994ء میں ہو چکا تھا۔ یکم دسمبر 1999ء کو پہلی بار اس ہوٹل میں مہمانوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا۔
برج العرب کی ڈیزائننگ دور سے دیکھنے میں ساحل کے کنارے کھڑی ایک عظیم بادبانی کشتی سے مشابہت رکھتی ہے۔جہاں تک اس ہوٹل کی اندرونی تزئین و آرائش کا تعلق ہے وہ کے سی اے انٹرنیشنل کمپنی کے پرنسپل ڈیزائنر کھوان چیو نے سرانجام دئیے ہیں۔کھوان چیو کے متعلق بہت کم لوگ جانتے ہوں گے کہ کھوان چیو بین الاقوامی طور پر دبئی کا انٹرنیشنل ائیر پورٹ، سلطان آف برونائی کا محل، جمیرہ بیچ ریزورٹ ڈویلپمنٹ، مدینہ ریزورٹ اور متعدد دیگر منصوبوں کی تزئین و آرائش میں اپنی فنی مہارت کا لوہا منوا چکے ہیں۔